نمیر اس وقت ہوٹل کے روم میں بیڈ پر لیٹا ہوا اپنے موبائل میں عنایہ کی تصویر دیکھ رہا تھا۔۔۔ آج صبح جب عنایہ رو رہی تھی ایک پل کے لیے نمیر کا دل شدت سے چاہا وہ اسے یہاں اپنے ساتھ لے آئے مگر اس کے آنسو دیکھ کر وہ کمزور نہیں پڑھنا چاہتا تھا۔۔۔ وہ نہال کی وجہ سے عنایہ کو الگ گھر میں نہیں رکھ سکتا تھا، وہ ثروت کے بغیر الگ ہوکر رہنے کا تصور نہیں کرسکتا تھا اس عمر میں اس کی ماں کو بھی اس کی ضرورت تھی اور وہ خود کونسا ثروت سے دور رہ سکتا تھا۔۔۔ وہ دوسرے گھر میں شفٹ ہوکر ثروت کو اپنے ساتھ نہیں رکھ کر نہال سے بھی دور نہیں کرنا چاہتا تھا۔۔۔ بس وہ چاہتا تھا نہال اس کی بیوی سے دور رہے اور یہ تبھی ممکن تھا جب عنایہ خود نہال سے بے رخی برتتی
وہ عنایہ کی نیچر سے اچھی طرح واقف تھا، وہ دل کی بالکل صاف تھی اور معصوم بھی،، وہ نہال کا لحاظ کرتے ہوئے کبھی بھی اس سے بدلحاظی نہیں کر سکتی تھی جب تک اس کے پاس کوئی جواز موجود نہ ہو اور وہ عنایہ کو اپنے ساتھ نہ لا کر جواز پیدا کر کے آیا تھا۔۔۔ مگر اب وہ عنایہ کو بری طرح مس کررہا تھا اور عنایہ کے پاس مو بائل موجود نہیں تھا اس کی آواز سننے کے لیے نمیر نے لینڈ لائن پر کال کی مگر حمیدہ نے اسے بتایا وہ اپنے کمرے میں موجود سو رہی ہے۔۔۔ نمیر کو صاف محسوس ہوا، ایسا حمیدہ عنایہ کے کہنے پر کہہ رہی تھی۔۔۔۔ اور عنایہ وہی موجود تھی نمیر نے لائن ڈسکنیکٹ کردی۔۔۔۔ عنایہ اس سے خفا تھی مگر وہ اس کو واپس گھر جاکر پیار سے منالے گا کیونکہ اس کا اپنا گزارہ اپنی بیوی کہ بناء مشکل تھا بہت جلدی عنایہ نے اس کو اپنا عادی بنا لیا تھا۔۔۔ نمیر عنایہ کی تصویریں دیکھتا ہوا یہ سب باتیں سوچ رہا تھا اس کے موبائل پر منال کی کال آنے لگی
"خیریت"
نمیر نے کال ریسیو کرتے ہوئے منال سے پوچھا
"ہاں خیریت ہی ہے تم باہر آؤ جلدی سے"
منال اس سے بولنے لگی
"میں اس وقت اسلام آباد میں موجود ہو آفس کے کام سے آیا ہوں"
نمیر اسے سنجیدگی سے جواب دینے لگا
"جس ہوٹل میں تم اسٹے کر رہے ہو میں بھی وہی موجود ہوں باہر آؤ"
منال نے اپنی بات مکمل کر کے کال ڈسکنیکٹ کی۔۔۔۔ نمیر نے پہلے سوچا کہ وہ منال کو کال کرکے منع کردے مگر کچھ سوچ کر اپنی جیکٹ اٹھاتا ہوا روم سے باہر نکل گیا
"تم اسلام آباد میں کیا کر رہی ہو"
نمیر ہوٹل کے روم سے باہر نکلے تو ہوٹل کی لابی میں منال کو کھڑا دیکھا
"میری فرینڈ رہتی ہے یہاں، تو اسی سے ملنے آئی تھی۔۔۔ تم کیسے ہو"
منال نے اسے جواب دے کر نمیر کی خیریت پوچھی
"تمہیں کیسے پتہ چلا کہ میں یہاں پر موجود ہو"
نمیر نے اپنی خیریت بتائے بغیر دوبارہ منال سے پوچھا
"ایک گھنٹے پہلے ہی تمہیں ریسپشن پر دیکھا تھا۔۔ تم کیسے ہو نمیر"
منال نے اس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دوبارہ اس سے پوچھا
"خوش۔۔۔ تم سناؤ" نمیر اب اس سے پوچھنے لگا
"میں بھی خوش،،، مگر تم جتنی نہیں۔۔ کیا ہم واک کر سکتے ہیں"
منال نمیر کو جواب دیتی ہوئی بولی
"پہلی فلم فلاپ ہو جائے تو بندہ خوش کیسے رہ سکتا ہے۔۔ نیکسٹ کے لئے تھوڑا اور اچھا پرفارم کرنا"
نمیر منال کے ساتھ واک کرتا ہوا اسے سیریس ہوکر مشورہ دینے لگا۔۔۔ جس پر منال کھول کر رہ گئی،، منال کو نمیر کا یوں سنجیدگی سے بھگو بھگو کر مارنے والا انداز ایک آنکھ نہیں بھاتا تھا۔۔۔ مگر وہ ضبط کر گئی
"ایک فلم میں کام کرکے میرا شوق پورا ہوگیا مجھے اس کے فلاپ ہونے کا کوئی غم نہیں۔۔۔ غم ہے تو بس اس بات کا کہ تم نے مجھے چھوڑنے اور شادی کرنے میں بہت جلدی کی۔۔۔ کیا یہ تمہاری یہ جیکٹ مل سکتی ہے مجھے"
منال جوکہ سلیو لیس ٹاپ پہنی ہوئی تھی۔۔۔ اپنے دونوں بازوؤں کو سہلاتی ہوئی نمیر سے بولی سنسان سڑک پر وہ دونوں ہی واک کر رہے تھے
"مجھے پورا یقین ہے دوسری فلم ملنے کے بعد تم جلد ہی میرے چھوڑنے اور شادی کرنے کے غم سے باہر نکل آؤ گی" نمیر اپنی جیکٹ اتار کر منال کی طرف بڑھاتا ہوا بولا
"کب تک یوں ناراض رہو گے مجھے سے نمیر ۔۔۔ اپنی غلطی کا احساس ہے مجھے"
وہ نمیر کی جیکٹ لے کر پہنتی ہوئی بولی
"ریلکس یار میں تم سے کوئی ناراض وراض نہیں ہو۔۔۔ تم سے اگر ناراض ہوتا تو یوں باتیں نہیں کر رہا ہوتا۔۔۔ میں نے یہ بات خالہ جانی سے بھی کہی تھی۔۔۔ ہم دونوں کی بیچ صرف ایک ریلیشن نہیں تھا۔۔۔ ہم دونوں آپس میں کزنز بھی ہیں۔۔۔ تمہیں اگر اپنی غلطی کا احساس ہے تو یہ اچھی بات ہے۔۔۔ زیادہ دور جانے کا فائدہ نہیں واپس آجاؤ عنایہ میری کال کا ویٹ کر رہی ہوگی" نمیر واپس مڑتا ہوا بولا تو منال کو بھی ہوٹل کی طرف مڑنا پڑا۔۔۔ اس کے منہ سے عنایہ کا نام سن کر منال کے دل میں عنایہ کے لیے نفرت مزید بڑھ گئی
*****
صبح سے ہی عنایہ کا دل اداس تھا۔۔ نمیر اسے چھوڑ کر چلا گیا تھا۔۔۔ وہ سارا دن اپنے کمرے میں بند رہی جب حمیدہ نے اسے بتایا نہال ثروت کو گھر لے کر آگیا ہے تب وہ ثروت سے ملنے گئی اور کافی دیر اس کے پاس بیٹھی اس سے باتیں کرتی رہی پھر اس کو کھانا کھلا کر میڈیسن دے کر خود لان میں اپنے گرد شال لپیٹ کر کرسی کے اوپر پاؤں رکھ کر بیٹھ گئی۔۔۔ اسے افسوس ہونے لگا نمیر اسے ایک کال تو کرسکتا تھا بےشک اس کے پاس موبائل نہیں تھا مگر اسے لینڈ لائن پر ہی بات کر لیتا ہوں ۔ مگر نمیر نے اسے کال کرنا بھی ضروری نہیں سمجھا
"ایسے اداس ہو کر کیوں بیٹھی ہو کل شام تک تو نمیر آ ہی جائے گا"
نہال لان میں آکر اس کے برابر والی چیئر پر بیٹھا ہوا اسے کہنے لگا
"آپ کو میری فکر کرنے کی پروا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔۔ کوئی اداس نہیں ہوں میں بلکہ نمیر کی کال کا ویٹ کر رہی ہوں"
وہ نہال سے اکھڑے ہوئے لہجے میں بولی۔۔۔ وہ نہ جانے کیوں اس کے پاس آکر بیٹھ کر اس سے باتیں کرنے لگتا تھا۔۔۔۔ نا وہ کل رات کو اس کے بیڈروم میں آتا نہ نمیر کو غصہ آتا اور نہ وہ نمیر اس کو چھوڑ کر جاتا
"تمہیں میرا فکر کرنا اور پروا کرنا اچھا نہیں لگتا"
نہال عنایہ کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا
"میری فکر کرنے کے لئے اور پروا کرنے کے لئے نمیر موجود ہیں۔۔۔ آپ آنٹی کی فکر اور پروا کیا کیجئے اس عمر میں انہیں آپ کی ضرورت ہے"
عنایہ اسے جتاتی ہوئی بولی نہ جانے نہال اسے کیا جتانا چاہ رہا تھا
"نمیر تمہاری کتنی فکر کرتا ہے یہ تو میں کل رات کو دیکھ ہی چکا ہوں۔۔۔ اور اگر اسے تمہاری پرواہ ہوتی تو وہ یوں تمہیں چھوڑ کر اکیلا نہ جاتا"
نہال طنزیہ مسکراتا ہوا سامنے کھڑی کار کو دیکھتا ہوا بولا
"آخر کہنا کیا چاہ رہے ہیں آپ"
عنایہ برا مانتی ہوئی نہال سے پوچھنے لگی نہال سے بات کرکے اس کا موڈ مزید خراب ہوگیا جبھی وہ وہاں سے اٹھی
"یہی کہ اس وقت نمیر کی کال کا ویٹ کرنا بے کار ہے۔۔۔ وہ اسلام آباد میں منال کے ساتھ بزی ہے۔۔ میرا مطلب ہے آج صبح ہی خالہ جانی کی کال آئی تھی انہوں نے بتایا کہ منال اسلام آباد پہنچی ہوئی ہے۔۔۔ ابھی تو دونوں وہاں واک کر رہے ہیں اس کے بعد ان دونوں کا ڈنر کرنے کا پروگرام ہے"
نہال نارمل انداز میں عنایہ کو دیکھتا ہوا بولا۔۔۔ آج دوپہر کو جب نمیر کی لینڈ لائن پر کال آئی تھی تو حمیدہ سے اسی نے کہلوایا تھا کہ عنایہ سو رہی ہے
"نہال بھائی آپ کچھ بھی بولیں گے اور میں مان لو گی شرم آنی چاہیے آپ کو اپنے بھائی کے بارے میں اس طرح بولتے ہوئے"
عنایہ نہال کو کہتی ہوئی غصے میں گھر کے اندر چلی گئی
"کیسا فیل کررہی ہیں آپ۔۔۔ کیسی طبیعت ہے اب آپ کی"
نہال شام میں آفس سے گھر آیا ثروت کے کمرے میں آکر اس کی طبیعت پوچھنے لگا
"کل سے تو کافی بہتر ہے، تم جلدی آگئے آج"
ثروت نے نہال کو اپنے روم میں آتا ہوا دیکھ کر بیڈ سے اٹھ کر بیٹھی اور پوچھنے لگی
"جی موسم آج ابرآلود ہے، نمیر بھی گھر پر نہیں ہے اور آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی ان سب باتوں کو سوچتا ہوا گھر آگیا۔۔ آپ بتائیں کھانا کھایا آپ نے دوپہر کا"
نہال کمرے میں موجود صوفے پر بیٹھتا ہوا ثروت سے پوچھنے لگا
"ہاں عنایہ نے کھانا کھلا دیا تھا اور میڈیسن بھی دے دی تھی"
ثروت نہال کو بتانے لگی
"گڈ، عنایہ بہت اچھی ہے۔۔۔ بہت اچھے طریقے سے خیال رکھ لیتی ہے آپ کا"
نہال ثروت کی بجائے سامنے دیوار کی پینٹنگ کو دیکھتا ہوا بولا ثروت غور سے نہال کو دیکھنے لگی
"نہال میرے خیال میں اب تمہیں شادی کر لینی چاہیے" ثروت کی بات پر نہال اس کی طرف دیکھنے لگا
"کس سے"
وہ ثروت کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا
"میں ٹھیک ہوجاؤ تو ایک دو دن میں دیکھتی ہوں تمہارے لیے کوئی لڑکی۔۔۔ بہت خوبصورت سی" ثروت نہال کو دیکھ کر مسکراتی ہوئی کہنے لگی
"عنایہ جیسی"
نہال ثروت کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا
"عنایہ سے بھی خوبصورت لڑکی ڈھونڈو گی تمہارے لیے"
وہ نہال کی آنکھوں میں چھپی اداسی دیکھ کر بولی
"اگر کوئی عنایہ سے بھی زیادہ خوبصورت لڑکی ہوئی تو وہ تب بھی عنایہ جیسی نہیں ہو سکتی۔۔۔ آپ نے عنایہ کو مجھ سے لے کر نمیر کو دے دیا"
نہال زخمی مسکراہٹ کے ساتھ مسکراتا ہوا ثروت کو دیکھ کر بولا
"بیٹا اس وقت حالات ایسے تھے یہ قدم اٹھانا پڑا۔۔۔ نہال تم سمجھنے کی کوشش کرو اب وہ تمہارے بھائی کی بیوی ہے"
ثروت پرسوں ہونے والے واقعے سے بےشک بے خبر ہوں مگر گھر میں جس طرح کا ماحول دونوں بھائیوں کے بیچ چل رہا تھا وہ اس سے بے خبر نہیں تھی
"جی ہمیشہ سے میں ہی تو سمجھتا آیا ہوں، آپ میری شادی کے لیے پریشان مت ہوں اپنے لئے کوئی بہتر فیصلہ میں جلد خود ہی کر لوں گا ۔۔۔بس اب آپ اپنا خیال رکھا کریں" نہال صوفے سے اٹھ کر ثروت کے ہاتھ پر اپنا ہاتھ رکھ کر تھپکی دیتا ہوا کمرے سے باہر نکل گیا
*****
"کیا سوچا جا رہا ہے یہاں کھڑے ہوکر اکیلے اکیلے"
نوفل گھر میں داخل ہوا تو شانزے کو ٹیرس میں کھڑا دیکھ کر اس کے پاس آیا۔۔۔ شا نزے نے مڑ کر نوفل کو دیکھا تو وہ اپنے ہونٹوں سے شانزے کا گال کو چھوتا ہوا مسکرا کر اسے دیکھنے لگا۔۔۔ پرسوں ان کے درمیان بحث کے بعد وہ دونوں ہی ضروری بات کے سوا کوئی بات نہیں کررہے تھے اور آج کے دن دونوں ہی کو ایک دوسرے کی خاموشی پریشان کیے دے رہی تھی اس لئے نوفل اپنے پرانے موڈ میں آ کر اس خاموشی کو توڑنے کی کوشش کرنے لگا
"میں یہی سوچ رہی تھی کہ اپنے ایس۔پی صاحب کو کیسے منایا جائے"
نائلہ نے ان دونوں کے درمیان خاموشی محسوس کرکے آج صبح شانزے کو خوب کھری کھری سنائی تھی مگر اندر سے خود شانزے بھی نوفل سے یوں بے رخی برت نہیں پا رہی تھی اس لیے اسے دیکھتی ہوئی کہنے لگی
"پھر کیا آئیڈیا سمجھ میں آیا کیسے مناؤ گی اپنے ایس۔پی کو"
نوفل شانزے کو خود سے قریب کر کے سنجیدگی سے پوچھنے لگا
"یہی تو سمجھ نہیں آرہا صبح سے کوئی دس گھٹیا ٹائپ فلمیں دیکھ چکی ہوں شاید انہی میں کوئی آسان طریقہ کار دکھ جائے مگر ہر دوسری مووی نے ہیروئن بیوقوف بنی ہوئی،، روٹھے ہوئے ہیرو کے آگے گلا پھاڑ پھاڑ کر گانے گا کر اچھلتی کودتی ہوئی عجیب حرکتیں کر رہی ہے ایسا مجھ سے تو بالکل نہیں ہو پائے گا"
شانزے نے جتنی سنجیدگی سے اسے بتایا نوفل اپنی ہنسی روک نہیں سکا
"ایک آئیڈیا میں دو"
وہ شانزے کو اٹھاتا ہوا کمرے میں لایا اور بیڈ پر بٹھایا
"کوئی ضرورت نہیں اپنے چھچھورے آئیڈیاز کا بنڈل اپنے پاس رکھو اور شرافت سے خود ہی مان جاؤ"
شانزے اس کے خطرناک تیور دیکھتی ہوئی بولی تو نوفل ہنسا اور خود بھی بیڈ پر اس کی گود میں سر رکھ کر لیٹ گیا
"ماننا تو خود ہی پڑے گا،، کیا کرو ناراض جو نہیں رہ سکتا تم سے زیادہ دیر تک"
وہ شانزے کو دیکھ کر اس کے ہاتھ پر محبت مہر ثبت کرتا ہوا بولا
"میری ناراضگی واقعی تمہارے لیے اتنی معنی رکھتی ہے"
شانزے اب نوفل کے بالوں میں انگلیاں پھیرتی ہوئی اس سے پوچھنے لگی
"میری زندگی میں تمہاری موجودگی بہت معنی رکھتی ہے شانزے،، پلیز میرے اور اپنے بیچ میں ایسے مسئلے مت لے کر آیا کرو جس سے ہمارے بیچ میں بحث ہو،، میں بہت زیادہ نیک انسان ہرگز نہیں ہوں مگر اتنا برا بھی نہیں ہے میرا یقین کرو"
نوفل شانزے کو دیکھتا ہوں اس سے سنجیدگی سے کہنے لگا تو شانزے ہلکا سا مسکرائی اور خاموش رہی
"چلو آج رات میں تمہیں بتاتا ہوں جب بیوی اپنے شوہر سے ناراض ہو جائے،، تو شوہر کو کیسے منانا چاہیے،، مگر پہلے ہم آنٹی کو لے کر ڈاکٹر کے پاس جائیں گے ان کا اپوائنمنٹ ہے آج کا،، پھر واپسی پر ڈنر کریں گے۔۔ آنٹی کو ریڈی ہونے کا بول کر آیا تھا اب تم بھی جلدی سے ریڈی ہو جاؤ" نائلہ کی کچھ دنوں سے طبیعت ٹھیک نہیں تھی اس وجہ سے نوفل اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانا چاہتا تھا ساتھ ہی اس نے شانزے کے ساتھ ڈنر کا پروگرام بنا لیا۔۔۔ آج موسم کافی خوشگوار تھا اس لئے شانزے نخرے دکھائے بغیر تیار ہونے چلی گئی
*****
نمیر ایئرپورٹ سے گھر پہنچا تو رات کے نو بج رہے تھے باہر لان میں ہی چیئر پر اسے نہال بیٹھا ہوا ملا۔۔۔ وہ نمیر کو گیٹ سے اندر آتا ہوا دیکھ کر اسی کی طرف بڑھا تو نمیر بھی ایک ہاتھ میں بیگ، دوسرے ہاتھ میں لیپ ٹاپ پکڑے نہال کے پاس آیا
"مجھے کال کر دیتے میں لینے آجاتا"
نہال نمیر کو دیکھتا ہوا کہنے لگا نہال کے لہجے میں دو دن پہلے ہونے والی تلخ کلامی کا شائبہ تک نہیں تھا۔۔۔ وہ بالکل ویسے ہی بات کر رہا تھا جیسے شروع سے کرتا آیا تھا
"نہیں، کیپ کر لی تھی میں نے۔۔۔ کوئی خاص مسئلہ نہیں ہے۔۔ تم بتاؤ ماما کی کنڈیشن کیسی ہے اب"
نہال کو نارمل انداز میں بات کرتے ہوئے دیکھ کر نمیر بھی ہر بات بھلائے اس سے نارمل انداز میں پوچھنے لگا
"بی پی ابھی بھی تھوڑا سا ہائی ہے شام میں چیک کیا تھا۔۔۔ تمہارا پوچھ رہی تھی ماما، تم نے بات نہیں کی ان سے"
نہال نمیر سے پوچھنے لگا
"نہیں دوپہر میٹنگ کے چکر میں سارا دن گزر گیا۔۔۔ اس کے بعد فلائٹ کرانے میں اور واپس آنے میں ٹائم ہی نہیں ملا۔۔۔ میٹنگ کافی اچھی رہی ہے ہامنی صاحب نے ایک اور پرپوزل بھی دیا ہے جس کی ڈیٹیلز اس میں موجود ہیں تم چیک کر لینا۔۔ اگر تمہیں سوٹیبل لگے تو پھر کل صبح آفس میں ڈسکس کر لیں گے"
نمیر اپنا لیپ ٹاپ نہال کی طرف بڑھاتا ہوا بولا
"ایسا کرو اپنا لیپ ٹاپ میرے بیڈروم میں رکھ دو پلیز۔۔۔ میں ڈنر کے بعد دیکھ لوں گا۔۔ اس وقت واک کا موڈ ہو رہا ہے تو باہر جا رہا ہوں"
نہال نمیر کو دیکھتا ہوا بولا نمیر اثبات میں سر ہلا کر گھر کے اندر چلا گیا ۔۔۔
وہ نہال کے روم میں پہنچا اور بیڈ کے پاس موجود ٹیبل پر اپنا لیپ ٹاپ رکھ کر پلٹنے ہی لگا تو نہال کے بیڈ پر موجود، عنایہ کے پینڈینٹ نے اسے پلٹنے پر مجبور کیا۔۔۔ نمیر نے آدھا تکیہ کے نیچے دبا ہوا عنایہ کا پینڈینٹ ہاتھ میں لیا یہ وہی پینڈینٹ تھا جو نمیر نے عنایہ کو گفٹ میں دیا تھا اور اس وقت وہ نہال کے بیڈ پر موجود تھا۔۔۔ نمیر پینڈینٹ کو غور سے دیکھتا ہوا اسے اپنی پاکٹ میں رکھ کر نہال کے روم سے نکل گیا