"یہ کیا بدتمیزی ہے راستہ کیوں روکا ہے میرا ہٹو سامنے سے" شانزے نائلہ کی میڈیسن لے کر واپس اپنے گھر جا رہی تھی تو اچانک اس کے سامنے جمشید آگیا اور اس کا راستہ روک کر کھڑا ہوگیا۔۔۔ گٹکے کی بدبو کے ساتھ جمشید کی شکل دیکھ کر شانزے کو متلی ہونے لگی
"بہت زبان چلتی ہے تیری،، چند دن ٹہر تجھے صحیح کا مزا چکھاؤں گا پھر تجھے سمجھ میں آئے گا جمشید چیز کیا ہے" جمشید نے اس کے قریب آکر اسے دھمکاتے ہوئے ڈرانے کی پوری کوشش کی
"تم چند دن میں مزہ چکھانے کا ارادہ رکھتے ہوں مگر میں اپنے ہاتھ کا مزہ تمہیں ابھی چکھاتی ہو"
شانزے کے ہاتھ نے اس کا گال پر سرخ نشان چھوڑا
"آئندہ میرے سامنے میرے گھر میں یا راستے میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔ ورنہ جوتی اتار کر بھرے بازار میں تمہاری ایسی درگت بناؤں گی کہ آنے والی نسلیں منہ چھپاتی پھریں گی"
شانزے اسے وارن کرتی ہوئی وہاں سے جانے لگی
"رک تیری یہ مجال تو نے جمشید پر ہاتھ اٹھایا۔۔۔ اب نکاح تو ہوگا بعد میں، پہلے میں بتاتا ہوں کہ منہ کون چھپاتا پھرے گا"
جمشید شانزے کا ہاتھ کھینچتا ہوا اپنی گاڑی کی طرف بڑھا
ہاتھ چھوڑو میرا بےغیرت انسان ورنہ جان سے مار دوں گی تمہیں"
وہ شانزے کا ہاتھ پکڑتا ہوا اسے اپنے ساتھ لے جانے لگا شانزے زور لگا کر بھی اپنا ہاتھ جمشید کے ہاتھ سے نہیں چھوڑا پائی تو دوسرے ہاتھ سے اس پر مکے برسانے لگی اس نے روڈ پر کھڑے بے حس لوگوں کو دیکھا جو تماشہ دیکھنے اور ویڈیو بنانے میں مصروف تھے
اتنے میں نوفل جو کہ نائلہ سے ملنے آرہا تھا روڈ پر بھرے مجموعے پر اس کی نظر پڑی اور جو منظر اس کی آنکھوں نے دیکھا کہ ایک آدمی شانزے کو زبردستی کار میں بٹھا رہا ہے نوفل کی آنکھوں میں خون اتر آیا۔۔۔
نوفل اپنے گاڑی سے اترتا ہوا اس آدمی پر جھپٹا اور تابڑ توڑ گھونسوں مکوں اور لاتو کی اس پر بوچھار شروع کردی "ابے تو ہے کون۔۔۔ مجھے نہیں جانتا کیا،، آدھا شہر مجھ سے ڈرتا ہے"
جمشید اپنے پھٹے ہوئے ہونٹ سے خون صاف کرتا ہوا نوفل کو بولا
"آج کے بعد ادھا شہر تجھ پر ہنسے گا"
نوفل نے جمشید کے سینے پر لات ماری،،، وہ نوفل کی گاڑی کے آگے جا گرا نوفل نے اسے گریبان سے اٹھا کر کھڑا کیا اور اپنی گاڑی کے بونڈ پر اس کا سر دے مارا
"چھوڑ مجھے وہ میری چچازاد ہے شادی ہونے والی ہے میری اس سے" جمشید بری طرح زخمی ہو چکا تھا وہ نڈھال ہوتا ہوا بولا اس کے جملے پر نوفل کا ہاتھ ہوا میں ہی ٹھہر گیا نوفل اب مزید غصے سے جمشید کو دیکھنے لگا۔۔۔ نوفل کے رکنے پر جمشید کو مہلت ملی وہ نوفل کو دھکا دے کر اپنی گاڑی چھوڑ کر بھاگ نکلا
نوفل اٹھا اور اپنے کپڑے جھاڑتے لگا شانزے ابھی بھی مجمعے کو دیکھ کر جمشید کی گاڑی میں دوپٹے سے چہرہ چھپائے بیٹھی ہوئی تھی۔۔۔ آج اسے صحیح معنوں میں نائلہ اور عنایہ کی باتیں سمجھ میں آرہی تھی یہ معاشرہ ہی ایسا تھا جہاں اکیلی عورت کو دیکھ کر ہر کوئی اس کی مجبوری اور بے بسی سے فائدہ اٹھاتا
نوفل نے شانزے کے پاس جانے سے پہلے لوگوں کے مجموعے میں سے ان دو لڑکوں کو گریبان سے پکڑ کر بیچ میں لاکر کھڑا کیا جن کے ہاتھوں میں موبائل موجود تھے اور جو بڑے اطمینان سے ویڈیو بنانے میں مصروف تھے۔۔۔ نوفل نے باری باری دونوں کے منہ پر طماچے مار کر ان سے موبائل چھینا اور زمین پر پھینک کر جوتے مار کر موبائل کی اسکرین کو چکنا چور کردیا
"جب تمہاری ماں بہنوں کے ساتھ کوئی آدمی ایسا سلوک کر رہا ہو تب بھی تم لوگ ایسے ہی ویڈیو بنانا۔۔۔۔ اوئے تم تینوں بھی یہاں ہوں اور اپنے اپنے موبائل دو"
نوفل نے چیخ کر تین لڑکوں کو مزید بلایا جو سوری سر کرتے ہوئے اپنا موبائل نوفل کو دینے لگے
"تمہیں معلوم ہے نہ میں کس تھانے کا ایس پی ہو"
ان لڑکوں میں سے ایک کو نوفل بھی جانتا تھا اس لڑکے نے فورا جی کہہ کر سر ہلایا
"اپنے اپنے موبائل کل پولیس سٹیشن سے آ کر لے جانا اور اگلی بار اگر کسی مجبور کے ساتھ زیادتی ہوتے دیکھو تو اس کی ویڈیو بنانے کی بجائے تھوڑی سی مردانگی دکھا دینا۔۔۔ چلو اب نکلو یہاں سے سب کے سب"
موبائل نوفل اپنے پاس رکھتا ہوا بولا وہ لڑکے وہاں سے چلے گئے
"سنائی نہیں دے رہا تم لوگوں کو،، خالی کرو روڈ مفت کا تماشہ دیکھنے والی بغیرت عوام"
نوفل نے چیخ کر تماشبین سے کہا جو ابھی بھی کھڑے کسی اور فلمی سین کے انتظار میں تھے آہستہ آہستہ رش چھٹنے لگا اس کے بعد نوفل شانزے کی طرف بڑھا
"نکلو کار سے"
کار کا دروازہ کھول کر وہ شانزے سے مخاطب ہوا۔۔۔۔ شانزے اپنے چہرے سے دوپٹہ سرکا کر اسے دیکھنے لگی شانزے کی آنکھیں رونے کی وجہ سے سرخ ہو رہی تھی جبکہ نوفل کے چہرے پر سنجیدگی طاری تھی
شانزے کار سے نکل کر اپنے گھر کی طرف رخ کرنے لگی تبھی نوفل اس کا بازو پکڑ کر اسے اپنی گاڑی تک لایا اور گاڑی کا دروازہ کھول کر شانزے کو اندر بٹھایا شانزے خاموشی سے بنا احتجاج کئے بیٹھ گئی
"کون تھا یہ چھچھوندر اور کیا بکواس کرکے گیا ہے۔۔۔ کہ تمہاری اس سے"
نوفل جملہ مکمل کیے بنا سنجیدگی سے شانزے کو دیکھنے لگا
"صحیح کہہ رہا تھا وہ، تایا ذات ہے میرا اور اگلے جمعہ کو میرا نکاح ہے اس کے ساتھ،،، امی تمہیں آج کل میں انویٹیشن دینے کے لئے کال کریں گی"
شانزے نے بھی اتنی ہی سنجیدگی سے نوفل کو دیکھ کر بولا
"شانزے۔۔۔۔ میں اس وقت مذاق کے موڈ میں ہرگز نہیں ہوں"
نوفل نے غصے میں شانزے کا نام پکارا اور سخت لہجے میں اپنا جملہ مکمل کیا،، ایسا تو وہ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتا تھا
"میں نے تم سے آج تک مذاق کیا ہے جو میں اب تم سے مذاق کروگی،، تمہیں تکلیف کس بات پر ہو رہی ہے تمہی نے تو مجھے اپنی زندگی سے نکل جانے کے لیے کہا تھا"
شانزے بھی سنجیدگی سے اسے یاد دلانے لگی جس پر نوفل نے بے بسی سے اپنی آنکھیں بند کی اور دوبارہ کھولی "فراموش کر بیٹھا تھا اس بات کو میں تم سے کتنی محبت کرتا ہوں۔۔۔ ایسا لگ رہا تھا تمہارے بنا زندگی گزر جائے گی مگر ان چند دنوں میں ہی احساس ہوگیا یہ ناممکن سی بات ہے"
نوفل اب شانزے کو دیکھتا ہوا اعتراف کرنے لگا اتنی سنجیدگی سے اعتراف شاید اس نے پہلی بار آج شانزے کے سامنے کیا تھا
"ابھی چند دن تو ایسا لگے گا ہی مگر چند سال بعد جب تمہاری زندگی میں کوئی دوسری آجائے گی تو شانزے کون تھی شاید تمہیں میرا نام تک یاد نہ رہے"
شانزے تلخی سے بولی
"تم کوئی سنعیہ ماریہ یا علیشبہ تھوڑی ہو۔۔۔ بلکہ میری سچی محبت ہو جس سے میں نہ صرف شادی کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔۔۔ بلکہ میرے چنوں اور منوں کی ماں بھی تم ہی بنو گی"
نوفل شانزے کا ہاتھ تھام کر محبت بھری نظریں اس پر لٹاتا ہوا بولا۔۔۔ مگر وہ اس بات سے بے خبر تھا کہ پرانی محبوباؤں کا نام لے کر وہ اپنی شامت لے آیا ہے
"سنعیہ، ماریہ علیشبہ یعنی مجھ سے پہلے یہ بھی تمہاری محبتیں رہی ہیں اور تم اپنے کرتوت اپنے ہی منہ سے کتنے فخر سے بتا رہے ہو مجھ کو،،، چک بھر پانی میں ڈوب مرو تم"
شانزے کا یہ سب سن کر دماغ ہی گھوم گیا یعنی وہ اچھا خاصا چھچورا انسان تھا،، جسے وہ شریف آدمی سمجھ بیٹھی تھی کس ڈھٹائی سے وہ اپنی پرانی محبتوں کا اعتراف کر رہا تھا۔۔۔ شانزے گاڑی سے اتر کر پیدل چلنے لگی
"شانزے رکو،، میری بات سنو یار۔۔۔ ان میں سے دو تو بچپن کی تھی اور ایک یونیورسٹی کی،، مجھے معلوم تھا علیشبہ خود بھی میرے ساتھ ٹائم پاس کر رہی تھی اس لیے میں بھی اس کے ساتھ وقت گزاری کر رہا تھا،، تمہارے سر کی قسم"
نوفل بھی گاڑی سے اتر کر شانزے کے ساتھ پیدل چلتا ہوا اپنی بےگناہی کا یقین دلانے لگا شانزے اس کی بات سن کر رکی اور رخ نوفل کی طرف کیا
"تمہیں یاد ہے پہلی ملاقات میں جو تھپڑ میں نے تمہارے گال پر مارا تھا وہ کونسا گال تھا"
شانزے اسے دیکھ کر سنجیدگی سے پوچھنے لگی
"سیدھے گال پر الٹے ہاتھ کا تھپڑ مارا تھا مگر تم کیوں پوچھ رہی ہو"
نوفل اب شانزے سے پوچھنے لگا
"تاکہ آج تمہارے دوسرے گال پر بھی الٹے ہاتھ کا تھپڑ مار کر سارا حساب بےباک کر دوں"
شانزے نے سچ میں اس کے دوسرے گال پر تھپڑ مارنا چاہا مگر نوفل نے فورا اس کا ہاتھ پکڑ لیا
"دماغ خراب ہے تمہارا چلتے ہوئے روڈ پر میرا تماشہ بناؤں گی،، لوگ ہنسیں گیں مجھ پر کہ ایک مچھڑ کی دھلائی کرنے کے بعد ایس۔پی نے لڑکی کے ہاتھوں تھپڑ کھا لیا"
نوفل شانزے کا ہاتھ پکڑ کر اسے اپنی عزت کا احساس دلانے لگا
"تو پھر اس چلتے ہوئے روڈ پر خود بھی چلتے ہوئے بنو،، اب میرا پیچھا کیا نہ تو واقعی تھپڑ کھاؤ گے"
شانزے غصے میں یہ بھی بھول گئی کہ تھوڑی دیر پہلے وہ اس کو جمشید سے بچا کر احسان نام کی کوئی چیز کر چکا ہے اور گھر کی طرف چل دی نوفل جو نائلہ سے ملنے جا رہا تھا اپنا ارادہ ملتوی کرتا ہوا کار میں بیٹھ کر پولیس اسٹیشن نکل گیا "بیٹا یقین جانو تمہیں اپنی آنکھوں کے سامنے صحیح سلامت دیکھ کر دل کو بہت اطمینان ہورہا ہے۔۔۔ ورنہ جس حالت میں تمہیں ایکسیڈنٹ کے بعد دیکھا تھا بہت برے خیالات آتے تھے" شام میں فرمان اور عشرت کے ساتھ عنایہ بھی نہال کے ہوش کی خبر سن کر ثروت کے گھر پر موجود تھی مگر اس وقت نے نہال کے کمرے میں فرمان اور عشرت کے علاوہ ثروت اور نمیر موجود تھے
"بے شک اللہ کی ہی ذات ہے جو تنکے میں جان ڈالنے والی ہے، میری وجہ سے آپ سب کو بہت پریشانی ہوئی مجھے اس بات کا افسوس ہے،، ماما نے بتایا تھا آپ کی بھی کافی طبیعت خراب ہوگئی تھی اب کیسی طبیعت ہے آپ کی"
نہال فرمان کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا فرمان نہال سے نظریں چرا گیا
"بس بیٹا اللہ پاک نے زندگی لکھی تھی یا پھر عنایہ کی فکر نے مرنے ہی نہیں دیا"
فرمان نہال کو دیکھ کر بولنے لگا۔۔۔ عنایہ کے نام سے نہال کے ذہن ایک بار پھر ان عنایہ کی طرف چلا گیا۔۔۔۔ فرمان اور عشرت کو دیکھ کر اسے حیرت ہوئی کہ عنایہ اس سے ملنے نہیں آئی۔۔۔ صبح سے سارے رشتے وقفے وقفے سے آئے سب کی کال آئی مگر اسے جس کا انتظار تھا،، انتظار انتظار ہی رہا
"خالہ جانی آپ بات نہیں کررہی مجھ سے،، کیا ناراض ہیں آپ"
عشرت کافی دیر سے خاموش بیٹھی تھی نہال اس کو دیکھتا ہوا پوچھنے لگا
"ارے نہیں چندا بھلا میں کیوں ناراض ہوگیں تم سے،، میں تو اب تمہاری ناراضگی کا سوچ رہی ہوں کہ تم کس کس سے ناراض ہوتے ہو" عشرت نے بہت میٹھے لہجے میں طنز کیا جس سے کمرے میں موجود تمام نفوس کو سانپ سونگھ گیا
"میں کسی سے کیوں ناراض ہو گا بھلا"
عشرت کی بات نہال کے سر پر سے گزر گئی اس لیے وہ پوچھنے لگا
"یہ بھی جلد معلوم ہو جائے گا بس تم حوصلہ رکھو" عشرت شیریں لہجے میں بولی
آج ثروت کو اپنی بہن کی باتوں پر دلی طور پر بہت افسوس ہوا جبکہ نمیر خار کھانے والی نظروں سے عشرت کو دیکھ رہا تھا
"خالہ جانی عنایہ کیسی ہے، وہ نہیں آئی یہاں پر"
نہال تھوڑا جھجکتا ہوا عشرت سے پوچھنے لگا
"بیٹا جانی عنایہ کو تو آپ بھول جاؤ"
عشرت مزے سے نہال کو بولی
"عشرت"
فرمان نے نظروں میں عشرت کو تنبیہ کرتے ہوئے کچھ بھی کہنے سے باز رکھا جبکہ ثروت اپنی بہن کو ملامتی نظروں سے دیکھنے لگی نمیر سے تو اب عشرت کا وجود اس کمرے میں برداشت کرنا مشکل ہو گیا اس لئے وہ خود کمرے سے باہر نکل گیا
"عنایہ کو بھول جاؤ مطلب کیا ہے اس بات کا"
نہال کو عشرت کا اس طرح بولنا برا لگا جبھی وہ عشرت سے پوچھنے لگا
"میرا مطلب ہے اسے بھول کر خود کو مکمل صحت یاب کرو اپنی فکر کرو اور خیال رکھو" عشرت فرمان کے گھورنے پر اب سنبھل کر بولی
*****
کل رات کو نمیر کا یوں اچانک چلے جانا عنایہ کو سمجھ میں نہیں آیا تھا مگر جب صبح بوا نے یہ خبر سنائی کہ نہال ہوش میں آگیا ہے تو چند منٹ کے لئے یہ خبر سن کر عنایہ سکتے میں چلی گئی ۔۔۔
فرمان کی پریشان نظریں،،، عشرت کی مذاق اڑاتی نظریں،، وہ صبح سے ہی دیکھ رہی تھی۔۔۔ فرمان کا دوپہر میں ڈاکٹر سے اپوائنمنٹ تھا وہ تینوں ہی ڈرائیور کے ساتھ شام میں نہال کو دیکھنے پہنچے فرمان اور عشرت تو نہال کے کمرے میں اس کو دیکھنے چلے گئے مگر عنایہ کے پاؤں جیسے کسی نے جکڑ لئے ہو۔۔۔ وہ وہی لان میں بیٹھ گئی وہ کافی دیر سے لان میں بیٹھی ہوئی کسی گہری سوچ میں گھم تھی اسے نمیر کے آنے کا احساس ہی نہیں ہوا
"یہاں کیوں بیٹھی ہوں اکیلے"
نمیر نہال کے کمرے سے نکلا تو داخلی دروازے سے لان میں اسے کرسی پر عنایہ بیٹھی ہوئی نظر آئی وہ کل رات کو اسے سے کچھ بتائے بغیر ہی آ گیا تھا،، عنایہ کو گہری سوچ میں گم دیکھ کر نمیر نے اسے متوجہ کرنے کے لیے سوال کیا
"کیوں اب یہاں بیٹھنے پر بھی پابندی لگائیں گے آپ"
عنایہ نے اپنے سامنے کھڑے نمیر سے منہ بنا کر پوچھا اسے نمیر کا کل رات والا انداز بالکل اچھا نہیں لگا تھا اور وہ نمیر سے خفا بھی تھی وہ اسے اپنی خفگی کا احساس دلانا چاہتی تھی
"تم کون سا میری پابند رہتی ہو وہ بیویاں اور ہی ہوتی ہیں جو اپنے شوہر کا حکم بجا لائیں ان کی خواہشات کا احترام کریں"
نمیر عنایہ کے پاس رکھی دوسری کرسی پر ریلیکس انداز میں بیٹھتا ہوا بولا تو عنایہ حیرت سے اسے دیکھنے لگی یعنی وہ اپنی خفگی کا اظہار کر رہی تھی مگر نمیر کے الٹے اس سے شکوے کم نہیں ہو رہے تھے
"اور کس طرح اپنا پابند بنانا چاہتے ہیں آپ کپڑے تک تو میں آپ کے لائے ہوئے آپ کی مرضی سے پہنتی ہو اب کیا ایکسپیکٹ کر رہے ہیں مجھ سے اپنا سر قلم کرکے آپ کے قدموں میں رکھ دوں"
عنایہ کو نمیر کے اوپر غصہ آنے لگا وہ اپنا غصہ جتاتی ہوئی بولی مگر شاید سامنے بیٹھے ہوئے شخص کو تو اس کے غصے کی پرواہ ہی کہاں تھی وہ ابھی بھی اپنی مسکراہٹ ضبط کیے عنایہ ہی کو دیکھ رہا تھا جس پر عنایہ تپ کر رہ گئی
"بیوی میری ہو تو کپڑے بھی میری پسند کے ہی پہنوں گی کوئی احسان تھوڑی کر رہی ہو میری ذات پر،، شوہر ہوں میں تمہارا،، میرا حکم ماننا تمہارا فرض ہے۔۔۔ اور تمہارے قلم ہوئے سر کا میں کیا کروں گا،، بات اپنے دل کی کرو تو شاید کچھ بات بنے"
نمیر عنایہ کا نازک ہاتھ تھام کر اسے دیکھتا ہوا بولا
"دل کے سودے زبردستی نہیں ہوتے"
عنایہ چڑتی ہوئی بولی۔۔۔ اسے معلوم تھا ان سب باتوں کا کوئی جواز نہیں ہے اب اسے زندگی بھی نمیر کے ساتھ ہی گزارنی ہے
"مگر جو چیز میری ملکیت میں آجائے میں اسے اپنی دسترس سے دور جانے نہیں دیتا" نمیر نے سنجیدگی سے اسے جتانے کے ساتھ اس کے ہاتھ پر دباؤ ڈالا۔۔۔۔ عنایہ شکوہ کرتی ہوئی نگاہوں سے اسے دیکھنے لگی شاید وہ اسے انسان نہیں کوئی چیز سمجھتا تھا جو زور زبردستی سے اسے حاصل کرلے
"ان شکوہ کرتی نگاہوں کا میں کیا مطلب سمجھو،، کل رات کونسا کچھ ہوگیا تھا ہمارے درمیان جو یوں ناراضگی دکھا رہی ہو"
نمیر نے جتنی بے باکی سے عنایہ کو دیکھتے ہوئے سوال کیا عنایہ کا چہرہ شرمندگی سے سرخ
ہوگیا۔۔۔ کل رات والا منظر یاد آنے پر وہ نظریں چرائے اٹھنے لگی مگر اس کا ہاتھ ابھی بھی نمیر کے ہاتھ میں تھا اور گرفت ایسی جیسے اب وہ اسے کبھی بھی نہیں چھوڑنے والا تھا
"کہاں جا رہی ہو"
نمیر کی نگاہیں اس کے چہرے سے گردن پر گئی کل رات کی طرح اس وقت بھی نمیر کے دل میں خواہش جاگی کے وہ اپنے ہونٹ عنایہ کی گردن پر رکھ دے
"ماموں جان کو بلانے کے لیے کافی دیر ہوگئی ہے، اب ہمیں واپسی کیلئے نکلنا چاہیے"
عنایہ نظریں ملائے بغیر بولی جیسے وہ نمیر کے دل کی خواہش سے باخبر ہو
"عجیب سا نہیں لگے گا تمہیں اپنے ماموں جان اور مامی کو یہ کہتے ہوئے کہ کافی دیر ہو گئی ہے اب آپ لوگوں کو چلنا چاہیے"
نمیر ایسے ہی اس کا ہاتھ پکڑے اس کا چہرہ دیکھتے ہوئے بولا
"کیا مطلب ہے آپ کی بات وہ دونوں اکیلے تھوڑی جا رہے ہیں میں بھی ان کے ساتھ جاؤں گی" اب کی بار وہ نمیر کو دیکھتی ہوئی بولی
"تم کہیں نہیں جا رہی ہوں ایک دن ہی کافی ہے بعد میں کبھی میرا موڈ ہوا تو چھوڑ دوں گا تمھیں مزید ایک دن کے لیے"
نمیر کے اتنے آرام سے بولنے پر عنایہ سلگ کر رہ گئی
"میں اپنا سارا سامان لے کر نہیں آئی ہوں میرے کپڑے وہی پر موجود ہیں اور ماموں جان جب پوچھیں گے کہ میں ان کے ساتھ کیوں نہیں جا رہی ہوں تو میں کیا بولوں گی"
عنایہ کو ایک بار پھر اس پر غصہ آنے لگا
"تمہارے کپڑے کل ڈرائیو لے کر آ جائے گا اور رہی بات فرمان خالو کی،، تو انہیں صاف کہہ دینا میرا شوہر مجھے واپس بھیجنے کے موڈ میں نہیں سمپل"
نمیر نے بڑے پرسکون انداز میں اس کے مسئلے کا حل نکالا اور خود بھی اٹھ کر کھڑا ہوگیا
"میں آج صوفے پر ہی سوو گی"
عنایہ غصے میں اپنا ہاتھ اس سے چھڑاتی ہوئے بولی
"کوشش کرکے دیکھ لینا"
نمیر اسے چیلنج کرتا ہوا گھر کے اندر چلا گیا