Chapter 52: باب 52

دروازے پر بجتی مسلسل گھنٹی کے باعث وہ تیز تیز قدم اٹھاتی دروازے کی طرف بڑھ رہی تھی۔ اسفند سے شادی کئے اسے دو ہفتے ہو گئے تھے۔ اس نے اسفند کی مدد نہ صرف اس سے شادی کر کی تھی بلکہ اس کو اپنے ہی کیفے میں ملازمت بھی دلوا دی تھی اور اب وہ دونوں پچھلے دو ہفتوں سے ایک ہی فلیٹ میں رہ رہے تھے۔

آج چھٹی کا دن تھا۔ اسفند کچھ دیر پہلے ہی کسی کام سے گھر سے باہر گیا تھا۔

اس کے جانے کے کچھ دیر بعد ہونے والی گھنٹی پر وہ یہی سمجھ رہی تھی کہ دروازے پر اسفند ہی ہے لمبے لمبے ڈگ بھرتی وہ دروازے پر پہنچی اور عجلت میں بنا پوچھے دروازہ کھول دیا۔ دروازہ کھلتے ہی اسے ایک زور کا دھکا ملا۔ وہ لڑکھڑا کر ایک طرف ہوئی۔ گھر میں داخل ہونے والا نوین تھا۔ غصے میں لال چہرہ شیو بڑھی ہوئی۔ وہ ایک پل کے لئے ششدر ہوئی۔

"یہ کیا بدتمیزی ہے نوین ؟ "

وہ چیختی ہوئی پلٹی جبکہ نوین لاؤنج کے وسط میں کمر کے دونوں اطراف پر ہاتھ رکھے غصے میں لال پیلا کھڑا تھا۔

"بدتمیزی! اور تم جو کرتی پھر رہی ہو؟ اسے کیا نام دو گی ہاں "

اسے نہ صرف اس فلیٹ کا پتا چلا تھا بلکہ یقیناً اس کی اور اسفند کی شادی کی خبر بھی ہو چکی تھی۔ کنز نے گہری سا نس لی اور چند قدم آگے بڑھ کر اس کے مقابل آ کھڑی ہوئی۔

"تم بھول رہے ہو شاید کہ تم مجھے چھوڑ چکے ہو۔ رعب کس بات کا چلا رہے ہو۔ میں تمھاری ملکیت نہیں ہوں اب ۔ "

"ہاں چھوڑ دیا ہے لیکن کیا تم اس کی سزا کے طور پر مجھے جلانے کے لئے اور میری ضد میں آ کر میرے بھائی سے شادی کر لو گی۔ "

"میں نے اسفند سے تمہیں جلانے کے لئے یا ضد میں شادی نہیں کی کی ہے۔ اس نے مشکل میں میری مدد کی تھی۔ میں نے اس کی کر دی۔ "

"میری ضد میں کی ہے میں جانتا ہوں۔ "

" تمھاری ضد میں کرنی ہوتی تو مارٹن سے کرتی جو آج بھی مجھسے شادی کر نے کے لئے تیار ہے اور محبت کرتا ہے مجھ سے۔ "

"تم مارٹن سے مل رہی ہو ! تم اس کے پاس کیوں گئی ؟ "

اب کی بار تو نوین کے غصے میں اضافہ ہو چکا تھا۔ وہ دانت پیستا ہوا اس پر جھکا تھا۔

"کیا میں تمہیں جواب دہ ہوں ؟ "

کنز نے غصے سے گھورتے ہوئے لببھینچے ۔

"تم ہو۔ "

"میں نہیں ہوں۔ میں جس سے بھی ملوں جس سے بھی شادی کروں یہ اب تمھارا مسئلہ نہیں ہے نو ین اور نہ ہونا چاہیے۔ "

"تم مارٹن کی نیت سے واقف ہو نہ ؟ تم نے مجھے تو میری ایسی غلطی کی سزا دے دی جو میں نے انجانے میں بہک کر سر انجام دے دی اور خود مارٹن جیسے گھٹیا انسان سے ملنا جلنا شروع کر دیا۔ "

"تمہیں کیوں اتنی فکر ہے اب میری اور تم سے اچھا ہی ہے وہ بلکہ دنیا کا ہر مرد تم سے اچھا ہے۔ "

کنز نے چہرے کو آگے کرتے ہوئے زہر خندہ لہجے میں اس پر تیر برسائے ۔ وہ جھنجلا گیا تھا۔ حالت سے صاف ظا ہر تھا کہ وہ اس کے بنا ٹوٹ چکا ہے لیکن اس محبت کو لے کر وہ کیا کرتی جب اسے احساس نہیں تھا اور اس کی خاطر وہ سب نہیں چھوڑ سکتا تھا جو وہ چاہتی تھی۔

"کنزی تم مجھ سے محبت کرتی ہو۔ "

"کرتی تھی۔ اب نہیں کرتی۔ اب میں نفرت کرتی ہوں تم سے۔ "

نفرت کے لفظ پر اس کی کنپٹی کی رگیں تن گئی تھیں۔ اس نے ایک جھٹکے سے کنز کو اپنے قریب کیا اور اس کا گلا دبوچ لیا۔

"جھوٹ ۔۔ ۔ بالکل جھوٹ بول رہی ہو۔ تم مجھ سے نفرت نہیں کر سکتی ہو۔ "

"نوین چھوڑو مجھے ۔ مجھے درد ہو ۔۔ ۔ رہ۔ ۔ رہا ہے۔ "

کنز کی گھٹتی آواز اور ہا تھ پاؤں مارنا ناکام جا رہا تھا۔ نوین غصے میں بھرا اس کی حالت سے بے خبر ہاتھ کی گرفت کو مضبوط کر رہا تھا جب اچانک دروازہ کھلا اور اسفند جو کسی کام سے واپس لوٹا تھا سامنے کا منظر دیکھ کر حیرت سے پل بھر کو ساکن ہوا پھر پاگلوں کی طرح بھاگتا ہوا دروازے سے لاؤنج تک پہنچا۔

"نوین بھائی یہ کیا کر رہے ہیں آپ ؟ "

قریب آ کر وہ نوین پر جھپٹ پڑا تھا۔ نوین نے ایک جھٹکے سے دور کیا۔ اسفند لڑکھڑا کر پھر سے آگے بڑھا اور اب کی بار زیادہ قوت سے اس کے بازو کو جھٹکا ۔

"نوین بھائی چھوڑیں انہیں ۔ "

نوین کے ہاتھ کی گرفت ڈھیلی پڑتے ہی کنز بری طرح لڑھک کر اسفند کے گلے لگی۔ وہ بری طرح کھانس رہی تھی جبکہ اسفند اس کی پشت شہلا رہا تھا۔ نوین آنکھیں چندھی کئے اب سامنے کے منظر کو دیکھ رہا تھا۔

چند سکینڈ یونہی گزرے جب اچانک تالی بجنے کی آواز گونجی ۔ اسفند نے چونک کر نگاہ اوپر اٹھائی ۔

"اوہ ۔۔ ۔ خوب ۔۔ ۔ اب سمجھا میں سب ۔ "

نوین تالی بجاتا استہزائیہ مسکراہٹ لبوں پر سجائے ہوئے تھا۔

"تم ٹھیک کہہ رہی تھی کنزی ۔ تم نے مجھے جلانے یا میری ضد میں شادی نہیں کی بلکہ محبت میں شادی کی ہے۔ دونوں کا اکٹھے میرے گھر سے نکلنا اور پھرایک ساتھ رہنا ۔ "

نوین انگشت کو ہوا میں دائیں بائیں جھلا تا طنزیہ لہجے کے ساتھ بات کرتا ہوا چند قدم آگے بڑھا ۔ وہ دونوں ناسمجھی سے اس کی طرف دیکھ رہے تھے۔

"واہ کیا منصوبہ تھا۔ داد دینی پڑے گی تم دونوں کو ۔ "

غصے نو ین نے استہزائیہ لب باہر نکالے اور پھر سے پھنکارتا ہوا اسفند کی طرف متوجہ ہوا۔

"اور تم ۔۔ ۔ "

غصے سے انگلی اسفند کی طرف تانی جبکہ کنز اب سانس بحال کرتی ہوئی اسفند کے دائیں طرف کھڑی تھی۔

"گھٹیا انسان تم تو میرے بھائی تھے۔ میری ہی بیوی پر گندی نظر رکھی۔ شرم نہیں آئی تمہیں ۔ "

"نوین بھائی ۔ غلط بات مت کریں ایسا کچھ بھی نہیں جیسا آپ سوچ رہے ہیں۔ "

اسفند نے تذبذب میں اپنی صفائی پیش کرنی چاہی لیکن وہاں معاملہ بہت سنگین ہو چکا تھا۔ اس سے پہلے کہ وہ نرمی سے نوین کو سمجھاتا ہوا آگے بڑھتا ۔ نوین نے ایک دم سے جیب سے بندوق نکال کرس پر تان دیا۔

"اچھا کیسا ہے پھر بتاؤ ۔ "

"نوین ۔۔ ۔ یہ کیا کر رہے ہو؟ "

کنز ایک دم چیخ کر آگے ہوئی۔

"میں اسے مار دوں گا۔ "

نوین نے زہریلی مسکراہٹ کے ساتھ ایک نگاہ کنز کی طرف دیکھا اور پھر جبڑے بھینچتا ہوا اسفند کی طرف متوجہ ہوا جو تاسف سے نوین کی طرف دیکھ رہا تھا۔

"نوین نیچے کرو گن گولی چل جائے گی۔ پاگل مت بنو ۔ "

کنز اور اونچی آواز میں چیخی تھی لیکن اس پر تو جیسے کوئی اثر نہیں تھا۔

"مار دوں گا میں اس کو ۔ "

"ٹھیک ہے پہلے مجھے مارو پھر اسے مارو اور جاؤ "

کنز ایک دم سے بازو پھیلاتی اسفند کے آگے کھڑی ہوئی۔ وہ غصے سے کانپ رہی تھی جبکہ اسفند اب بھی ساکن کھڑا تھا۔

ایک ۔۔ ۔ دو ۔۔ ۔ تین۔۔۔ ۔ سکینڈ

"تم۔۔ ۔ "

نوین نے غصے سے لب بھینچ کر بندوق نیچے کی اور جیب میں ڈال لی۔

"لی میری بات کان کھول کر سنو ۔ حب چاپ پاکستان واپس لوٹ جاؤ نہیں تو اگلی بار گو تم دونوں کو چیر تی ہوئی آگے جائے گی۔ "

نوین نے انگلی اسفند کی طرف کرتے ہوئے دھمکی دی اور پھر لمبے لمبے ڈگ بھرتا دروازے کی طرف بڑھ گیا۔

کنز سرعت سے پلٹی اور اسفند سے لیٹ گئی۔ وہ پھوٹ پھوٹ کر رو رہی تھی۔

اسفند نے بے اختیاری میں اپنی بانہوں کا گھیرا اس کے گرد حائل کیا۔ وہ اس وقت تکلیف میں تھی بے تحاشہ تکلیف اور اسفند کا یوں اس کے گرد بانہوں کو حائل کر دینا جیسے جلتے اعصابوں پر مرحم کی طرح تھا۔

وہ تھکن سے چور تھی اور اسفند کا یہ شفقت بھرا ساتھ اسے تقویت بخش گیا۔ یہ کمزور لمحہ انہیں سب بھلا گیا تھا۔ رات کا پہر دھیرے سے سرکتے ہوئے دونوں کے بیچ وہ لمحہ لے آیا تھا جس کے بارے میں دونوں نہیں سوچا تھا۔ یہاں دلوں میں محبت نہیں تھی بس ایک رشتہ ایک لمحہ یا پھر ایک دوسرے کی تکلیف کا احساس تھا۔

***

کراچی کا موسم گرم تھالیکن ائیر کنڈیشن کمرے میں ماحول ٹھنڈا اور خوشگوار تھا۔ جویر یہ نے آہستگی سے مسکراتے ہوئے صوفے کی پشت سے ٹیک لگائی جبکہ سنایا کی کھنکتی ہنسی پورے کمرے میں گونج رہی تھی۔

" مجھے تو اب ہنسی آ رہی ہے سوچ سوچ کر ۔ یاد ہے جب پہلی دفعہ دران بھائی کو دیکھا تھا؟ بارش میں بھیگتے ہوئے اف۔۔۔ ۔ "

"ہاں وہ لمحہ کیسے بھول سکتی ہوں۔ "

وہ دلکش مسکراہٹ کو گہرا کر گئی۔ پاکستان پہنچے آج دوسرا دن تھا وہ سیدھا سنایا کے گھر آ ئی تھی۔ سنایا کا شوہر اس کا بھی کذن تھا اور وہ بہت اچھا انسان تھا۔ سنایا اپنے گھر میں بہت خوش تھی۔ اس کی بیٹی کے بعد اب ایک بیٹا تھا۔ گھر کے حالات بہت اچھے تھے۔

دو ماہ پہلے جان اس دنیا سے رخصت ہو گیا تھا لیکن اسے کسی نے خبر نہیں دی تھی۔ اب سنایا سے پتا چلنے پر وہ کل سے رو رو کر اپنا برا حال کر چکی تھی۔ اب جا کر سنایا نے دران کی باتیں کرتے ہوئے اس کے ذہن کو بانٹنے کی کوشش کی تھی۔

"جوی میں بہت بہت خوش ہوں تمھارے لئے اور ابا تم سے ناراض نہیں تھے۔ جاتے ہوئے انہوں نے مجھے پاس بلا کر تمھارے بارے میں پوچھا تھا کہ کیسی ہے وہ ؟ کہاں ہے؟ "

سنا سنا نا نے محبت سے دیکھتے ہوئے آہستگی سے اسے بتایا۔ نا کی باتوں پر پل بھر میں ہی اس کی موٹی آنکھوں میں آنسو چمک گئے۔

"ہوں ۔ "

وہ بمشکل ہنکارہ بھر سکی اور آنسو گال پر لڑھک گئے۔

"پھر سے رونا شروع۔ اوہ میرے خدا میں نے کیوں ذکر کیا۔ "

سنایا تاسف سے اسے ڈانٹتی ہوئی اپنی جگہ سے اٹھی اس کی طرف بڑھی ہی تھی جب جویریہ کے موبائل پر بجتی گھنٹی پر متوجہ ہوئی۔ موبائل پر دران کا نام جگمگا رہا تھا۔

"مجھے دو ذرا ۔ "

اس سے پہلے کہ جویریہ فون اٹھاتی اس نے اچک کر موبائل اس کے ہاتھ سے لیا اور جھٹ سے کان سے لگایا۔ "ہیلو ۔ دران بھائی کیسے ہیں سنایا بات کر رہی ہوں۔ "

فون اٹھاتے ہی وہ پر جوش انداز میں تڑاخ تڑاخ بول گئی تو دوسری طرف چند سکینڈ کی خاموشی کے بعد آواز ابھری "جی میں ٹھیک ہوں۔ جانتا ہوں آپکو ۔ "

"جی لیکن آپ یہ نہیں جانتے کہ آپ کی بیوی نے یہاں آ کر ابھی تک رونے کے سوا اور کوئی کام نہیں بس کیا۔ روئے چلے جا رہی ہیں۔ میں نے تو بہت سمجھایا ہے لیکن میری بات تو آج تک نہیں مانی انہوں نے۔ اب آپ ہی سمجھا کر دیکھ لیں۔ "

ٹر ٹر بولتی وہ ایک ہی سانس میں جویریہ کی گھورتی نظروں سے بے نیاز دران کو اس کی شکایت لگا گئی۔ دران بے ساختہ مسکرا دیا۔ آؤٹ ڈور کا دروازہ کھولا اور باہر آ گیا۔

"لیں بات کریں اپنی بیوی سے اور سمجھائیں اسے کہ تھوڑے عرصے کے لیے یہاں آئی ہے روتی رہے گی کیا سنایا نے چہکتے ہوئے کہا اور فون خفا سی بیٹھی جویریہ کی طرف بڑھایا ۔ جویریہ نے اسے گھو رتے ہوئے فون پکڑ کر کان سے لگایا اور آہستگی سے گویا ہوئی۔

"ہیلو ۔ "

"رو رہی تھی؟ "

دوسری طرف فوراً رعب جھاڑا گیا۔ سوئمنگپول کے گرد چکر لگاتے ہوئے وہ واقعی اس کے رونے پر پریشان دکھائی دے رہا تھا۔

"نہیں تو ۔ "

لبوں کو آپس میں ملائے صاف جھوٹ بولا اور شرارت سے دیکھتی سنا نا کو گھور کر دیکھا۔

"میں تو یہ سمجھ رہا تھا کہ میری یاد تمہیں اور کچھ نہیں کرنے دے گی لیکن تم تو پاکستان جا کر ایسے بھولی ہو کہ ایک کال تک نہیں کی۔ "

دران کے شکوے پر وہ واقعی رونا بھول کر ایکدم سے سیدھی ہوئی۔

"دران ہر آدھے گھنٹے بعد تو بات ہو رہی ہے ہماری ۔ "

"ہاں ہو رہی ہے لیکن فون تو میں کر رہا ہوں نہ ہر بار ۔ "

"تو ایک ہی بات ہوئی آپ کریں یا میں کروں۔ "

محبت سے کہہ کر دران کو لاجواب کر دیا۔ وہ دلکش انداز میں مسکرا دیا۔

"ہوں پوائنٹ ۔ "

وہ مسکرائی جبکہ دران اب خفگی سے اگلا شکوہ کر رہا تھا۔

"میں تو یہ سمجھ رہا تھا کہ اب تمھاری آنکھوں میں کبھی آنسو نہیں آئیں گے لیکن میں غلط تھا۔ میں تمہیں ہر خوشی دینے میں کامیاب نہیں ہوں۔ "

وہ ایک دم سے سنجیدہ ہوئی۔ آنکھوں میں پھر سے آنسو چمکنے لگے۔ ہاں وہ سچ کہہ رہا تھا۔ دنیا میں کوئی بھی انسان آپ کے ماں باپ کا نعم البدل نہیں ہو سکتا پھر چاہے وہ بہت چاہنے والا شوہر ہی کیوں نہ ہو۔

"دران مجھے ابا بہت یاد آ رہے ہیں ۔۔ ۔ میں اماں سے ملنا چاہتی ہوں۔ جووت کو گلے لگانا چاہتی ہوں اور میرِی کو چومنا چاہتی ہوں۔ "

"بس اتنی سی خواہش ۔ "

دران کی بات پر وہ آنسو صاف کرتی مزید رو دی۔

"میں آتا ہوں تو دونوں ملنے جائیں گے۔ جووت وہی ہے نہ چھوٹا ؟ پارک میں کرکٹ کھیلا کرتا تھا؟ "

"ہاں وہی ہے۔ "

"تم اسے لینے آئی تھی نیچے ۔ "

"آپ کو یاد ہے؟ "

رونا بھول کر حیرت سے سوال کیا۔ دران نے شرارت سے لب بھینچے ۔

"ہاں تم گھورتی بہت تھی اس لئے یاد ہے۔ "

دران کی بات پر بے ساختہ اس کا منہ کھل گیا۔ جبکہ وہ اب شرارت سے ہنستے ہوئے اس کے جواب کا منتظر تھا۔ "جی نہیں۔ ایسا بالکل نہیں تھا۔ "

"جی ہاں ۔ ایسا ہی تھا۔ بہت گھورتی تھی۔ میں سوچتا تھا اس لڑکی کو کیا مسئلہ ہے ایسے کیوں دیکھتی ہے مجھے ۔ ہاں مانا خوبصورت ہوں لیکن کیوں گھورتی ہے مجھے ۔ "

"آپ شرمندہ کر رہے ہیں مجھے ۔ "

خفگی بھرے لہجے میں کہتی وہ اس کی شرارت کو ہوا دے گئی۔

"تمھارے کام شرمندہ ہونے والے ہی تھے۔ "

"کیا ۔۔۔ ۔ "

اب کی بار تو وہ چیخ اٹھی۔ دران کا قہقہ گونج رہا تھا۔ وہ مصنوعی خفگی سے کشن کو گھور رہی تھی۔

"ہاں وہ یاد نہیں چھت پر کیسے چمٹ گئی تھی۔ "

اب کی بار تو وہ واقعی شرمندہ ہوئی اور چیخ کر کہا

"دران۔ ن۔ ن۔ ن کیا ہے آپکو ۔ "

"بہت پیار ۔ "

برجستہ اس کے جواب پر چہرہ گلال ہوا۔ وہ اب آوٹ ڈور میں رکھی کرسی کو دیکھ رہا تھا جہاں وہ بیٹھی قرآن پڑھتی دکھائی دے رہی تھی۔

"مجھے یقین ہے۔ "

"آہ شکر ہے یقین آیا۔ بس تم واپس آؤ گی تو تجوید سکھاوں گا ان شا اللہّ اور پڑھانے کی فیس بھی لوں گا۔ "

دران کے شکر ادا کرنے پر اور اگلے معنی خیز جملے پر وہ شرماتے ہوئے فوراً بات بدل گئی۔

"کب آئیں گے لینے مجھے ؟ اور کیا بنا برھان کے مسئلے کا؟ "

"ان لوگوں نے کال کروائی ہے برھان سے۔ ٹریس نہیں ہو سکی لیکن اب اگلی کال پر ہم مکمل تیاری کر چکے ہیں اگلی کال ٹریس ہو جائے گی۔ "

وہ بھی فوراً سنجیدہ ہوا۔

"ان شا اللہ ۔ "

"ان شا اللہ ۔ چلو پھر بند کرتا ہوں۔ تم بھی گپ شپ کرو اپنی بہن سے۔ "

"جی ۔ "

"رونا مت ۔ اب نہیں رونا بس ۔ "

"ہوں ۔ "

"آئی لو یو ۔ "

دران اب جواب کے انتظار میں خاموش تھا۔ وہ لجاجت سے منمنائی

"سنایا پاس ہے۔ "

دران کا قہقہ جاندار تھا وہ اس کے قہقے کی آواز کو اپنے اندر اتارتی سر شار ہوئی۔

"اوکے اوکے ۔ بائے ۔ "

دران کے فون بند کرنے کے بعد اس نے مبہم سی مسکراہٹ کو لبوں پر سجائے سر صوفے کی پشت سے ٹکا کر آنکھیں موند لیں۔ ایک سکون پورے وجود کو اپنی لپیٹ میں لے رہا تھا۔ دران کے ساتھ بیتے آخری لمحوں کی بہت سی شریر یادیں لبوں پر پھیلی مسکراہٹ کو گہرا کر رہی تھیں۔

"ایسے ہی خوش رہو ہمیشہ "

سنایا کی آواز پر اس نے جھینپ کر آنکھیں کھولیں ۔ وہ محبت سے اسے دیکھ رہی تھی۔ گہری سانس خارج کرتے ہوئے سر کو اثبات میں ہلا دیا۔

***

امریکہ کیلی فورنیا کے ساحل سمندر میں ڈوبتا سورج ہر روز کی طرح ایک اور دن کے اختتام پر سرمئی روشنی پھیلا رہا تھا۔

ساحل سمندر کے اطراف میں بنی فلیٹس کی عمارت کی تیسری منزل پر موجود یہ انیسو یں صدی کی طرز پر فلیٹ تھا جس کی بالکنی میں لکڑی کی ریلنگ کے پاس کنز پارکر جھولتی کرسی پر اداس صورت بنائے بیٹھی تھی۔

آدھی آستین والی سفید شرٹ میں ملبوس زرد چہرے لئے وہ کسی الجھن کا شکار لگ رہی تھی۔ اس کی کرسی سے کچھ دوری پر بیٹھا نوین مگن اندازمیں اس سے کوئی بات کر رہا تھا۔ یونہی بات کر تے ہوئے اس کی خاموشی اور اداسی کو محسوس کرتے ہوئے وہ اچانک خاموش ہوا۔

یہ وہی کنز پارکر تھی جو اس سے بے پناہ محبت کرتی تھی۔ وہ بھی اس سے بہت محبت کرتا تھا اتنی محبت کے کہ اس کی محبت کے آگے گھٹنے ٹیکتا وہ آج منشیات کے گروہ کو خیر باد کئے اس کے پاس واپس لوٹ آیا تھا۔

اس نے یہ سب صرف کنز کی محبت میں کیا تھا۔ وہ پچھلے ایک ہفتے سے ان لوگوں سے بچتا یہاں کنز کے فلیٹ میں چھپا ہوا تھا۔ اس کے یوں سب چھوڑ آنے پر اسفند بھی بہت خوش ہوا تھا اور بہت معافی ما نگنے پر کنز اسے معاف تو کر چکی تھی لیکن وہ خوش نہیں تھی۔

ہر وقت خاموش اور سوچ میں ڈوبی رہتی تھی۔ اسفند نے اس سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور یہ سب اس کی رضا پر ہی ہوا تھا کیونکہ وہ اور نوین پاکستان جا کر پھر سے شادی کرنا چاہتے تھے۔

" مجھے ایساکیوں محسوس ہوتا ہے کہ تم خوش نہیں ہو کنزی ؟ "

کنز کے اداس چہرے پر نگاہیں جمائے آہستگی سے وہ اپنے خیالات ظاہر کر گیا جو پچھلے ایک ہفتے سے محسوس کر رہا تھا۔ کنز نے فوراً زبردستی مسکراہٹ چہرے پر سجائی ۔

"میں۔۔ ۔ میں خوش ہوں نوی ۔ "

" میں بہت دفعہ تم سے معافی مانگ چکا ہوں لیکن ایسا کیوں لگتا ہے تمھارے دل میں کوئی بات ہے؟ "

"ایسا کچھ نہیں ہے تم ایسے ہی پریشان ہو رہے ہو۔ میں بہت خوش ہوں۔ بھلا کیوں نہ ہوں گی خوش ؟ "

"پھر مجھے وہ خوشی تمھارے چہرے پر نظر کیوں نہیں آ رہی ہے؟ وہ خوشی جو تمہیں میرے یوں لوٹ آنے اور سب کچھ چھوڑ دینے پر ہونی چاہیے تھی۔ اب تو وہ سب ہو رہا ہے جو تم چاہتی ہو۔ سب کچھ چھوڑ کر صرف تمھارا ہو کر بیٹھا ہوں تم سے پھر سے شادی کر رہا ہوں ہم پاکستان چلے جائیں گے وہاں ہنسی خوشی رہیں گے۔ کیا تم پاکستان نہیں جانا چاہتی ؟ "

نوین نے پریشان لہجے میں سوال کیا تو وہ سٹپٹا کر اس کی بات کاٹ گئی۔

"نہیں ایسی بات نہیں ہے۔ میں دنیا کے کسی بھی کونے میں تمھارے ساتھ جانے کے لئے تیار ہوں۔ "

"پھر تمہاری اداسی اور پریشانی کی وجہ کیا ہے؟ "

"نوین میں ۔۔ ۔ "

ہاتھوں کو آپس میں مسلتے ہوئے وہ رک گئی۔ نوین ہنوز پریشانی کے شکن نمودار کئے اسے دیکھ رہا تھا۔ وہ کیسے ہمت جتا تی اور کیسے اسے یہ بتاتی کہ وہ پچھلے ایک ماہ سے اپنے بطن میں ایک وجود لئے پھر رہی ہے۔ وہ وجود جو ایک خاموش لمحے کی مرہون منت تھا۔ اُس لمحے میں وہ خود کو اسفند سے زیادہ قصور وار سمجھتی تھی۔ اسفند اس لمحے میں سنبھال بھی تھا تو اس نے ناکام کر دیا تھا۔

اس کے بعد وہ بہت دن تک کنز سے نظریں نہیں ملا سکا۔ دونوں کی خاموشی کا دورانیہ ہفتوں پر محیط رہا اور پھر اسے پتا چلا کہ وہ لمحہ یونہی حب چاپ نہیں گزرا تھا۔ اس لمحے کا احساس چا ہے دونوں کو نادم کئے ہوئے تھا لیکن اس کا نتیجہ بہت انوکھا تھا۔ ماں بننے کا احساس اسے جہاں حیران کر گیا وہاں ایک انوکھی خوشی بھی دے گیا کیونکہ وہ اس احساس کے لئے کتنے جتن کیا کرتی تھی یہ وہی جانتی تھی۔

کنز نے جب اسفند کو بتایا کہ وہ ماں بننے والی ہے۔ اسفند کا بے حد پریشان ہونا اسے سب سمجھا گیا کہ وہ لمحہ جو ان دونوں کے بیچ گزرا کسی صورت بھی اسفند کے دل میں اس کے لئے کوئی احساس پیدا نہیں کر سکا۔

اسفند کی صورت دیکھتے ہوئے اس نے یہ فیصلہ لے لیا تھا کہ اسفند اگر اسے چھوڑ بھی دے گا تب بھی وہ اس بچے کو اس دنیا میں لائے گی اور اکیلی پالے گی لیکن اب پورے ایک ماہ بعد نوین کے یوں واپس آ جا نے پر وہ عجیب کشمکش کا شکار تھی۔

"کنز بولو کیا بات ہے؟ مجھے پریشانی ہو رہی ہے۔ "

نوین کی آواز پر وہ چونک کر خیالات سے واپس آئی۔ وہ واقعی پریشان صورت بنائے اس کے بولنے کا منتظر تھا۔ "نوین میں۔۔ ۔ ماں بننے والی ہوں۔ "

مدھم آواز اور نادم لہجہ تھا۔ نوین کے ماتھے کے شکن اوپر اٹھے اور پھر آہستہ آہستہ پیشانی پر سے غائب ہونے لگے۔ چہرہ تپنے لگا۔

"دیکھو غلط مت سمجھنا ۔ اسفند اور میں ہم صرف اس رشتے میں بندھے تھے لیکن ہمارے دلوں میں ایسا کچھ نہیں تھا بس وہ ایک کمزور لمحہ تھا جس میں زیادہ غلطی میری تھی۔ "

وہ نظریں چراتے ہوئے اپنی بات کی وضاحت دے رہی تھی جبکہ نوین دم سادھے بیٹھا تھا۔ ایک طمانچہ تھا یا اس کا امتحان ۔ مرد کتنا کم ظرف ہوتا ہے اس معاملے میں خود کبھی ایسا کچھ جان بوجھ کر لی بھی کر لے تو وہ اسے معمو بات لگتی ہے اور پھر عورت سے دھڑلے سے معافی کا طلبگار بن جاتا ہے پر جب یہی غلطی عو رت کر لے تو اس کا دم گھٹنے لگتا ہے اور یہاں تو کنز نے جو بھی کیا تھا اسفند کی بیوی ہوتے ہوئے کیا تھا پھر بھی اس کے دل پر پے در پے گھونسے پڑ رہے تھے۔

"میں چاہتی تو یہ بات تم سے چھپا لیتی لیکن میں اس بچے کو اس دنیا میں لانا چاہتی ہوں۔ میں چاہتی ہوں اب ہم دونوں اس بچے کو اپنا بچہ سمجھ کر پالیں ۔ "

"کیا اسفند جانتا ہے یہ بات ؟ "

نوین کے پھیکے سے لہجے میں کئے گئے سوال پر ایکدم سے خاموشی چھا گئی۔ کنز نے آہستگی سے سر کو جنبش دی۔ "ہاں میں اسے بتا چکی تھی۔ "

"کیا کہا اس نے ؟ "

"وہ اس بچے کو اپنا نہیں سکتا۔ وہ روبی سے محبت کرتا ہے۔ میں نے اسے کہا تھا کہ میں اس بچے کو دنیا میں لانا چاہتی ہوں۔ میں اسے اکیلے پالنا چاہتی تھی۔ اب بھی اگر تم مجھے اس بچے کو چھوڑنے کا کہو گے تو میں تمہیں چھوڑ دوں گی لیکن اس کو نہیں چھوڑ سکتی۔ مجھے اسفند سے تو نہیں لیکن اس بچے سے شدید محبت ہو گئی ہے "

آخری جملہ کہتے ہوئے وہ بہت پر عزم لگ رہی تھی۔ نوین نے چند سکینڈ اس کی آنکھوں میں دیکھا اور پھر آہستگی سے گویا ہوا۔

"میں تمھارے ساتھ ہوں۔ "

کنز کے چہرے پر پھیلتی خوشی دیدنی تھی۔ وہ آنکھوں میں آنسو چمک ائے محبت سے نوین کی طرف دیکھ رہی تھی۔

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.