تاروں سے بھرے آسمان تلے درانگ ولاس کے لان میں دلکش سماں تھا۔ دو تقریبات ایک ساتھ تھیں۔
نوین اور کنزا کا نکاح ساتھ انل اور جیسیکا کی نسبت ۔ انل جیسیکا سے شادی پاکستان جا کر اپنی قیمیلی کے ساتھ مل کر کرنا چاہتا تھا اس لئے یہاں صرف نسبت طے کی تھی۔
کنز پارکر نے اسلام قبول کر لیا تھا اور اسلامی نام کنزا رکھا تھا۔ روبی اسفند سبرینا بر ھان سب کے ساتھ ہنستے مسکراتے دلوں کی کدورتیں مکمل ختم کر چکے تھے۔ کھلتے مسکراتے چہرے نفرتوں اور حسد سے پاک تھے۔ انل سیاہ سوٹ میں ملبوس بھرپور مسکراہٹ لبوں پر سجائے کچھ دور کھڑی جیسیکا کو محبت سے دیکھ رہا تھا۔ جو کسی کو اپنے ہاتھ میں موجود نسبت کی انگوٹھی دکھاتے ہوئے ہنس رہی تھی۔ چاندی رنگ جھلملاتی میکسی میں وہ بے حد حسین لگ رہی تھی۔ وہ یونہی محبت پاش نگاہوں میں جیسیکا کا سراپا نگاہوں میں سمو ئے مسکرا رہا تھا جب اچانک کان کے پاس دران کی رعب دار آواز ابھری ۔
"پتا ہے نہ کون ہے وہ ؟ اَس کا چہرہ ایسے ہی مسکراتا رہنا چاہیے۔ "
وہ جو جیسیکا کو محبت سے دیکھنے میں مگن تھا سٹپٹا کر پلٹا ۔ دران مسکراہٹ دبائے جویریہ کے ساتھ اس کے بالکل پیچھے کھڑا تھا۔ جویریہ بھی لبوں پر ہاتھ رکھے شرارت سے مسکرا رہی تھی۔ وہ دونوں شاید کافی دیر سے اس کے پیچھے کھڑے اسی کو دیکھ رہے تھے۔ انل جھینپ کر خجل ہوا۔
دران سیاہ کرتے میں ملبوس تھا تو وہ نیلی ساڑھی میں نفاست سے تیار اس کے ساتھ کھڑی جچ رہی تھی۔ انل نے اپنی کیفیت پر قابو پا کر مصنوعی سنجیدگی طاری کی اور فوراً جویریہ کی طرف اشارہ کیا۔
"تمہیں پتا ہے یہ کون ہے؟ اس کا چہرہ بھی اسے ہی مسکراتا رہنا چاہیے۔ "
انل کے ترکی بہ ترکی جواب پر جویریہ کھلکھلا اٹھی جبکہ دران نے مصنوعی تیوری چڑھائی ۔
"ٹانگ اوپر رکھنے کے لئے فوراً میری بیوی کو بہن بنا لیا۔ واہ "
"فوراً نہیں بنایا۔ میری بلڈنگ میں رہنے والی ہر لڑکی میری بہن ہی تھی اور جویریہ تو ویسے بھی بہت خاص ہے کیونکہ وہ میرے جگر کی بیوی ہے۔ "
انل نے محبت سے مسکراتے ہوئے کہا اور آنکھ کا کونا دبایا۔
"میں ان ایموشنل ڈائیلوگ سے پگھلنے والا نہیں ہوں۔ وہ کیا کہتے ہیں ! اسے کیا رشتہ ہے اس کے ساتھ میرا ؟ دران نے ٹھوڑی پر ہاتھ رکھے بھنویں اچکا کر جویریہ کی طرف دیکھا جو ان دونوں کی باتوں سے لطف اٹھاتی ہنس رہی تھی۔
"سالا لگے آپ انل بھائی کے۔ "
"رشتہ ہے یا گالی ؟ "
دران نے ایک آبرؤ چڑھائے پوچھا تو جویریہ کے ساتھ انل بھی بھرپور قہقہ لگا گیا۔
"رشتہ ہی ہے۔ "
جویریہ نے بمشکل ہنسی پر قابو پا کر جواب دیا۔ دران نے لب بھینچ کر مصنوعی سنجیدگی طاری کی۔
" ہوںجتو انل یوسف جی بچپن میں تمہیں مار سے بچانے کا یہ واحد نقصان ہوا مجھے کہ تم آ میری بہن کے شوہر اور میں تمھارا سالا بن گیا۔ "
"رشتہ کوئی بھی ہو تم میرے دران ہو ہمیشہ سے اور رہو گے۔ کوئی سالے بہنوئی والا ٹیپکیل ریلیشن نہیں ہو گا ویسے بھی تمہاری بہن کے لئے تو میں اب بھی پی اے ہی ہوں تمھارا ۔ "
انل کی بات پر تینوں کا یک جان جاندار قہقہ فضا میں گونجا ۔ جیسیکا بھی مسکراتی ہوئی پاس آ چکی تھی۔
"اردو میں بات مت کیا کریں مجھے کچھ سمجھ نہیں آتا۔ بھابھی کیا یہ میرے خلاف بات کر رہے تھے؟ "
"جیسیکا نے خفگی سے منہ پھلا ئے جویریہ سے سوال کیا تو دران اور انل تو ہنسنے لگے جبکہ جویریہ نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے محبت سے جیسیکا کو پچکارا ۔ سب ایک ساتھ ہنس دیے تھے۔
***
لان کے پرسکون ماحول میں دران کی آواز میں گونجتی قرآن کی تلاوت کھلتی شام کو فسوں خیز بنا رہی تھی۔ دران آنکھیں بند کئے سورا رحمان کی آیات کی تلاوت کر رہا تھا اور سامنے کی دو نشستوں پر کنز ااور جویریہ سلیقے سے سکارف لئے دھلے شفاف چہروں کے ساتھ بیٹھیں اسے غور سے سن رہی تھیں۔
پچھلے چھ ماہ سے وہ دونوں در ان سے قرآن کی تلاوت اور تلفظ کی ادائیگی سیکھ رہی تھیں اور آج شام بھی دونوں نے دران کو فارغ دیکھ کر قابو میں کر لیا تھا۔
دران نے آیات ختم کرنے کے بعد آنکھیں کھولیں اور کنزا کی طرف دیکھا انہوں نے اسی آیات کی تلاوت بہت خوبصورتی سے کی دران نے گردن گھما کرجویریہ کی طرف رخ کیا۔
اس نے گلا صاف کیا اور آیات کی تلاوت شروع کی۔ دران کی پیشانی پر شکن نمودار ہوئے اور چہر غصے ے زاویے کے تاثرات میں تبدیل ہو گئے۔ وہ تیسری بار وہی غلطی دہرا رہی تھی۔ ایک مخصوص لفظ کی ادا ئیگی پر آ کر وہ ہر بار وہی غلطی کر رہی تھی۔
"پھر وہی غلطی دھیان کہاں ہے تمھارا ؟ مما کی طرح ادا کرو جیسے وہ کر رہی ہیں۔ "
دران نے اس دفعہ ڈیٹ کر کہا تو وہ جو انہماک سے تلاوت کر رہی تھی سہم کر رکی اور پھر روہانسی صو رت بنائے اس کی طرف دیکھا جو غصے سے پیشانی پر بل ڈالے اسے ڈانٹ رہا تھا۔
"دران ڈانٹیں مت کوشش تو کر رہی ہوں۔ "
"خاک کوشش کر رہی ہو۔ ایک گھنٹہ ہو گیا تلفظ درست ہو کے نہیں دے رہا۔ "
"دران آرام سے بات کرو۔ "
کنزا نے دران کی سختی کو دیکھتے ہوئے گھور کر تنبہیہ کی۔ جویریہ ایک دم سے اپنی جگہ سے اٹھی۔
"مما آپ پڑھ لیں۔ مجھے ان سے نہیں پڑھنا ۔ میں کل آپ سے پڑھ لوں گی۔ "
بھاری ہوتی آواز میں کہہ کر وہ بنا دران کی طرف دیکھے قرآن کو سینے سے لگائے آگے بڑھی جبکہ وہ دونوں ہاتھوں کو ہوا میں اٹھائے گہری سانس لے کر کرسی کی پشت سے ٹیک لگا گیا۔
" دران یہ غلط ہے بیٹا ۔ پڑھا تے ہوئے غصہ کنٹرول میں رکھا کرو۔ چلو میں بھی جا رہی ہوں۔ تم مناؤ جا کر اسے ۔ کنزا خفگی سے گھورتی ہوئیں اپنی جگہ سے اٹھیں ۔ دران نے ایک آنکھ بند کئے چہرے کا زاویہ بدلا ۔
"مجھے منانا دنیا کا سب سے مشکل کام لگتا ہے۔ "
"ہاں وہ اس لئے کہ وہ کبھی ناراض نہیں ہوتی۔ بہت اچھی لڑکی ہے اور تم بالکل اپنے باپ جیسے لا پرواہ اٹھو اور فوراً جاؤ اسے مناؤ ۔ "
کنزا صیح کہہ رہی تھیں۔ اس نے کچھ زیادہ ہی ڈانٹ دیا اور اب خود بھی احساس ہو رہا تھا۔ عام طور پر وہ اس کے یوں ڈانٹ دینے اور کبھی کبھار غصہ کرنے پر ناراض نہیں ہوتی تھی لیکن کبھی ہو بھی جاتی تھی۔
"ہوں آپ بہت ایموشنل کر رہی ہیں۔ اوکے جا رہا ہوں منانے ۔ "
دران ایک جھٹکے سے کرسی کے بازؤں پر وزن ڈالے اپنی جگہ سے اٹھا تو کنزا سر کو تاسف میں ہلاتی مسکرا دیں۔ دران جیسے ہی کمرے کا دروازہ کھول کر داخل ہوا تو وہ جو بیڈ کے کراؤن سے ٹیک لگا نے اپنی مخصوص جگہ پر روہانسی بیٹھی تھی فوراً غصے سے سائیڈ میز سے کتاب اٹھا کر گود میں دھر لی۔
اس کے خفا سے انداز پر وہ مسکراہٹ دباتا ہوا چند سکینڈ میں ہی اس کے سر پر کھڑا تھا۔ کچھ پل اس کی مانگ کو گھورتے رہنے کے بعد اس کے سامنے براجمان ہوا اور ہاتھ بڑھا کر اس کی گود میں کھلی کتاب بند کر دی۔
جویریہ نے غصے سے لب بھینچے اور پھر سے کتاب کھول لی۔ دران نے پھر سے بند کی تو اس نے غصے سے چہرہ اوپر اٹھایا۔
"کیا ہے؟ "
"ہے تو بہت پیار لیکن کیا تم ایسے بات کرو گی مجھ سے ؟ "
"آپ چاہے جیسے بھی بات کریں ؟ "
خفا لہجے میں ہلکی سی لغزش ابھری ۔
"میں تو شروع سے ایسا ہی ہوں ؟ تمہیں ایسے ہی دران سے پیار ہوا تھا لیکن تم تو ایسی نہیں تھی۔ "
دران نے محبت سے اس کے خفا چہرے کو ٹھوڑی سے پکڑ کر سیدھا کیا۔ بڑی بڑی سیاہ آنکھوں میں چمکتے آنسو دل مسوس گئے۔
"قرآن پڑھاتے ہوئے مت ڈانٹا کریں۔ "
بڑے ناز سے کہا اور اس کے گال کو چھوتے ہاتھ کو خفگی سے نیچے کیا۔
"ٹھیک ہے نہیں ڈانٹا کروں گا اس کی جگہ سزا دے دیا کروں گا۔ ٹھیک ہے۔ "
دران شرارت سے کہتا ہوا قریب ہوا تو وہ کندھے پر ہاتھ رکھے پیچھے کرتے ہوئے مسکرا دی۔
"جی نہیں۔ "
"یہ بات غلط ہے۔ دونوں میں سے ایک کام تو ہو گا۔ ڈانٹ نہیں سہہ سکتی تو پھر سزا۔ "
بس در ان نے مبہم سی مسکراہٹ چھپاتے ہوئے کہا تو وہ پل بھر میں ہی خفگی بھلائے مسکرا دی۔ اتنا سا ناراض ہی تو ہو پاتی تھی وہ۔
***
درانگ ولاس کے لان میں چار سالہ ہالہ کے رونے کی آواز گونج رہی تھی وہ اپنے گھٹنے کے بہتے خون کو دیکھ کر بھل بھل آنسوبہا رہی تھی۔ وہ سائیکل سے نیچے گر کر گھٹنے پر چوٹ لگوا چکی تھی۔ قر یب بیٹھی جویریہ اس کے آنسو صاف کرتے ہوئے مسلسل اسے سمجھا رہی تھی۔ چھ سالہ حدید دران اس کے قریب کھڑا تھا اور سوئمنگپول کے پاس دران لیپ ٹیپ پر کام میں مصروف تھا۔
"ہالا بیٹے بہت معمولی چوٹ ہے روتے نہیں ہیں بہادر بنو ۔ "
"روتے تو لڑکے نہیں ماما ۔ لڑکیاں تو ہر بات پر روتی ہیں۔ اس لئے لڑکے بہادر ہوتے ہیں یہ بہادر نہیں بن سکتی پاس کھڑے حدید کی بات پر جویریہ نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔ ماتھے پر بل ڈالے سوال کیا۔
"آپ کو کس نے یہ بات سکھائی بیٹے ؟ "
"اسفند دادا نوین داد سب یہی کہتے ہیں۔ لڑکے نہیں روتے وہ بہادر ہوتے ہیں صرف لڑکیاں روتی ہیں۔ " "غلط بالکل غلط لڑکے بھی روتے ہیں۔ ان کو بھی رونا آ سکتا ہے۔ لڑکوں کی بہادری نا رونے میں نہیں بلکہ کسی کو نہ رولانے میں ہے۔ کسی کمزور کو تکلیف نہیں دینی چاہیے جیسے کہ کسی بھی لڑکی کی آنکھ میں آپ کی وجہ سے کبھی آنسو نہیں آئے اصل بہادری یہ ہے۔ "
جویریہ نے ٹھہر ٹھہر کر اپنی بات مکمل کی تو حدید نے الجھ کر انگلی گال پر رکھ لی۔
"ماما سب سے بہادر تو میرے بابا ہیں۔ کیا وہ بھی روئے ہیں کبھی ؟ "
"ہاں بابا بھی روئے تھے۔ "
"کب ماما ؟ "
"جب ان کی وجہ سے ماما کی آنکھ میں آنسو آئے تھے۔ "
وہ محبت سے سمجھاتے ہوئے مسکرا دی جبکہ حدید چمکتی آنکھوں کے ساتھ سر کو اثبات میں ہلا گیا۔ اس کے لئے بہادری اب نہ رونے میں نہیں نہ رولانے میں تھی۔
اس کے موبائل کی گھنٹی پر وہ فون کان سے لگاتی اپنی جگہ سے اٹھی جبکہ حدید اب اپنی بہن کے آنسو صاف کر رہا تھا "ہیلو ۔ "
فون کان سے لگائے وہ ایک طرف ہوئی۔ نمبر دیکھ کر ہی اندازہ ہو گیا تھا فون کہاں سے آیا ہے۔
"مسز باسل اگلے مشن کے لئے باسل نے آپکو ساتھ لانے سے منع کر دیا ہے۔ "
فون میں سے بھاری آواز ابھری ۔ جویریہ نے آنکھوں کو سکٹر کر دور لیپ ٹاپ پر کام کرتے دران کی طرف دیکھا اور پھر مسکرائی ۔
"چلیں پھر ان سے ملاقات مشن پر ہی ہو گی۔ "