Chapter 36: قسط 36

"کب تک اس طرح بیٹھی رہو گی"

وہ دونوں تھوڑی دیر پہلے نوفل کے گھر سے آئے تھے نمیر اپنے مینیجر کو فون کرکے اسے اپنے آج آفس نہ آنے کا انفارم کر رہا تھا اور چند ضروری ہدایات بھی دے رہا تھا جب وہ کمرے میں واپس آیا تو عنایہ بیڈ پر اسی پوزیشن میں بیٹھی تھی نمیر اسکے پاس بیڈ آکر بیٹھتا ہوا بولا

"آپ کو ذرا بھی دکھ نہیں ہو رہا نہال بھائی کی حرکت پر"

عنایہ نمیر کو دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی

"دکھ تو بہت چھوٹا لفظ ہے اس کی نیچ اور گھٹیا حرکت پر خون کھول رہا ہے میرا۔۔ شرم آ رہی ہے اسے اپنا بھائی کہتے ہوئے"

نمیر نے تلخی سے کہتے ہوئے اپنا سر جھٹکا

"نمیر مجھے شانزے کی بہت فکر ہو رہی ہے وہ سب کچھ بہت غلط سمجھ بیٹھی ہے"

عنایہ نمیر کو دیکھتی ہوئی بولی

"یار اب نوفل ایسے ہی تو نہیں بیٹھے گا وہ معلوم تو لازمی کروائے گا شانزے کے بارے میں آخر کو وہ اس کی بیوی ہے"

نمیر عنایہ کو دیکھتا ہوا کہنے لگا

"نمیر میں جانتی ہوں وہ اس وقت کوئٹہ میں ہوگی اپنی خالہ کے پاس"

عنایہ بہت دھیمی آواز میں نمیر کو بتانے لگی جس پر نمیر نے اس کو گھور کر دیکھا

"یعنی تمہیں معلوم تھا شانزے کا"

نمیر نے ڈپٹتے ہوئے اس سے پوچھا تو وہ سرجھکا گئی

"یہ تھوڑی معلوم تھا وہ اپنے شوہر کو گولی مار کر وہاں سے گئی ہے،، وہ تو بس اس نے فون کرکے مجھے منع کیا کہ آپ کو اور نہال بھائی کو کوئٹہ والے گھر کے بارے میں کچھ نہ بتاؤ"

عنایہ سرجھکائے مجرموں کی طرح اس کی کال کا بھی بتانے لگی

"اور میرے کل رات پوچھنے پر تم نے مجھے کچھ بھی نہیں بتایا یہ اعتبار ہے تمہارا اپنے شوہر پر" نمیر اس کے جھکے ہوئے سر کو گھورتا ہوا بولا۔۔۔ وہ عنایہ سے ناراض ہوکر اٹھنے لگا تبھی عنایہ جلدی سے اس کے سینے سے لگی

"نمیر پلیز مجھ سے ناراض مت ہوئیے گا پھر مجھے کچھ بھی اچھا نہیں لگے گا"

وہ نمیر کی کمر پر اپنے ہاتھ باندھ کر نمیر اسکے سینے سے لگی کہنے لگی۔۔۔ نمیر کے ہو نٹوں پر مسکراہٹ آئی

"میں بھی یہی چاہتا ہوں تمہیں میرے علاوہ کچھ اچھا بھی نہیں لگے"

نمیر کا جملہ سن کر عنایہ نے نمیر کے سینے سے سر اٹھا کر اسے دیکھا تو نمیر نے اس کی پیشانی پر اپنے ہونٹ رکھے

"جلدی سے شانزے کی خالہ کا ایڈرس دو،، مجھے پکا یقین ہے اپنے دوست کا، بیوی کے ہاتھ سے گولی کھانے کے باوجود وہ ابھی بھی اسی کے لیے پریشان ہو رہا ہوگا۔۔۔ پکا زن مرید نکلا ہے وہ" نمیر ایک طرف نوفل کے لئے ریلیکس ہوا کہ شانزے کا پتہ معلوم ہوگیا تبھی عنایہ کو خود سے الگ کرتا ہوا بولا

"آپ نہیں ہے اپنے دوست کی طرح زن مرید"

عنایہ اپنی مسکراہٹ کنٹرول کر کے نمیر سے پوچھنے لگی۔۔۔ اسکی بات سن کر نمیر کے چہرے پر سنجیدگی آئی،، وہ گھورتا ہوا عنایہ کو دیکھنے لگا

"سمجھنا بھی نہیں مجھے ایسا"

نمیر نے چہرے کے تاثرات سنجیدہ رکھ کر پوری کوشش کی کہ عنایہ اس سے ڈر جائے

"آپ کتنی ہی بڑی بڑی آنکھیں کرکے مجھے گھوریں میں نہیں ڈرنے والی آپ سے"

عنایہ اب مسکرا کر اسے دیکھتی ہوئی بولی

"واقعی"

وہ اب بھی گھورتا ہوا پوچھ رہا تھا

"واقعی مجھے اب ڈر نہیں لگ رہا"

عنایہ مسکراتی ہوئی نمیر کو دیکھ کر کہنے لگی

"پھر تو اللہ ہی بچائے ہم دو معصوم شوہروں کو"

نمیر سنجیدگی سے اپنے اور نوفل کے لئے دعا کرنے لگا عنایہ دوبارہ مسکرا دی اور اسے دیکھ کر نمیر بھی مسکرا دیا

"آپ نے شانزے کے گھر کا پتہ پوچھا تھا مگر مجھے اس کی خالہ کا لینڈ لائن نمبر معلوم ہے ایڈرس نہیں"

عنایہ اب اصل بات پر آکر اپنی بیڈ سے اٹھتی ہوئی نمیر کو بتانے لگی

"ہاں تو نمبر دو مجھے، ایڈریس معلوم کرنا کون سا مشکل ہے تب میں شانزے کی خالہ کے گھر جاکر اسے سب حقیقت بتا دوں گا"

نمیر کی بات سن کر عنایہ نے مڑ کر اسے دیکھا

"آپ کوئٹہ جائیں گے"

عنایہ اپنا موبائل اٹھا کر نمیر کے پاس آئے اور اس سے پوچھنے لگی

"چندا اب تم یہ مت بولنا تمہیں بھی کوئٹہ جانا ہے ۔۔۔یہ مسئلہ سولو ہوجائے ہے پھر ہم دونوں ہنی مون کے لیے چلیں گے"

نمیر اس کے تاثرات دیکھ کر عنایہ کو بہلاتا ہوا بولا

"آف کورس میں چلو گی کوئٹہ نمیر اب کی بار آپ مجھے نہیں روک سکتے۔۔۔ مجھے اپنی دوست سے ملنا ہے وہاں جاکر"

عنایہ نے بولنے کے ساتھ فرمان کے گھر کا نمبر ملایا

"جی بوا میں ٹھیک ہوں آپ ٹھیک ہے اچھا میری بات سنیں۔۔۔ میرے روم میں الماری کی ڈراز میں ایک ریڈ کلر ڈائری ہے وہ مجھے ابھی فورا چاہیے آپ ڈرائیور کے ہاتھ بھجوادیں"

عنایہ نے بات مکمل کرکے کال کاٹی تو کمرے کی کھڑکی سے ان دونوں کو نہال کی گاڑی آتی دکھائی دی جسے دیکھ کر نمیر نے سر جھٹکا

"نمیر مجھے ایک بات کنفیوز کر رہی ہے نوفل بھائی نے یہ کیوں کہا کہ شانزے نے اپنی بہن کی موت کا بدلہ لیا جبکہ فرحین آپی تو زندہ ہیں"

عنایہ کی بات سن کر نمیر کو ایک بار پھر حیرت کا جھٹکا لگا کل سے اب تک اسے صرف شاک پر شاک ہی لگ رہے تھے

"کیا واقعی فرحین زندہ ہے۔۔۔ او گاڈ یونیورسٹی میں تو یہ بات مشہور تھی اس کی کلاس روم میں ایک لڑکی نے خودکشی کی تھی جبکہ ایک لڑکی کو مارا گیا تھا"

نمیر نفی میں سر ہلاتا ہوا خود سے کہنے لگا مگر اندر کہیں اسے تھوڑا اطمینان ہوا۔۔۔ اب اسے نوفل سے یہ سب باتیں جلد سے جلد شیئر کرنی تھی

"نمیر کیا سوچ رہے میری ایک بات تو سنیں"

عنایہ اسکو غائب دماغ دیکھ کر فورا بولی

"سنائیے اپنی ایک بات مجھے میری جان"

نمیر اسکو بانہوں میں لیتا ہوا بولا

"آپ نے مجھے بتایا ہی نہیں کہ منال آپی کے پاس آپکی جیکٹ کیسے آئی"

عنایہ کے دماغ میں بھی یہ بات بھی چپک کر رہ گئی تھی۔۔۔ عنایہ کی بات سن کر نمیر نے مسکرا کر اس کا چہرہ تھاما

"یہ ایک بہت امپورٹنٹ بات ہے اور میں چاہتا ہوں تم اب اسی بات کو چوبیس گھنٹے سوچو" نمیر پیار سے اس کے دونوں گال تھپتھپاتا ہوا بیڈروم سے باہر نکل گیا

"اہم ترین خبروں کے مطابق ملک انوار کرپشن کیس کا پردہ پاش کرنے والے ایس۔پی نوفل اب خطرے سے بالکل باہر ہیں۔۔۔ جی ہاں یہ وہی افسر ہیں جنہوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک انوار جیسے کرپٹ سیاستدان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا مگر افسوس جس دن انہوں نے سارے ثبوت میڈیا کو پیش کیے اسی دن ایس۔پی نوفل پر جان لیوا حملہ کرکے کسی نے ان کو مارنے کی کوشش کی مگر جو اطلاعات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق ایس۔پی نوفل اب خطرے سے باہر ہیں"

صبح کے چھ بجے کا وقت جب شانزے کی آنکھ کھلی بے دلی سے وہ ٹی وی کے سامنے بیٹھ گئی مگر نیوز چینل پر چلنے والی خبر کو دیکھ کر ایک پل کے لیے وہ سن ہوگئی۔۔۔ اس کے دل کو کچھ ہوا نوفل سلامت تھا اس بات کا سوچ کر ایک اطمینان کی لہر اس کے اندر دوڑی

گولی چلاتے ہوئے اس کے ہاتھ بھی کانپے، دل بھی لرزا مگر جب فرحین کا چہرہ اس کے سامنے آیا تو ٹریگر خود بخود اس کی انگلی سے دب گیا۔۔۔ وہ اب عجیب دوراہے پر کھڑی تھی ایک طرف بہن تو دوسری طرف شوہر جو اس کی بہن کا مجرم تھا

پوری دنیا میں ایک یہی شخص رہ گیا تھا مجھے جس سے محبت ہونی تھی۔۔۔ شانزے نے سوچتے ہوئے سر جھٹکا۔۔۔ ٹی وی بند کر کے وہ صوفے سے اٹھی مگر ڈور بیل کی آواز نے اس کے قدم روک لیے اتنی صبح آخر کون آ سکتا ہے شانزے سوچتی ہوئی شال اپنے گرد لپیٹ کر باہر دروازہ کھولنے گئی۔۔۔ دو دن کی بانسبت آج خاصی سردی تھی شانزے نے دروازہ کھولا تو اپنے سامنے عنایہ کو دیکھ کر وہ حیرت زدہ ہوگئی

"عنایہ تم یہاں اس وقت"

شانزے حیرت سے اسے اپنے سامنے کھڑا دیکھ کر بولی عنایہ نے آگے بڑھ کر اسے گلے لگایا۔۔۔ وہ عنایہ سے مل کر ابھی کشمکش میں تھی اس کی نظر دروازے پر کھڑے نوفل اور نمیر پر گئی اب وہ عنایہ سے الگ ہوکر اسے شکایتی نظروں سے دیکھنے لگی

"اپنی سہیلی سے بھی بدگمان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔ یہاں میں تمہارے ہر سوال کا جواب دینے ہی آیا ہوں"

شانزے کے عنایہ کو یوں دیکھنے پر نوفل شانزے کو دیکھتا ہوا بولا

"میرے پاس سب سوالوں کے جوابات موجود ہیں مجھے کسی سے بھی کوئی جواب طلب نہیں کرنا" شانزے نوفل کو دیکھتی ہوئی بولی اور کمرے میں جانے لگی

"سارے کے سارے جوابات تمہارے اپنے اخذ کیے ہوئے ہیں۔۔۔ حقیقت سے تم ابھی بھی لاعلم ہوں"

نوفل شانزے کا ہاتھ تھام کر بولا

"مجھے کچھ بھی جاننے کی خواہش نہیں ہے چلے جاؤ سے"

شانزے نوفل کو دیکھ کر اپنا ہاتھ چھڑاتی ہوئی دوبارہ جانے لگی

"فرحین کا مجرم نوفل نہیں نہال ہے" نمیر کی آواز پر شانزے کے قدم روکے وہ مڑ کر بے یقینی سے نمیر کو دیکھنے لگی

"واہ قابل تعریف ہے آپ کی دوستی یعنی اپنے دوست کو اس کی بیوی کی نظر میں بے گناہ ثابت کرنے کے لیے آپ سارا کا سارا الزام اپنے ہی سگے بھائی پر لگا رہے ہیں۔۔ کیا کہنا ہے آپ کا، آپ کی دوستی کی مثال تو تاریخ کے پنوں میں سنہری حرفوں سے لکھنی چاہیے"

شانزے نمیر کو دیکھتی ہوئی طنزیہ لہجے میں بولی

"اس میں کوئی شک نہیں ہے نوفل ان لوگوں میں سے ہے جو میرے دل کے بے حد قریب اور ہم دونوں کی دوستی ہمیشہ سے مثالی ہی رہی ہے مگر کوئی بھی بھائی اپنے دوست کا کیا گیا گناہ اپنے سگے بھائی پر نہیں تھوپے گا۔۔۔ جس بات کو تم حقیقت سمجھ رہی ہو وہ تمہاری غلط فہمی ہے اور اس غلط فہمی کو ہی ہم لوگ دور کرنے یہاں آئے ہیں۔۔۔ ورنہ میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی بیوی سے گولی کھانے کے بعد اسے وضاحتیں دینے کے خود چل کر اس کے پاس آئے"

نمیر شانزے کو دیکھتا ہوا بولا اتنے میں نائلہ باہر سے آئی وہ نوفل سمیت نمیر اور عنایہ کو دیکھ کر ٹھٹھک گئی۔۔۔ نوفل کے اور باری باری سب کے سلام کے جواب کے بعد اس نے سب کو اندر کمرے میں آنے کو کہا کیونکہ باہر کافی ٹھنڈ تھی

ہیٹر نے کمرے کا درجہ حرارت کافی حد تک نارمل کر دیا تھا۔۔۔ نمیر کی زبانی اصل حقائق جاننے کے بعد اس وقت کمرے میں خاموشی پھیلی ہوئی تھی

نمیر نوفل شانزے عنایہ کے علاوہ نائلہ اور اس کی کزن (صائمہ جس کا یہ گھر تھا) اس وقت کمرے میں موجود تھی

"اس سارے قصے میں پورا کا پورا قصور وار میں بھی صرف نہال کو نہیں سمجھتا،، کاش میں نے اس دن شرارت میں فرحین کو کلاس میں نہیں جانے کا بولا ہوتا تو یہ سب کچھ اسکے ساتھ نہیں ہوا ہوتا۔۔۔ نمیر کی طرح میں بھی اپنے کیے کی آپ سے معافی چاہتا ہوں آنٹی"

جب نمیر نے سارا قصہ بیان کرنے کے بعد اپنی غلطی پر پشیمانی ظاہر کرتے ہوئے نائلہ سے معافی مانگی تو نوفل جو کافی دیر سے خاموش تھا نائلہ کو دیکھتا ہوا شرمندگی سے بولا

"یہ حادثہ میری فرحین کی قسمت میں لکھا تھا جو اس کے ساتھ پیش آیا عورت کی عزت ایسی شے ہوتی ہے ایک بار جانے کے بعد دوبارہ واپس نہیں آسکتی چاہے کوئی کتنا ہی پچھتا لے یا معافی مانگ لے مگر جو اس نے برداشت کیا اور جو وہ اب تک برداشت کر رہی ہے۔۔۔ اس کا ہرجانا کوئی بھی پورا نہیں کر سکتا تم دونوں کے دلوں میں خوف خدا ہے جبھی تم دونوں یہاں آئے۔۔۔ بس میرے دل سے ایک بوجھ اتر گیا کہ میری ایک بیٹی کو اجاڑنے والا دوسری بیٹی کا شوہر نہیں ہے۔۔ اس حقیقت کے ساتھ جینا میرے لیے واقعی تکلیف دہ عمل ہوتا اور شانزے کے لئے مجھ سے بھی زیادہ"

نائلہ کی بات پر نوفل اور شانزے دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا شانزے نے فورا نظروں کا زاویہ دوسری طرف کر لیا

"بچے لمبا سفر طے کر کے آئے ہیں نائلہ تھک گئے ہوگے انہیں کمرے دکھا دو تاکہ آرام کرلیں تھوڑا"

سارے عرصے میں خاموش بیٹھی نائلہ کی کزن صائمہ بولی

فرحین کے ساتھ جب یہ حادثہ پیش آیا۔۔۔ اس کے سر پر چوٹ لگنے اور بھیانک حادثے کی وجہ سے فرحین کے دماغ پر اس واقعے کا گہرا اثر پڑا۔۔۔ وہ ہر کسی کو دیکھ کر بری طرح چیختی ڈر کے مارے روتی۔۔ کئی کئی دن تک کسی سے بات نہیں کرتی وہ خوفزدہ نظروں سے شانزے اور نائلہ کو دیکھتی۔۔۔ نائلہ نے شروع شروع میں جب اس کے مجرم کا نام پوچھنا چاہ تب اس کی حالت بگڑ جاتی چیخ چیخ کر روتی کسی کو کچھ نہیں بتاتی۔۔ اسکی دن بدن بگڑتی حالت دیکھ کر صائمہ اسے اپنے ساتھ کوئٹہ لے گئی

صائمہ کا شوہر ایک ریٹائرڈ بریگیڈیئر تھا۔۔۔ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے اور کافی جائیداد ہونے کے سبب۔۔۔ صائمہ نے اپنے بڑے سے گھر کو دو حصوں میں تقسیم کر کے گھر کے ایک حصے کے پورشن کو مظلوم اور بے سہارا عورتوں کے لئے اکیڈمی بنائی تھی ۔۔

شروع شروع میں فرحین کو سنبھالنے نے میں اسے بھی کافی مشکل درپیش آئی مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ اب کافی حد تک سنبھل گئی تھی بلکہ وہ اسی ماحول کی عادی بھی ہوگئی تھی وہ گھر کے دوسرے پورشن میں ہی رہتی۔۔۔ شانزے اور نائلہ اس سے ملنے آتی تو وہ ان کو پہچان لیتی وہ دونوں جب اس سے خود سے بات کرتی تو وہ ان کی باتوں کا جواب دے دیتی ڈاکٹرز کے مطابق اس کے ساتھ ہونے والے حادثے نے اس کے ذہن پر کافی گہرا اثر چھوڑا تھا جو وہ گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹھیک ہوتا لہذا نائلہ نے اس سے دوبارہ اس واقعے کے بارے میں پوچھنا چھوڑ دیا تھا

*****

نائلہ نے نمیر اور نوفل کو ان کے کمرے دکھائے۔۔۔ نمیر کمرے میں آکر کمرے میں موجود بیڈ پر لیٹ گیا اور لیتے ہی اس کی آنکھ لگ گئی کیونکہ مسلسل آٹھ گھنٹے اس نے ڈرائیو کی اسکے بعد وہ لوگ کوئٹہ پہنچے تھے

عنایہ تقریباً سارے راستے ہی سوتی ہوئی آئی تھی نوفل وقفے وقفے سے جاگ رہا تھا اور سو رہا تھا اس نے کئی بار نمیر سے خود ڈرائیو کرنے کا کہا مگر نمیر نے اسے منع کر دیا

رات جب نمیر نے نوفل کو شانزے کے بارے میں بتایا تو نوفل بھی اس کے اور فریدہ کے لاکھ منع کرنے کے باوجود وہاں جانے کے لئے تیار ہوگیا۔۔۔ دوسری طرف نمیر نے ثروت کو ضروری کام کا بتا کر کوئٹہ جانے کا بتایا۔۔۔ نمیر کے کچھ بولنے سے پہلے ہی وہ نمیر سے کہہ چکی تھی کہ عنایہ کو اپنے ساتھ لے جائے ورنہ وہ سارا دن گھر میں اداس پھرے گی اور یہ بھی ثروت نے اسے اطمینان دلا دیا کہ اب اس کی طبیعت بہتر ہے اور حمیدہ اس کے پاس رک جائے گی اور پھر گھر میں ہی نہال بھی موجود ہے تو اسے فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں

یہ الگ بات تھی نہال گھر میں آنے کے بعد اپنا کمرہ بند کر کے بیٹھ گیا تھا وہ کسی سے بھی بات نہیں کر رہا تھا۔۔۔ ثروت کے پوچھنے پر اس نے طبیعت خرابی کا بولا تھا

نمیر کی دو گھنٹے بعد آنکھ کھلی تو بیڈ پر عنایہ موجود نہیں تھی وہ اس کے سونے سے پہلے ہی نمیر کو بتا چکی تھی کہ وہ شانزے کے کمرے میں موجود ہے۔۔۔ نمیر روم سے باہر نکلا،، نوفل کے روم میں جھانک کر دیکھا تو وہ بھی سو رہا تھا

دوسرے روم سے باتوں کی آواز آ رہی تھی یقیناً دونوں سہیلیاں اپنی باتوں میں مصروف تھی نمیر نے نفی میں سر ہلا کر دروازہ ناک کیا تو شانزے نے دروازہ کھولا

"نمیر بھائی آپ سو کر اٹھ گئے ہیں میں ناشتہ بھیجو آتی ہوں آپ کے لیے" شانزے نمیر کو دیکھ کر کہنے لگی

"نہیں ناشتہ تو راستے میں کرلیا تھا آپ پلیز عنایہ کو بھیج دیں اور یہ نوفل کی میڈیسن ہے اس کو دے دئیے گا یاد سے۔۔۔ زخم دینے والا اگر اس زخم پر مرہم رکھے تو زخم جلدی بھر جاتا ہے" نمیر اپنی جیکٹ کی پاکٹ سے میڈیسن نکال کر شانزے کو دیتا ہوا بولا تو شانزے اسے دیکھنے لگی نمیر اسمائل دے کر اپنے روم میں واپس چلا گیا

*****

نوفل کی کھٹکے کی آواز سے آنکھ کھلی کمرے میں کسی دوسرے کی موجودگی کا احساس ہوا تو اس کا ذہن بیدار ہوا شانزے سائیڈ ٹیبل پر ٹرے رکھ رہی تھی جس میں بریڈ کے پیس کے ساتھ دودھ کا گلاس اور اس کی میڈیسن رکھی تھی

"اٹھ کر بیٹھو اور ناشتہ کرو تاکہ یہ میڈیسن لے سکوں"

کمرہ کافی ٹھنڈا ہو رہا تھا وہ ہیٹر آن کرنے لگی

"ہینڈ موو نہیں ہوگا مجھ سے۔۔ نمیر کو بلادو، وہ ناشتہ کرا دے گا مجھے"

نوفل اٹھ کر بیٹھ گیا اور شانزے کو دیکھتا ہوا بولا۔۔۔

نوفل کی بات سن کر شانزے نے خاموشی سے کمرے میں موجود چیئر کو بیڈ کے پاس رکھا اس پر بیٹھ کر وہ نوفل کو اپنے ہاتھ سے ناشتہ کرانے لگی۔۔۔ ناشتہ کرواتے وقت وہ نوفل کو دیکھنے سے مکمل گرہس کر رہی تھی جبکہ نوفل شانزے کے ہاتھ سے ناشتہ کرتے ہوئے صرف اسی کو دیکھا جا رہا تھا

"تم میرے بارے میں ایسا کیسے سوچ سکتی ہوں شانزے، تمہیں میں اتنا گھٹیا انسان لگتا ہوں کہ کسی لڑکی کے ساتھ اس طرح کروں گا"

شانزے ناشتہ کروانے کے بعد نوفل کو دوا کھلا کر ٹرے لے کر جانے لگی تب نوفل اس کا ہاتھ پکڑ کر کھڑا ہوتا ہوا پوچھنے لگا ۔۔۔ شانزے نظر اٹھا کر نوفل کو دیکھا اس کی آنکھوں میں ندامت کے آنسو بھی تھے

"سوری"

شانزے نوفل کے گلے میں ہاتھ ڈال کر سینے سے لگتی ہوئی رونے لگی نوفل نے اس کی کمر کے گرد اپنا دایاں ہاتھ رکھا

"دنیا کی پہلی بیوی ہو تم،، جو شوہر کو گولی مارنے کے بعد اتنے پیار سے سوری بول رہی ہے" نوفل کے بولنے پر شانزے کے رونے میں مزید اضافہ ہوا

"اس طرح اگر میرے سینے سے لگی روتی رہوں گی تو تھوڑی دیر میں بھی رو جاؤ گا۔۔۔ تمہارے رونے کا احساس کرتے ہوئے نہیں بلکہ تکلیف سے۔۔۔۔ تم نے کافی دیر سے میرے زخم پر ہاتھ رکھا ہے اور مجھے بہت تکلیف ہو رہی ہے"

نوفل نے جتنے آرام سے بولا شانزے ایک دم چار قدم پیچھے ہوئی اب وہ ہونقوں کی طرح نوفل کا چہرہ دیکھ رہی تھی جس پر درد کے آثار رقم تھے ۔۔۔

وہ گھبراتی ہوئی دوبارہ نوفل کے پاس آئی۔۔۔ اس کی شرٹ کے بٹن کھول کر کندھے سے اس کی شرٹ نیچے کر کے دیکھنے لگی۔۔۔ جہاں بینڈیج میں سے خون کا سرخ دھبہ ابھرا ہوا تھا

شانزے کا دل ایک بار پھر ڈوبنے لگا ایک بار پھر اس کو رونا آنے لگا وہ دوبارہ بہت آہستہ سے نوفل کے کندھے پر سر ٹکا کر رونے لگ گئی

"اب بس یوں کھڑے کھڑے روتے رہنا ہے یا پھر میرے زخم پر مرہم بھی رکھنا ہے"

نوفل نرم لہجے میں شانزے سے پوچھنے لگا شانزے نے بغیر آنسو صاف کیے آہستہ سے نوفل کے کندھے پر اپنے ہونٹ رکھ دئیے

"تمہیں معلوم ہے پسٹل کی گولی لگے تو یہاں بہت درد ہوتا ہے"

نوفل نے شانزے کی کمر سے ہاتھ ہٹا کر اپنے دل کے مقام پر انگلی رکھتے ہوئے سنجیدگی سے بتایا۔۔۔

شانزے آنکھوں میں آنسوں لیے نوفل کو دیکھنے لگی۔۔ نوفل بھی اسی کو دیکھ رہا تھا۔۔۔ شانزے نے اس کی انگلی ہٹا کر دل کے مقام پر اپنے ہونٹ رکھے۔۔۔ پھر پیچھے ہوکر اپنے آنسو صاف کرتی ہوئی نوفل کی شرٹ کے بٹن بند کرنے لگی

"تمہیں معلوم ہے گولی لگنے کے بعد میں نیچے گرا تھا تب میرا یہ گال بہت زور سے فرش پر لگا تھا"

نوفل اب بھی چہرے پر سنجیدگی لائے اسے دیکھتا ہوا بتانے لگا۔۔۔ شانزے نے اس کی دکھ بھری داستان سن کر ایک بار پھر اپنے ہونٹ اسکے گال پر رکھ دی، نوفل نے دوبارہ اسکی کمر کے گرد بازو حائل کیا

"ایک تو مسئلہ یہ ہے مرد روتا ہوا بہت برا لگتا ہے تمہیں معلوم ہے جب میں ہوش میں آیا تو مجھے اتنا درد ہو رہا تھا مگر میں پھر بھی نہیں رویا کتنا برداشت کیا میری آنکھوں نے"

وہ اب بھی چہرے پر سنجیدگی طاری کیے شانزے کو دیکھتا ہوا بولا۔۔۔ شانزے نے باری باری اس کی دونوں آنکھوں پر اپنے ہونٹ رکھے

"تمہیں معلوم ہے ہوش میں آنے کے بعد ڈاکٹر نے تین گھنٹے کے لیے مجھے کچھ بھی کھانے پینے سے منع کیا۔۔۔ مجھے کتنی پیاس لگ رہی تھی اس وقت"

نوفل سنجیدگی سے شانزے کے ہونٹوں کو دیکھتا ہوا بولا

"اب تم بہت زیادہ فری ہو رہے ہو نوفل شرافت سے بیڈ پر واپس بیٹھ جاؤ"

شانزے بھی اتنی ہی سنجیدگی سے نوفل کو دیکھ کر کہنے لگی۔۔۔ جس پر نوفل مسکرایا

"آج میرا ہی دن ہے فری ہونے کا۔۔۔ شرافت سے اپنے ہونٹوں سے میری پیاس بجھاو۔۔۔ ورنہ میری بےوقت کی بھوک سے تم اچھی طرح واقف ہو"

نوفل نے اسے سنجیدگی سے دھمکی دیتے ہوئے کہا

"شرم کرو نوفل اپنی حالت دیکھو گولی کھا کر بھی تمہارے ارمان نہیں نکلے۔۔۔ بیٹھو یہاں سکون سے اور مجھے بینڈیج کرنے دو"

وہ نوفل کو بیڈ پر بٹھا کر فرسٹ ایڈ باکس لینے گئی،، تو نوفل مسکرانے لگا۔۔۔ تبھی اسکے موبائل پر نہال کی کال آئی۔۔۔ کچھ سوچ کر اس نے کال ریسیو کری

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.