اس نے اپنی زندگی کو کبھی اتنا سنجیدہ نہیں لیا تھا صرف ہنسی مذاق میں اڑایا تھا مگر آج اسے زندگی نے اس دوہرائے پر لاکھڑا کیا تھا جہاں وہ اپنے لیے سنجیدہ اور فکرمند ہوگئی تھی۔۔۔ تھوڑی دیر پہلے اس کے بابا کے دوست اس کے سامنے اپنے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ کر گئے تھے۔۔۔ جو خبر انہوں نے اسے سنائی تھی ایک پل کے لیے وہ سناٹے میں آچکی تھی مگر یہ نازک وقت سوچنے سمجھنے یا غم منانے کا نہیں تھا اُسے جلد سے جلد اپنے لیے کوئی فیصلہ لینا تھا اگر ایسا نہ کرتی تو وہ زندگی بھر پچھتاتی رہتی۔۔۔ ایک فیصلہ کرتی وہ اپنا بھاری کام والا لہنگا دونوں ہاتھوں سے اُٹھاتی کمرے سے باہر نکلی جہاں بہت سارے لوگوں کے سامنے اُسے ایک اعلان کرنا تھا
"یہ کیا مذاق کیا ہے تم نے، یہ تماشہ دکھانے کے لیے تم نے پورے جہاں کو اکھٹا کیا تھا۔۔۔ اپنے مرے ہوئے دوست کی دوستی کا پاس نہیں رکھ سکے تم، اب تم اُس کی بیٹی کے لیے کسی طرح کے فیصلے کا حق نہیں رکھتے۔۔۔ میں اپنی بھتیجی کو اب اپنے ساتھ لے کر جاؤں گا"
غرور سے بولتا ہوا وہ 47 سالہ آدمی اندر ہی اندر اِس صورت الحال کو دیکھ کر مطمئن تھا اب اسے موقع ملا تھا کہ وہ اپنی چال چلتا
"میرے لیے آپ یا پھر کوئی دوسرا فرد فیصلہ کرنے کا حق نہیں رکھتا میں بالغ ہوں اپنے لیے خود بہتر فیصلہ کرسکتی ہوں۔۔۔ مجھے آپ کے ساتھ کہیں نہیں جانا، آج میری شادی کا دن تعین تھا میری شادی آج ہی کے دن ہوگی"
وہ کمرے سے باہر نکل کر تمام لوگوں کے سامنے آتی بولی، وہاں موجود تمام افراد دلہن بنی اُس لڑکی کو یوں سب کے سامنے آتا دیکھ کر اور اتنی بڑی بات کرتا دیکھ کر دم بخود رہ گئے
"کس سے کروں گی شادی یہاں تمہیں اپنا دولہا دکھ رہا ہے کہیں"
کمال کے گہرے طنز میں پوچھے گئے سوال پر وہ بناء ڈرے ہاتھ کا اشارہ "اُس" کی جانب کرتی بولی
"وہ سامنے کھڑا ہے میرا دولہا، اِن کی دلہن بنوں گی میں آج۔۔۔ اب ان سے شادی ہوگی میری"
بناء ڈرے اتنی بڑی بات یوں اچانک بولنے پر جہاں سب ہکابکا رہ گئے تھے وہی "وہ" غصے میں آگ بگولہ ہوا اپنی طرف اُس لڑکی کا اشارہ دیکھ کر دلہن بنی اُس لڑکی کا دماغ ٹھکانے لگانے کے لیے آگے بڑھنے لگا مگر اس سے پہلے ذولفقار نے "اُس" کا ہاتھ سختی سے پکڑلیا
"ارے میں تو تم سے پہلے ہی بولتا تھا تمہاری بھتیجی کا چکر اُس لڑکے کے ساتھ نہیں بلکہ اُس کے چچا کے ساتھ ہے۔۔۔ میں نے خود اِن دونوں کو رات میں اکیلے نہر کے پاس دیکھا تھا"
چودھری اسلم بھرے مجمعے میں حیرت میں ڈوبے کمال سے بولا جس کی چال ناکام ہوتی نظر آرہی تھی
"بکواس بند کرو اپنی خبردار جو اِس معصوم بچی پر اتنا گھٹیا اور سنگین الزام لگانے کی کسی نے ہمت کی تم میں سے کسی نے۔۔۔ بالکل ٹھیک فیصلہ لیا ہے بیٹا تم نے آج ہی کے دن تمہاری شادی ہوگئی اور اِسی سے ہوگی"
"وہ" گہرے صدمے میں اپنے بھائی کو دیکھتا رہ گیا
"لیکن بھائی صاحب میں کیسے اِس سے شادی۔۔۔۔
"اُس" نے کہنے کے لئے ضبط سے بھینچے ہوئے لب کھولے ہی تھے مگر اپنے بھائی کی نظروں میں التجا دیکھ کر وہ خاموش ہوگیا اور زہر خواندہ نظریں اُس نے دلہن بنی لڑکی پر گاڑھی جو اس کی نظروں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنا سر جھکا گئی تھی
*****
گاڑی میں ان دونوں کے بیٹھے ہونے کے باوجود گہری خاموشی چھائی ہوئی تھی یہ دونوں نفوس ایک دوسرے سے بالکل انجان بنے اپنی منزل پر رواں تھے۔۔۔ منزل بھی وہ جو دونوں کی ایک ہوچکی تھی کیونکہ تھوڑی دیر پہلے ہی ان دونوں کے درمیان مضبوط اور گہرا رشتہ جڑ چکا تھا دلوں میں ایک دوسرے کے لئے رضامندی نہ ہونے کے باوجود وہ دونوں ہی اِس رشتے کو اپنا چکے تھے۔۔۔ تبھی گاڑی میں موبائل ٹون زوروشور سے بچنے لگی ڈرائیونگ کرتے اُس مرد نے اپنی پاکٹ سے موبائل نکال کر غصے میں اسکرین کو دیکھا اور کال ریسیو کرلی
"ذرا صبر نہیں ہے تمہیں، بولا ہے ناں خود کال کرو گا۔۔۔ تمہاری عقل میں نہیں آرہی میری بات کہ بار بار مجھے کال کرکے ڈسٹرب مت کرو۔۔۔۔ ایک تو ویسی ہی زندگی عذاب میں مبتلا ہوچکی ہے اوپر سے تم۔۔۔۔
غصے میں موبائل پر بولتا ہوا اُسے یہ معلوم نہ تھا اُس کے برابر میں بیٹھا موجود اُس کی بات پر تڑپ گیا تھا۔۔۔ موبائل کو ڈیش بورڈ پر رکھتے اُس نے نگاہِ غلط بھی اپنے برابر میں بیٹھی اس لڑکی پر ڈالنا گوارا نہیں کی تھی جو ضبط کیے اپنے اوپر کیے جانے والے تبصرہ کو کسی کڑوی گولی کی طرح نِگل چکی تھی
کیا زندگی صرف اِس مرد کی عذاب میں مبتلا ہوچکی تھی۔۔۔ اور جو کچھ آج اس کے ساتھ ہوا تھا وہ کچھ نہیں۔۔۔۔ خود اُس نے نکاح نامے پر کس دل سے سائن کیے تھے یہ وہی جانتی تھی ہاں وہ الگ بات تھی خود کو بچانے کے لیے اس نے اِس مرد کے نام کا سہارا لیا تھا
ڈرائیونگ کرتا یہ مرد یقینا آج اُس کی بےباک طبیعت پر اندر تک جھلس کر راکھ ہوگیا ہوگا وہ تو ہمیشہ سے ہی اُس سے خائف رہتا تھا۔۔۔ آج بھرے مجموعے میں جب اُس نے اتنے سارے لوگوں کے سامنے شادی کے لیے اُس مرد کا نام لیا تو لڑکی کے منہ سے ایسی فرمائش سن کر جہاں لوگوں میں کھلبلی مچ اٹھی تھی وہی وہ بھی اس کی حرکت پر غصے میں بھڑک اٹھا تھا
گاڑی اپنی منزل پر آکر رک چکی تھی اِس سے پہلے کہ وہ اُس کی طرف دیکھتی یا کچھ کہتی وہ ڈیش بورڈ پر اپنا موبائل اٹھائے اُس کو نظر انداز کیے گاڑی سے اتر کر گھر کے اندر جا چکا تھا احساسِ توہین سے اُس کی آنکھیں بھر آئی تھیں مگر اپنے آنسوؤں کو آنکھوں سے باہر نکالے بغیر وہ خود بھی گاڑی سے نیچے اتر آئی یہی سوچ کر کہ ابھی تو شروعات تھی اُس کی نئی شادی شدہ زندگی کی
*****
"حسن کے بچے بھاگ کہاں رہے ہو اپنی جان بچا کر رکو ذرا ابھی بتاتی ہوں تمہیں میں"
ہال میں وہ اپنے آگے بھاگتے ہوئے حسن کے پیچھے بھاگتی ہوئی چیخ کر بولی جو تھوڑی دیر پہلے اوپر برابر والی چھت پر نئے پڑوسیوں کی لڑکی سے بلاوجہ فری ہورہا تھا
"ابھی کہاں سے آگئے میرے بچے ابھی تو خود میرے کھیلنے کودنے کے دن ہیں۔۔۔ یار کتنا تیز بھاگ رہی ہوں تھوڑا ہلکا تو بھاگو"
حسن صوفے کے گرد چکر لگاتا ہوا ایک بار پھر اُس کو ڈاج دے کر چھیڑتا ہوا بولا۔۔۔ وہ حسن کو پکڑنے میں ایک بار پھر ناکام ہوئی تھی
"آنے دو آج ذلفقار انکل زمینوں پر سے، نہ میں ان کو تمہارے اِن ٹھرکی کھیلوں کے بارے میں بتایا تو نام بدل دینا میرا۔۔۔ انہیں تمہارے سارے کرتوتوں کا بتاؤں گی کیسے تم اُس آنٹی پر لائن مار کر چھت پر کھڑے اُس سے اشارے بازی کررہے تھے"
تھک ہار کر وہ صوفے پر بیٹھی ہوئی پھولی ہوئی سانسوں کے درمیان حسن کو دھمکاتی ہوئی بولی۔۔۔ تو حسن بھی اُس سے چند قدم دور ڈھیلے ڈھالے انداز میں صوفے پر بیٹھ گیا
"خدا کا خوف کرو یار اس بلکی حسینہ کو تم نے آنٹی سے تشبیہ دے دی، ذرا سا اُس بیچاری سے ہنس کر بات کیا کرلی تم تو ایسے ناراض ہو رہی ہو جیسے ابھی سے میری بیوی ہو۔۔۔ ویسے کیا تم مستقبل میں بھی بیوی بننے کے بعد یونہی شکی مزاج ثابت ہوگی"
حسن اس کے خفا خفا سے روپ پر پیار بھری نظر ڈالتا ہوا اس سے پوچھنے لگا۔۔۔ حسن کی بات پر لفظ "بیوی" پر اُس کے گال شرم سے سرخ پڑنے لگے، پل بھر کے لئے وہ کچھ بول نہیں پائی پھر اپنی جھینپ مٹاتی ایک دم بولی
"اگر تمہاری یہی چھچھوری حرکتیں رہی تو میں شادی کے بعد تمہارا سر پھاڑ دوں گی حسن"
اُس کی دھمکی پر حسن ذوردار قہقہہ مار کر ہنسا
"تمہارا یہی روپ دیکھنے کی خاطر تو میں چھچھوری حرکتوں پر اتر آتا ہوں ابھی سے اپنا دماغ کلر کرلو شینہ کو میں نے نہیں بلکہ اس نے مجھے مخاطب کیا تھا وہ چھت پر آکر مجھ سے تمہارا ہی پوچھ رہی تھی اور میں وہاں کھڑا اسے اشارے نہیں کررہا تھا بلکہ یہ بتارہا تھا کہ کچھ ماہ بعد میری اور تمہاری شادی ہونے والی ہے"
حسن اب سیریس ہوکر اُسے ساری بات کلیئر بتانے لگا۔۔۔ شادی کے نام پر نہ چاہتے ہوئے بھی اُس کی پلکیں جھک گئی تھی
"ویسے میں سوچ رہا تھا بلاوجہ شینہ کو اپنی اور تمہاری شادی کے بارے میں بتایا۔۔ وہ صرف تھوڑی ہیلدی ہی تو ہے اور ہماری شادی بھی چند ماہ بعد ہونی ہے۔۔۔ چند ماہ تو اس سے افئیر چلا ہی سکتا ہوں"
شرارت رگ کے پھڑکتے ہی حسن اپنا کام دکھاتا ہوا صوفے سے اٹھ کر دوبارہ بھاگا
"افئیر چلانا ہے اُس موٹی سے، رکو تمہاری سیٹنگ تو میں ابھی خود کرواتی ہوں اس سے"
وہ دوبارہ حسن کی بات سن کر غصے میں آتی صوفے سے اٹھ کر حسن کی پیچھے بھاگنے لگی حسن تو ہنستا ہوا باہر بھاگ چکا تھا مگر ہال سے اندر آتے وجود سے وہ بری طرح ٹکرائی
"او سوری آپ۔۔۔ آپ کب آئے شہر سے وہ دراصل حسن مجھے تنگ کررہا تھا تبھی میں اس کے پیچھے۔۔۔۔
وہ سامنے کھڑے مرد کو صفائی دیتی ہوئی بولی جو خاصی ناگوار نظروں سے اُس کے ٹکرانے پر اُس کو گھور رہا تھا اِس لیے اُس کی بات مکمل ہونے سے پہلے ہی وہ ہاتھ کے اشارے سے اُسے مزید کچھ بولنے سے روک چکا تھا
"اکیس سال کی میچور لڑکی ہو تم۔۔ اور جو حرکتیں تم اِس عمر میں کرتی ہو وہ تم پر بالکل بھی سوٹ نہیں کرتی۔۔۔ اپنی عمر کے لحاظ سے بردباری نہ سہی مگر سنجیدگی کا لبادہ ضرور اوڑھ لینا چاہیے تمہیں اب۔۔۔ آئندہ میں تمہیں بیوقوفوں کی طرح بھاگتے ہوئے یا شور مچاتے ہوئے نہ دیکھو یہ نیچے گرا اپنا دوپٹہ اٹھاؤ اور جاؤ یہاں سے اپنے کمرے میں"
سامنے کھڑے اُس غصیلے مرد کی گرجدار آواز پر وہ سہمی ہوئی خاموشی سے سر جھکا کر تابعداری دکھاتی ہوئی واقعی فرش پر گرا اپنا دوپٹہ اٹھاتی اپنے کمرے میں چلی گئی
*****
گاڑی سے نیچے اتر کر آئستہ قدم اٹھاتی ہوئی ماضی کی یادوں کو سوچتی وہ گھر کے اندر داخل ہوئی لاؤنج میں قدم رکھ کر وہ صحیح راستے کا تعین کرنے لگی آیا اسے اِس وقت کہاں جانا چاہیے تھا ایسا نہیں تھا کہ وہ اِس گھر میں پہلی بار آئی تھی یا پھر اسے اُس کے بیڈروم کا معلوم نہیں تھا مگر اپنے اندر وہ اتنی ہمت کہاں سے لاتی جو اس کے بیڈروم میں چلی جاتی، وہ تو ہمیشہ سے اسے اپنے کمرے میں موجود دیکھ کر خار کھاتا تھا نہ جانے آج اس کے ساتھ کیا سلوک کرتا ہے
وہ ہمت کرتی اس کے بیڈ روم کا رخ کرنے لگی چند دنوں پہلے جب وہ اپنی شادی کی شاپنگ کرنے شہر میں موجود اس گھر میں آئی تھی تب وہ کس قدر خوش تھی اور اب۔۔۔
ڈور ناب پر حنائی ہاتھ رکھ کر اسے گھمایا تو بیڈروم کا دروازہ کھُلتا چلا گیا، سہمے ہوئے دل کو اطمینان دے کر وہ کمرے کے اندر داخل ہوگئی مگر وہ کمرے میں اِس وقت کہیں بھی موجود نہیں تھا
"کتنی بار سمجھایا ہے تمہیں کہ میرے کمرے میں یوں منہ اٹھا کر مت آ جایا کرو۔۔۔ عقل نام کی کوئی چیز تمہارے اندر موجود ہے یا نہیں"
چند دنوں پہلے اِسی کمرے میں اُس کے اچانک آنے پر وہ کس قدر برہم ہوا تھا۔۔۔ اپنی شرٹ پہن کر اِس کے بٹن بند کرتا ہوا وہ اُس کو جھاڑتا ہوا بولا تھا۔۔۔ تب اُسے اس چڑچڑے بابا پر ہنسی آئی تھی جو ایک مرد ہوکر اچھی باڈی کا مالک ہوتے ہوئے بھی لڑکیوں کی طرح شرمائے شرٹ پہن رہا تھا اور جب اُس نے اس چڑچڑے بابا سے اِس بات کا اظہار کیا کہ اسے اتنا شرمانے کی ضرورت نہیں تب وہ اس پر کتنا غصہ ہوا تھا
"آئندہ اگر تم نے میرے کمرے میں قدم رکھا تو حشر بگاڑ ہوگا تمہارا"
وہ اس کی دھمکی یاد کرکے کمرے میں چاروں طرف اس کو دیکھنے لگی جو اِس وقت اپنے کمرے میں کہیں موجود نہیں تھا تبھی اس کی نظر ٹیرس پر اٹھی وہ وہی تھا اور موبائل پر کسی سے غصے میں بات کررہا تھا شاید معائشہ سے۔۔۔
ناجانے معائشہ کو آج ہوئے حادثے کا علم ہوا تھا یا ابھی تک وہ بےچاری لاعلم تھی۔۔۔ ابھی وہ معائشہ کے بارے میں سوچ ہی رہی تھی تب وہ ٹیرس سے اپنے کمرے میں آیا شاید وہ اُس کو اپنے کمرے میں دیکھ چکا تھا
"کیوں آئی ہو تم میرے کمرے میں"
کڑے تیوروں سے گھورتا وہ اپنے سامنے کھڑی سجی سنوری دلہن کے روپ میں اُس لڑکی سے پوچھنے لگا جو اس وقت کسی اپسرا سے کم نہیں لگ رہی تھی مگر وہ سامنے کھڑی اس لڑکی کے اِس روپ میں ذرہ برابر دلچسپی نہیں رکھتا تھا
"تو آپ ہی بتادیں اب اور کہاں جاؤں"
وہ سامنے کھڑے اُس مغرور انسان سے پوچھنے لگی جو کبھی بھی اس کو خاطر میں نہیں لایا تھا بھلا وہ کیسے پیچھے ہٹ جاتا اب تو وہ اُس کا مالک بن بیٹھا تھا جی بھر کے اُس کی تذلیل کرسکتا تھا وہ بھی ٹھوک بجا کر
"میری بلا سے تم جہنم میں جاؤ مگر یہاں میری نظروں کے سامنے سے دور چلی جاؤ نہیں تو میں آج تمہارا سچ میں حشر بگاڑ ڈالوں گا"
وہ غصے میں اُسے شعلہ اُگلتی آنکھوں سے گھورنے کے ساتھ بولتا ہوا تیزی سے قدم بڑھاتا اس سے پاس آیا
"کیوں بگاڑیں گے آپ میرا حشر، میں پوچھتی ہوں میرا جرم کیا ہے برا تو آج خود میرے ساتھ ہوا ہے" بھرائی ہوئی آواز میں آنسو کو روکے وہ سامنے کھڑے سنگدل شخص سے پوچھنے لگی جس نے سختی سے اُس کے دونوں بازو اپنے مضبوط ہاتھوں میں جکڑ لیے، اس کی آنکھوں میں غضب دیکھ کر وہ تکلیف سے کراہ بھی نہیں سکی تھی
"تم مجھ سے اپنا جرم پوچھ رہی ہو۔۔۔ جو کچھ آج تمہارے ساتھ ہوا وہی سب تم ڈیزرو کرتی تھی، کیونکہ اپنے احمقانہ فیصلوں کی ذمہ دار تم خود ہو۔۔۔ خود کو گڑھے میں گرنے سے بچانے کے لیے تم نے شادی کے لیے میرا نام لیا۔۔۔ میں تمہیں ایک کم عقل اور نہ سمجھ لڑکی سمجھتا تھا مگر تم تو کافی زیادہ گھنی طبیعت کی نکلی، بہت برا ہوا ہے میرے ساتھ بھائی صاحب کی شکل دیکھتے ہوئے مجھے قربانی کا بکرا بن کر اپنا آپ پیش کرنا پڑا مگر میری ایک بات کان کھول کر سن لو۔۔۔ حالات نارمل ہوتے ہی میں تمہیں اِس رشتے سے ہمیشہ کے لئے آزاد کردو گا کیوکہ تمہاری جیسی بیوقوف، جذباتی اور موقع پرست لڑکی کو میں اپنی زندگی میں شامل کرکے اپنی زندگی برباد نہیں کرسکتا سنا تم نے"
وہ غصے سے بھرے لہجے میں بول کر جھٹکے سے اُس کے دونوں بازو چھوڑتا دور ہٹا۔۔۔ وہ ابھی بھی نم آنکھوں کے ساتھ اپنے سامنے کھڑے اُس مغرور انسان کو دیکھ رہی تھی
"اپنی روتی ہوئی شکل میرے سامنے سے غائب کرو اور جب تک تم میرے گھر میں موجود ہو کوشش کرو کہ مجھے اپنی شکل کم دکھاؤ اور اب تم میرے کمرے سے جاسکتی ہو"
وہ اپنے سامنے کھڑی اُس لڑکی پر ترس کھائے بغیر اُس کی بےعزتی کرتا ہوا بولا جو حالات آج پیدا ہوئے تھے آخرکار کسی پر تو اُسے اپنا غصہ نکالنا تھا۔۔۔ وہ جو توقع کررہا تھا اِس بےعزتی کے بعد وہ خاموشی سے اُس کے کمرے سے چلی جائے گی مگر یہ اُس کی بھول تھی
"سمجھتے کیا ہیں آخر آپ خود کو، کبھی خود پر غور کیا ہے آپ نے۔۔۔ آپ ایک بد دماغ چڑچڑے اور مغرور انسان ہیں آپ جیسے انسان سے کوئی نارمل لڑکی شادی کرکے خوش نہیں رہ سکتی مجھے کوئی شوق نہیں ہے آپ کے سامنے آنے کا یا آپ کو اپنی شکل دکھانے کا۔۔۔ یہ شادی اگر آپ نے مجبوری میں کی ہے تو میں نے بھی نکاح نامے پر سائن کرتے ہوئے لڈیاں نہیں ڈالی تھی۔۔۔ آپ خود بھی اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ میں نے سب کے سامنے شادی کے لیے آپ کا نام کیو لیا کیوکہ آپ سے شادی کرنا میری مجبوری تھی نہ کہ آپ کی محبت میں گرفتار ہوئی تھی میں۔۔۔ آپ کو ایسا کیوں لگ رہا ہے حالات نارمل ہونے کے بعد میں آپ کے ساتھ سمجھوتہ کرتی ہوئی اپنی ساری زندگی آپ کے ساتھ گزار دوں گی، کسی خبطی انسان کے ساتھ عمر گزارنے سے بہتر ہے بندہ خود کشی کرلے اور اگر مجھے مستقبل میں اپنے لیے کوئی اک آپشن چوز کرنا پڑا تو میں خوشی خوشی موت کو گلے لگاؤ گی"
وہ مصلحتا ہی اُس کی باتیں برداشت کرتی خود کو کچھ بھی کہنے سے روک رہی تھی مگر اتنا کچھ سننے کے بعد وہ خود کو روک نہیں پائی تھی اور پھٹ پڑی
"آؤٹ۔۔۔۔ آئی سیڈ گیٹ آؤٹ نکل جاؤ اِسی وقت میرے کمرے سے"
وہ لڑکی اُس کو شروع سے ہی بدتمیز لگتی تھی اب شادی کے بعد کیسے تمیز داری کا مظاہرہ کرتی۔۔۔ اِس سے پہلے وہ اُس لڑکی کی فضول قسم کی بکواس سن کر غصے میں آپے سے باہر ہوتا اسی لئے چیخ کر اُسے اپنے کمرے سے نکل جانے کا حکم دیتا ہوا بولا۔۔۔۔
وہ بھی رکی نہیں تھی بلکہ کمرے کا دروازہ زور سے بند کرتی ہوئی اُس کے کمرے سے باہر نکل گئی تھی
*****
"تمہارے چاچو تو مجھے کہیں سے بھی انسان نہیں لگتے بلکہ پورے کے پورے جن لگتے ہیں جب دیکھو سرخ آنکھیں لئے بس غصے میں گھورتے ہی رہتے ہیں۔۔۔ بات تو ایسے کرتے ہیں جیسے ابھی نوالہ بنا کر کچا چبا ڈالیں گے"
نتالیہ غصہ میں حسن کے کمرے میں آتی ہوئی اُس سے بولی وہ اپنے موبائل پر اپنے دوست سے محو گفتگو تھا نتالیہ کا خراب موڈ دیکھ کر وہ سلسلہ منقطع کرتا ہوا اُس کی طرف متوجہ ہوا
"اب کس وجہ سے ڈانٹ سن لیں تم نے چاچو سے"
حسن نتالیہ کا پھولا ہوا منہ دیکھ کر اس سے پوچھنے لگا آج دوپہر میں ہی حیدر کی شہر سے آمد ہوئی تھی بہت ممکن تھا نتالیہ دو دن بعد اُس سے اس کے چاچو کا شکوہ کررہی ہوتی مگر وہ رات کو حیدر کی شکایت لئے اس کے کمرے میں پہنچ گئی تھی
"مجھے ڈانٹنے کے لیے انہیں کوئی وجہ ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ہے بےوجہ ہی جب دیکھو میری شکل دیکھ کر مجھ پر چڑھ دوڑتے ہیں غلطی سے ذرا سا ٹکرا کیا گئی موصوف سے۔۔۔ سنجیدگی اور بردباری کے لیکچر دینے شروع ہوگئے بھلا بتاؤ خود میں تو کوئی سن پینسٹھ کی بڈھی روح گُھسی ہوئی ہے اور چاہتے ہیں کہ دوسرا بندہ بھی ان ہی کے جیسا ہوجائے"
نتالیہ جس کا رخ حسن کی طرف تھا وہ بنا یہ بات گمان میں لائے اُس سے بولی کہ کمرے کے دروازے پر کھڑا حیدر نتالیہ کے منہ سے اپنی ذات کے بارے میں تبصرہ خاموشی اور ضبط کیے سن رہا تھا
"یہ کیسی باتیں کررہی ہو نتالیہ یار چاچو کے بارے میں وہ مجھ سے عمر میں آٹھ سال چار ماہ اور پانچ دن بڑے ہیں ان میں کہاں سے کوئی بڈھی روح دکھ گئی تم کو۔۔۔ اور میرے سامنے چاچو کو یہ سب کیسے بول سکتی ہو تم جانتی نہیں ہو اپنے چاچو مجھے کتنے عزیز ہیں بالکل بابا کی طرح محبت کرتا ہوں میں ان سے"
کوئی اور وقت ہوتا تو وہ نتالیہ کو خوش کرنے کے لئے اُس کی ہاں میں ہاں ملا دیتا مگر حیدر کو اپنے کمرے کے دروازے پر کھڑا دیکھ کر وہ نتالیہ کو آنکھیں دکھاتا ہوا کچھ اشاروں کی زبان سمجھاکر اُسے چپ رہنے کا مشورہ دیتا ہوا بولا
اسلام علیکم
"ہاں ہاں بڑے عزیز ہے آج تک کسی لڑکی نے تو تمہارے سوتیلے چاچو کو اپنا عزیز رکھا نہیں۔۔۔۔ بندہ کی اچھی شکل و صورت کا کیا فائدہ جب اس کی شکل پر ہر وقت بارہ بجے ہو۔۔۔ یہ اشارہ کیا کررہے ہو منہ سے بولو مجھے تمہارے اشاروں کی زبان سمجھ میں نہیں آتی یہ زبان تم اس موٹی شینہ کو سمجھایا کرو"
نتالیہ حسن سے بولتی ہوئی جیسے ہی مڑی تو دروازے پر حیدر کو دیکھ کر اُس کی زبان تالو سے چپک گئی جبکہ حیدر اس چھٹانک بھر کی لڑکی کی چلتی ہوئی زبان پر اس کو بری طرح گھورنے لگا
"سس، سوری چاچو۔۔۔ آج میں کتنا زیادہ بول گئی ہے ناں۔۔۔مجھے خود بھی نہیں پتہ چلا، نہ حسن نے بتایا کہ دروازے پر آپ موجود ہیں اب بعد میں میں حسن کو اچھی طرح بتاؤ گی"
نتالیہ آخری جملہ بےحد آہستگی سے حسن کو آنکھیں دکھاتی دانت چباتی بولی۔۔۔ حسن اب اپنا منہ چھپائے بیٹھا تھا جبکہ حیدر ابھی بھی نتالیہ کو گھور رہا تھا
"آپ ایسے کیوں دیکھ رہے ہیں مجھے، حسن بتاؤ ناں چاچو کو وہ کتنے پیارے لگتے ہیں مجھے۔۔۔ میں نے تو ہمیشہ حسن سے آپ کی تعریف کی ہے بناؤ ناں حسن چاچو کو میں ان کی تعریفوں میں کیا کیا بولتی ہوں"
نتالیہ ایک بار پھر حیدر کی نگاہوں کی سختی سے گھبراتی ہوئی حسن کو گھور کر اس سے بولی۔۔۔ جبکہ حیدر چلتا ہوا نتالیہ کے پاس آیا
"تم سے کس نے کہا مجھے کسی لڑکی نے عزیز نہیں سمجھا میرا اپنا ایک اسٹینڈرڈ اپنا معیار ہے میں خود آج کل کی لڑکیوں کو خاطر میں نہیں لاتا، میرے نزدیک ایسی لڑکی کی حیثیت ذرہ برابر نہیں جو مقابل سے اپنی عزت خود کروانا نہیں جانتی ہو"
حیدر کی غصے بھری نظروں اور باتیں پر نتالیہ کا سر جھک گیا وہ ایک نظر حسن پر ڈال کر اس کے کمرے سے باہر نکل گیا
"تم بھی ناں یار جو منہ میں آتا ہے بولتی چلی جاتی ہو یہی رکو پہلے چاچو کو منا کر آ جاؤ"
حسن نتالیہ کی روہاسی صورت دیکھ کر اس سے بولتا ہوا اپنے کمرے سے باہر نکل گیا
"یار چاچو رکیں میری بات تو سنیں یار"
حسن حیدر کے پیچھے جاتا ہوا اس سے بولا