Chapter 48: باب 48

"اٹھو میڈیسن لو اور چائے پی لو ۔ "

دران کی بدلی ہوئی بھاری آواز پر اس نے چونک کر اس کے چہرے کی طرف دیکھا۔ کیا وہ ٹیرس پر رو رہا تھا۔ کیا وہ اس کے زخموں کو دیکھ کر رو رہا تھا؟ دران نے ہنوز نگاہیں جھکائے میڈسن کو اس کی طرف بڑھایا ۔

وہ الجھ گئی۔ دل ڈگمگانے لگا۔ کبھی یقین کی دہلیز پر قدم رکھتا اور کبھی پیچھے کھینچ لیتا۔ جویریہ نے خاموشی سے ہاتھوں کے بل جسم کو اوپر اٹھایا اور تکیے کے سہارے بیٹھ کر اس کی ہتھیلی سے میڈیسن اٹھا کر منھ میں ڈال لی۔

دران کے ہاتھ سے پانی کا گلاس پکڑا اور خاموشی سے لبوں سے لگایا۔

دران اب چائے کو کپ میں انڈیل رہا تھا۔ جیسے ہی اس نے گلاس کو منھ سے ہٹایا وہ چائے کا کپ اس کی طرف بڑھائے ہوا تھا جس کی اسے بہت طلب تھی۔

دران کے ہاتھ سے چائے کا کپ تھام کر نگاہیں جھکائے گھونٹ بھرا ۔ وہ اب اپنی چائے کپ میں ڈال رہا تھا۔

"تم سے کچھ کہنا ہے۔ پلیز غصہ کرنے کے بجائے میری بات کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا اور پھر اپنا فیصلہ سنایا۔ دران کی بات پر اس نے جھکی نگاہیں اوپر اٹھائیں اور دران کی طرف حیرت سے دیکھا۔ کچھ دیر پہلے والا غصہ ختم تھا اب الجھن چہرے پر رقم تھی۔

"باہر سیون کے جو دو آدمی کھڑے ہیں وہ تمھاری نگرانی کے لیے کھڑے ہیں۔ تم چاہو تو ابھی میں ان دونوں کا کام تمام کر دوں اور تمہیں باحفاظت یہاں سے پاکستان پہنچا دوں ۔ "

وہ چند سکینڈ کی توقف کے لئے خاموش ہوا۔ جویریہ ہم تنگوش تھی۔

"لیکن اگر اس طرح تمہیں میں یہاں سے نکال بھی دیتا ہوں تو ایک تو ہمارا سیون تک پہنچنے کا راستہ بالکل بند ہو جائے گا اور دوسرا تمھارے سر پر سیون نام کی تلوار ساری عمر لٹکتی رہے گی جو مجھے ہر گز گوارا نہیں ہے۔ میں چاہتا ہوں تم عام لڑکیوں کی طرف بنا کسی خوف کے زندگی بسر کرو۔ "

"دوسرا راستہ کونسا ہے؟ "

حیرت میں ڈوبی زکام زدہ آواز تھی وہ نا سمجھی سے دران کی طرف دیکھتے ہوئے اس سے پوچھ رہی تھی۔

"دوسرا راستہ یہ کہ ان دونوں آدمیوں کو ختم کرنے کے بعد میں اور میرا ساتھی زک ان کی جگہ ان کا لباس پہن کر اور ان کے انٹری کارڈ لے کر تمہیں وہاں واپس لے کر جائیں۔ آج دوپہر کو تم نے جتنی بھی انفارمشن دی وہ سب ابھی ناکافی ہے اور ہم اس آپریشن کو اب مکمل طور پر جڑ سے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جس کے لیے ہمیں انہی کے آدمی بن کر وہاں گھسنا ہے۔ ہمیں ان کے تہہ خانے میں پھنسی تمام لڑکیوں کو آزاد کروانا ہے اور مجھے سیون کو جان سے مارنا ہے۔ "

آخری بات پر دران کی کنپٹی کی رگیں تن گئیں وہ جبڑے بھینچے ضبط سے بول رہا تھا۔ جو یریہ کا چہرہ لٹھے کی مانند سفید ہوا۔

"پریشان نہ ہو لیکن اگر تم یہ سب نہیں چاہتی تو میں تمہیں واپس بھیج دیتا ہوں اور کسی دوسرے طریقے سے ان تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اب کی بار میں یہ سب ایجنسی کے خلاف ہو کر کروں گا۔ میں نہیں چاہتا تم۔ ۔ "میں جاؤں گی ساتھ ۔ "

"جویریہ کے برجستہ جواب پر دران نے چونک کر اس کی طرف دیکھا۔ اس کے چہرے پر کوئی خوف نہیں تھا۔ وہ سپاٹ مگر پر عزم چہرے کے ساتھ بیٹھی تھی۔

"میں نہیں جانتی آپ وہاں سے کونسی انفارمیشن کولیکٹ کر رہے ہیں اور آپکا مشن کیا ہے لیکن مجھے اس تہہ خانے میں قید لڑکیوں کو آزادی دینی ہے اس کے لیے چاہے میری جان چلی جائے۔ "

پرعزم لہجہ تھا۔ دران چند سکینڈ اسے دیکھتا ہی رہ گیا پھر لب بھینچے سر کو اثبات میں ہلا یا ۔ خوف اپنی جگہ تھا لیکن جب دران نے کہا کہ وہ سیون کو مارنا چاہتا ہے تو اس کی آنکھوں میں اپنے لیے عزت کا جو درجہ اس نے دیکھا وہ اس کی بے پناہ محبت کو مات دے گیا۔

خود غرض وہ نہیں تھا وہ خود تھی۔ کیسے بھول گئی تھی کہ اس نے کیا کچھ نہیں کیا تھا اس کے لیے۔ دران کی باتوں اور اس کے مقصد کی پاکیزگی نے اچانک ایک عجیب سے جذبے سے ہمکنار کیا۔ اسے سیون کے تہہ خانے میں کھڑے ہو کر اپنے کہے ہوئے الفاظ یاد آ گئے۔ وہ ایک دم پرسکون ہو گئی تھی۔

"تمہیں اب سونا چاہیے کیونکہ صبح ہوتے ہی ہمیں اپنی تیاری مکمل کر کے نکلنا ہو گا۔ "

دران نے کمفرٹر اس کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا تو وہ چونک کر آہستگی سے سر اثبات میں ہلا گئی اور دران کے ہاتھ سے کمفرٹر لے کر لیٹ گئی۔

وہ کچھ دیر پر سوچ نگاہیں چائے کے کپ پر گاڑے بیٹھا رہا اور پھر ایک جھٹکے سے وہاں سے اٹھ کر کاؤچ پر رکھے لیپ ٹاپ کی طرف بڑھ گیا۔

***

بیورلی ہلز میں صبح کے دس بجے سورج کی ٹھنڈی مگر روشن کرنیں چار سو پھیل چکی تھیں۔ فلم نگری سے جڑے لوگوں کا یہ نگر معمول کی چہل پہل کا شکار ہو چکا تھا۔

تارکول میں لپٹی سیاہ شفاف سڑک اور اس دوڑتی بھاگتی گاڑیوں میں سے ایک ٹیکسی بھی متوازن رفتار میں سڑک پر چلتے ہوئے سست ہوئی اور پھر ایک بلند سفید اور سلیٹی رنگ عمارت کے سامنے رکی ۔ این لا سینیگا بلوڈ ایپ آسمان سے بات کرتی خوبصورت عمارت ۔ یہ بیورلی ہلز کی مشہور قیمتی رہائشی کمپارٹمنٹ اور فلیٹس کی عمارت تھی جہاں ہالی وڈ میں کام کرنے والے بہت سے چھوٹے اداکار اور اس پیشے سے وابسطہ دوسرے لوگوں کی رہائش تھی۔ ٹیکسی کا دروازہ کھلا اور اس میں سے نکلنے والی لڑکی جیسیکا تھی۔ ہلکا سبز پیروں کو چھوتا بند گرم کوٹ سرخ اونچی ہیل کے بند جوتے دیدہ زیب میک اپ سے لیس چہرہ سنہری کھلے گردن کو چھوتے ملائم بال وہ بے حد حسین لگ رہی تھی۔ وہ ٹیکسی سے اتری اور چہرہ اٹھائے اپنی چھوٹی آنکھوں کو مزید سکوڑ کر عمارت کا جائزہ لیا۔ لبوں پر مبہم سی مسکراہٹ ابھری اور پھر سمٹ گئی۔ چند سکینڈ یونہی عمارت کو دیکھتے رہنے کے بعد اس نے خرا ماں خرا ماں قدم عمارت کی جانب بڑھائے ۔

پچھلے تین دن سے انل اس کا فون نہیں اٹھا رہا تھا اورنہ ہی اس کے کسی بھی پیغام کا جواب دے رہا تھا۔ وہ جانتی تھی کہ وہ اپنے راز کے یوں فاش ہو جانے پر گھیرا گیا ہے اور اس کے ردعمل کے ڈر سے اب اس کا فون نہیں اٹھا رہا ہے۔ انل کا پتہ معلوم کرنا اب اس کی کافی معلومات کے بعد کوئی مشکل کام نہیں تھا۔ تھوڑی سی جدوجہد کے بعد دو دنوں میں ہی وہ اس کا رہائشی فلیٹ تلاش کرنے میں کامیاب ہو چکی تھی۔

وہ اب عمارت کی لفٹ میں کھڑی تھی۔ لفٹ کے بند ہوتے ہی اس نے سرعت سے اوپری کوٹ اتا را بیگ میں سے موبائل نکال کر جلدی سے اپنے چہرے کو دیکھا۔ بالوں کو درست کیا۔ کوٹ کے نیچے وہ ڈھیلی سی سفید ٹی شرٹ کے نیچے جینز پہنے ہوئی تھی۔

لفٹ تیسری منزل پر رکی ۔ یہاں لمبی راہداری میں دائیں بائیں تھوڑے تھوڑے فاصلے میں خوبصو رت

کمپارٹمنٹ تھے۔ اردگرد دیکھتی وہ مطلوبہ کمپارٹمنٹ کے سامنے رکی اور پھر لجاجت کی لالی چہرے پر سجائے گھنٹی پر ہاتھ رکھ دیا۔ یہ انل کا کمپارٹمنٹ تھا۔

اتنا مہنگا کمپارٹمنٹ ۔ آخر کو وہ اتنے بڑے فلم سٹار کا پی اے تھا۔ یہ کمپارٹمنٹ اور بیو رلی ہلز میں رہائش وہ سب افورڈ کر سکتا تھا۔ وہ اس کے بارے میں بچی کچھی معلومات بھی اکٹھی کر چکی تھی۔

وہ لبوں کو آپس میں ملاتی اور کبھی مبہم سی مسکراتی منتظر نگاہیں دروازے پر جمائے ہو ئی تھی۔ انل کی امارات نے اس کو متاثر ضرور کیا تھا لیکن یہ بات سچ تھی کہ اس کی خفیہ محبت نے اس کا دل جیت لیا تھا۔

کلک کی آواز کے ساتھ دروازہ کھلا بکھرے بال اور ادھ کھلی نیند سے بو جھل ہوتی آنکھوں سمیت انل سامنے کھڑا تھا۔ وہ غالباً سویا ہوا تھا اس لیے ابھی بھی سیاہ رنگ کے نائب گاؤن میں ملبوس تھا۔ در وازہ کھول کر جیسے ہی اس کی نگاہ سامنے پڑی۔ ساری سستی بھک سے اڑ گی منھ اور آنکھیں ایک ساتھ وا ہوئیں۔

"تم " !

"تم کیا سمجھتے ہو کھوج نکالنا صرف تمھارا ہی کام ٹھہرا ؟ "

وہ شوخ لہجے میں کہتی اترائی ۔ انل کی حیرت اب پریشانی میں بدل رہی تھی وہ اس کی حالت سے محظوظ ہوتی ہوئی مسکراہٹ دبا گئی۔ سانولی رنگت پر سیاہ گھنے بالوں والا وہ ایک پرکشش مرد تھا۔ شوخ چنچل زندہ دل وہ بالکل اس کے مزاج کے مطابق شخصیت کا مالک تھا۔

"اندر آنے کے لیے نہیں کہو گے؟ "

"آ۔ آ۔ آؤ۔ "

وہ گڑ بڑا کر راستے سے ہٹا ۔ چہرے پر ہوائیاں تھیں۔ اب وہ پتا نہیں کیا کچھ پوچھے گی اور وہ کیا جواب دے گا؟

دران کی کوئی خبر نہیں تھی۔ جویریہ کی پریشانی اور اب یہ ۔۔ ۔ جیسیکا کو یوں سامنے دیکھ کر وہ حواس باختہ ہو گیا تھا "شکریہ۔ "

محبت سے کہتی وہ بڑے حق سے قدم کمپارٹمنٹ کے داخلی دروازے کے اندر رکھے۔ گہرے بھو رے رنگ کا لکڑی کا فرش کشادہ اور قیمیتی فرنیچر سے لیس لاؤنج اوپن کچن اور ہر سجاوٹی چیز کی خو بصورتی انل کے بہترین اور شائستہ ذوق کی عکاس تھی۔

"بہت اچھا ہے گھر ۔ متاثر ہوئی میں۔ "

وہ ستائشی نگاہوں کو گھماتی ہوئی چہک کر اس کی طرف مری جو اس کے انداز کو دیکھ کر الجھا ہوا تھاچ ۔ اس کی سو کے مطابق تو اب تک جیسیکا کو غصے میں اس کے سر میں کچھ مار دینا چاہیے تھا لیکن یہ کیا وہ تو کچھ مختلف ردعمل ظاہر کر رہی تھی۔ جیسیکا اس کے فلیٹ کی تعریف کرنے کے بعد اب سوالیہ نظروں سے اس کی جانب دیکھ رہی تھی "شکریہ ۔ بیٹھو ۔ "

انل نے خجل ہوتے ہوئے بکھرے بالوں میں ہاتھ پھیرا اور اس کو بیٹھنے کا اشارہ کرتا ہوا خود بھی تذبذب حالت میں سامنے کے صوفے پر براجمان ہوا۔

وقت سرک رہا تھا اور وہ صوفے پر خاموش بیٹھی تھی۔ انل اس کے بالکل سامنے پریشان بیٹھا اس کے بولنے کا منتظر تھا۔ چند لمحوں کی چھائی گہری خاموشی کو جیسیکا ہی نے توڑا ۔

"میں یہ ہرگز نہیں پوچھوں گی کہ تم میرا فون کیوں نہیں اٹھا رہے ہو اور میرے پیغام کا جواب کیوں نہیں دے رہو ہو؟ کیونکہ میں سمجھ سکتی ہوں تم پر کیا گزر رہی ہو گی۔ "

وہ شرماتے ہوئے ٹھہر ٹھہر کر لفظوں کی ادائیگی کرتی اسے مزید پریشان کر گئی۔ سمجھ سے سب باہر تھا۔ دران کی مرضی کے خلاف ایک لفظ بھی جیسیکا کو نہیں بتا سکتا تھا۔ تھوک نگل کر بے تکان لفظوں سے تمہید باندھی ۔ "جیسی میں تمہیں بس بتانے والا تھا ۔۔ ۔ "

"کچھ مت بولو ۔ تم نے بولنے کے لیے کچھ چھوڑا ہی نہیں۔ مطلب میں حیران ہوں کہ کوئی کسی سے اتنا پیار کیسے کر سکتا ہے؟ مطلب کوئی میرے ساتھ اتنا پیار کیسے کر سکتا ہے۔ "

وہ گرم جوشی سے کہتی گلال ہوئی۔ انل نے منھ کھولے ہونقوں کی طرح اس کی طرف دیکھا۔

"پیار ؟ "

دماغ میں اس لفظ کے دھماکے ہوئے۔ اوہ خیر وہ کیا سمجھ کر بیٹھ گئی تھی۔ یہاں تو سارا معاملہ ہی الٹ گیا تھا۔

"میں اتنی خوش قسمت ہوں گی مجھے اس بات کا یقین نہیں ہو رہا ہے۔ اس دن سے پاؤں زمین پر نہیں اتر رہے۔ میں تمھارے منھ سے سینا چاہتی ہوں سب ۔ تم نے مجھے کہاں دیکھا ؟ کب مجھ سے اتنی محبت ہوئی؟ سب جانتا ہے مجھے ۔ "

وہ ایک ہی سانس میں اتنا کچھ بول گئی۔ انل نے سٹپٹا کر ہاتھ ہوا میں کھڑا کیا۔

"ایک منٹ ۔ "

ربورٹ کی مانند ایک جھٹکے میں صوفے پر سے اٹھا اور تیز تیز قدم اٹھاتا کمرے کی طرف بر ھ گیا۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی فون کی طرف لپکا اور بیڈ سائیڈ میز پر سے فون اٹھا کر عجلت میں دران کا نمبر ملایا ۔ نمبر ہنوز بند تھا اس نے پریشانی میں بالوں کو مٹھی میں جکڑا ۔ اب اس کو کیا کہوں سمجھ سے باہر ہے۔ وہ نچلے لب کو بے چینی سے کچل رہا تھا جب دروازے پر دستک ہوئی۔

جیسیکا اسے پکار رہی تھی۔ موبائل کو ہاتھ میں پکڑے عجلت میں آگے بڑھا جیسے ہی دروازہ کھولا اس سے ٹکراتے ہوئے بچا وہ شاید کمرے میں داخل ہونے والی تھی۔ اس کی یہ ساری جرأت اس کی غلط فہمی کی وجہ سے تھی۔ وہ انل کو اپنا کوئی خفیہ چاہنے والا سمجھ بیٹھی تھی۔

"کیا ہوا انل ؟ میں تم سے ناراض تو نہیں ہوں۔ تم اتنا کیوں گھبرائے ہوئے ہو۔ میں کچھ نہیں کہوں گی تمہیں بھنویں اکھٹی کئے وہ انل سے اس کی گھبراہٹ کی وجہ دریافت کر رہی تھی۔

"میں وہ ۔ دراصل میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ "

جھٹ سے جھوٹ کا سہارا لیا اور صورت پر معصومیت طاری کرتے ہوئے ماتھے پر آئے پسینے کو صاف کیا۔

جیسیکا سے نگاہیں چرا کر قدم پھر سے لاؤنج کی طرف بڑھا دیے۔ جھوٹ بولنے سے اسے نفرت تھی لیکن دران کی خاطر آج وہ یہ بھی کر گزرا تھا۔

"اوہ ۔ کیا ہوا تمہاری طبیعت کو؟ تم نے بتایا کیوں نہیں مجھے ؟ تمہیں تو بہت پسینہ بھی آ رہا ہے۔ "

وہ ایکدم پریشانی سے آگے بڑھی اور ایک ہی حسب میں انل کے صوفے کے قر یب آ گئی جہاں وہ بیٹھ رہا تھا۔ وہ پریشان سی صورت لیے انل کے بہت قریب بیٹھ گئی۔

"وہ میں۔ ۔ ۔ "

انل اس کے یوں پاس آ کر بیٹھنے پر اور بھونچکا گیا۔ سمجھ میں ہی نہیں آ رہا تھا اس کے اس طرح کے عمل پر کیا ردعمل ظاہر کرے۔

"انل تمہیں ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے۔ "

"ڈاکٹر ۔۔ ۔ ہاں گیا ۔۔۔۔ گیا تھا میں۔ رات کو میڈیسن بھی لی ہے۔ "

ایک ہی سانس میں تین جملوں کا اگلا جھوٹ بولا۔

"اچھا تو پھر میں تمہارے لیے کچھ بنا دیتی ہوں۔ ناشتہ بنا دیتی ہوں۔ "

"نہ۔۔۔ نہیں۔ وہ میں کر چکا ہوں۔ "

پھر سے جھوٹ ۔ ایک جھوٹ کو چھپانے کو بہت سے جھوٹ اس کی جان پر بن گئی۔

"چلو پھر میں سوپ بنا دیتی ہوں۔ میں سوپ بہت اچھا بناتی ہوں۔ تم پیو گے تمہیں آرام ملے گا۔ "

وہ چہک کر گویا ہوئی اور جھٹ سے اپنی جگہ سے اٹھی اور بازو میں پہنے سپرنگ بریسلٹ سے ہی کھلے بالوں کو پونی میں قید کر لیا۔ وہ گڑ بڑا کر اس کے پیچھے ہی صوفے پر سے اٹھا۔

اس سے پہلے کہ وہ کچھ بول کر منع کرتا جیسیکا بے تکلفی سے کچن کی طرف بڑھ گئی۔ کچن میں ایک طرف کھڑے فریج کو کھولا اور مطلوبہ چیزوں کے لیے نگاہیں گھمانے لگی۔ چیزوں کی موجودگی پر مطمئن ہو کر جیسے ہی واپس پلٹی بمشکل انل سے ٹکراتے ہوئی بچی جو ماتھے پر ہاتھ رکھے کھڑا تھا۔

"تم بیٹھو ۔ میں خود تلاش کر لوں گی سب ۔ بیٹھو جا کر آرام کرو۔ "

لاڈ سے کہتی ہوئی وہ مسکائی ۔ انل نے گہری سانس خارج کی اور لاؤنج کی طرف پلٹا ۔ وہ مسکراتی ہوئی تیزی سے سوپ کی تیاری میں مگن ہو گئی۔ لاؤنج میں بیٹھ کر بھی وہ بار بار جیسیکا کی طرف دیکھ رہا تھا جو بہت بڑی غلط فہمی کا شکار اس کے لیے کھانا تیار کر رہی تھی۔ پیار اور وہ ۔ اس لفظ کو فراموش کئے تو کتنے سال بیت گئے تھے۔ جیسیکا کے ساتھ وہ جو بھی فلرٹ کرتا رہا تھا وہ سب دران کے کہنے پر تھا۔ تب وہ سب ایک کھیل کی طرح بنا کچھ محسوس کئے کرتا گیا لیکن آج جیسیکا کا یوں شرمانا اور خیال کرنا بے شک یہ سب پریشان کن تھا لیکن برا نہیں لگ رہا تھا۔

اس نے صوفے سے پشت کٹائی اور گہری سانس خارج کرتے ہوئے حیب میں سے موبائل نکالا دران کا نمبر ڈائل کیا اور کان سے لگاتے ہی منھ بسور کر واپس صوفے پر پٹخ دیا۔

دران نے اسے اتنا بے وقعت کیوں کر دیا تھا۔ جویریہ کو تلاش کرنے میں وہ ہر وقت اس کے سا تھ رہنا چاہتا تھا۔ بے چینی سے چھت کو گھورتے ہوئے وہ ایک بار پھر سے الجھ گیا۔ ہوش تب آیا جب مسکراتی جیسیکا ٹرالی سجائے اس کے پاس آ کھڑی ہوئی۔

ٹرالی پر بھاپ اڑاتا سوپ اور جیسیکا کی اپنایت بھری مسکان پل بھر میں ہی وہ اس کی محبت کا جواب محبت میں دینے کا فیصلہ کر گیا۔ اب جب تک دران کی واپسی نہیں ہوتی اسے اسی رویے کے ساتھ کام چلانا تھا۔

***

وہ گہری نیند سے جاگی تو کسلمندی سے بوجھل ہوتی آنکھیں کھولیں ۔ نرم تکیے میں اس کا سر تقریباً دھنسا ہوا تھا۔ دوا کا اثر اور تھکن سے چور جسم کو کمفرٹر اوڑھنے کے بعد کی نیند آئی پتا نہیں چلا ۔

اس کمرے میں دران کی موجودگی کا احساس ایک سایہ دار درخت سے کم نہیں تھا۔ لاکھ وہ اس پر بر ہم لاکھ نالاں تھی لیکن وہ اس کا سب کچھ تھا۔ اس کا سب سے قریبی رشتہ ۔ دران کی محبت پر چاہے بھی دل کو مکمل یقینا آنے میں وقت درکار تھا لیکن اس کی اپنائیت اور مخلص ہونے پر کوئی شک نہیں تھا۔

اتنے گھنٹوں کی جاگی وہ یوں بے خبر سوئی اور اب جا کر آنکھ کھلی ۔ چند سکینڈ یہ یاد کر نے میں لگے کہ وہ کہاں ہے۔ اس نے کمفرٹر کو چہرے پر سے ہٹایا اور گردن کو اوپر اٹھا کر کمرے کا جائزہ لیا۔ کمرہ بہت بڑا تھا اور دو حصوں میں بنا ہوا تھا۔

اسکے والے حصے میں جہاں جہازی سائز بیڈ لگا تھا اس وقت مکمل تاریکی تھی جبکہ دران جہاں صوفے پر بیٹھا تھا وہاں لیمپ اور لیپ ٹاپ کی روشنی تھی۔

لیپ ٹاپ میز پر کھلا تھا اور وہ خود صوفے پر سمٹ کر سو رہا تھا۔ یہاں امریکہ جیسی سردی تو نہیں تھی ہاں البتہ رات کے اس پہر خنکی بہت حد تک بڑھ چکی تھی۔ وہ بنا کسی کمفرٹر اور کمبل کے سمٹ کر سو رہا تھا۔ ضرور اسے سردی لگ رہی ہو گی۔ اسی فکر کے زیر اثر سب کچھ بھلائے وہ آہستگی سے کمفرٹر کو خود پر سے اتارتی اپنی جگہ سے اٹھی۔

شال کو کندھوں کے گرد لپیٹا اور ننگے پاؤں ٹھنڈے فرش پر چلتی وہاں تک آئی جہاں وہ بے خبر سو رہا تھا۔ وہ اپنے مخصوص انداز میں کشن کو دونوں بانہوں میں بھینچ کر سینے سے لگائے معصومیت کی انتہا ؤں کا چھوتا ہوا گہری نیند میں تھا۔ ۔ اتنے بڑے کمرے میں ہیٹر خنکی کو مات دینے میں ناکام تھا۔

نچلے لب کو دانتوں میں دبائے وہ الجھی کھڑی تھی۔ کیا اسے اٹھانا چاہیے کہ اٹھے اور جا کر بیڈ پر سو جائے یا پھر کمفرٹر لا کر اسے اوڑھا دوں ۔ اس نے اسی سوچ کی کشمکش میں قدم آگے بڑھائے تو تھم گئی۔ لیپ ٹاپ پر روشن سکرین پر جگمگاتی تصویر اس کی تمام طر توجہ اپنی طرف مبذول کر چکی تھی۔

یہ اس کی اور دران کی ریسپشن کی تصویر تھی۔ دران نے اس کی کمر کے گرد بازؤ حائل کر رکھا تھا۔ بلاشبہ تصویر میں وہ بہت مختلف اور حسین لگ رہی تھی لیکن اس کے ساتھ کھڑے دران کی شخصیت کے آگے وہ کچھ نہیں تھی۔ جھوٹی مسکرہاٹ سجائے ہوئے بھی وہ دنیا کا حسین ترین مرد لگ رہا تھا۔ وہ یونہی یک یک تصویر پر نگاہیں جمائے کھڑی تھی جب دران کی اچانک آنے والی آواز پر چونک کر نگاہیں گھمائیں ۔

"کیا ہوا اتنی سردی میں یہاں کیوں کھڑی ہو اسے ؟ "

وہ نیند سے بوجھل آنکھوں کو بمشکل کھولے پیشانی پر بل ڈالتا اس سے سو ال کر رہا تھا۔ شاید سردی کے باعث ہی اس کی آنکھ کھلی تھی اور جویریہ کو یوں کھڑا دیکھ کر حیرت سے اٹھ بیٹھا ۔

"بیڈ پر چلے جائیں۔ "

جویریہ کی جھجکتی آواز ابھری ۔ وہ پاس پڑی ہڈ کو اٹھا کر پہن رہا تھا اس کی بات پر بازؤ آستین میں ہی تھم گئے۔ چہرہ اوپر اٹھائے وارفتگی سے دیکھا۔ اس کی ناراضگی میں بھی خالص بیویوں والی فکر پر پیار آ گیا۔

"فقرے میں تھوڑا ردو بدل ہو سکتا ہے کیا؟ "

جویریہ نے نا سمجھی سے دیکھا۔ وہ مسکراہٹ کو دباتا چمکتی آنکھوں میں شرارت سموئے دیکھ رہا تھا۔

"بیڈ پر چلے جائیں کے بجائے یہ جملہ بیڈ پر آ جائیں بھی تو ہو سکتا ہے؟ "

دران کے شریر سے جملے کے پیچھے چھپے معنی پر وہ نا چاہتے ہوئے بھی جھینپ گئی۔ بمشکل دل کی بے ترتیب دھڑکنوں کو سنبھالا ۔ یہ دران ہی تھا؟ ذہن نے دل کو جھنجوڑ کر حیرت سے سوال کیا۔

"مجھے نماز ادا کرنی ہے۔ "

سٹپٹا کر نگاہیں چرائیں اور بات ہی بدل دی۔ دران خفیف سا قہقہ لگاتا اپنی جگہ سے اٹھا تو بالکل اس کے مقابل کھڑا تھا۔

"یہاں جائے نماز تو نہیں ہو گا؟ "

"جائے نماز کی جگہ کوئی دھلی چادر بھی ہو سکتی ہے؟ "

فوراً حل پیش کیا۔ رات کے تین بج رہے تھے۔ اچانک خیال آیا آنکھ کھلنے کا سیب کیا تھا۔ اسے تہجد ادا کرنی تھی "ام۔ م۔ مم چادر۔ ر۔ ر۔ "

دران نے اپنی کمر کے دونوں اطراف میں ہاتھ دھر کر نگاہوں کو متلاشی ارد گرد گھمایا ۔ ڈریسنگ پر نگاہ جا کر تھم گئی " ڈریسنگ روم کی الماری میں شاید کچھ مل جائے۔ "

وہ بات کرنے کے دوران ہی ڈریسنگ روم کی طرف بڑھ گیا۔ واپس پلٹا تو ہاتھ میں ایک عدد چادر تھی۔ جویریہ نے آہستگی چادر کو اس کے ہاتھ سے لیا اور اسے کچھ دور کاؤچ پر رکھتی آگے بڑھ گی۔ وضو کر کے واپس آئی تو وہ پھر سے لیپ ٹاپ پر مصروف تھا۔

نماز پڑھنے کے بعد بیڈ پر جانے کے بجائے بے سبب اور بے اختیار وہ اس کے صوفے کے پاس آ کھڑی ہوئی۔ "آج جس لڑکی نے میرا میک اپ کیا تھا ریڈ شوز مجھ سے اتروا لیے تھے۔ "

خاموش کمرے میں ایک دم سے اس کی آواز گونجی تو دران جو لیپ ٹاپ پر انگلیاں چلاتا مگن تھا چونک کر رکا ۔ سر اٹھا کر اوپر دیکھا۔

"کوئی بات نہیں ان میں ٹریکر نصب ہے۔ ٹریک کر لیں گے شوز ۔ "

سنجیدگی سے جواب دیا اور پھر سے لیپ ٹاپ سکرین پر نگاہ جما دی۔ دران کی اس لاپرواہی پر اسے خود پر ہی غصہ آ گیا۔ آخر کو کیا ضرورت تھی یوں آ کر بات کرنے اور فکر ظاہر کرنے کی۔

"سنو ۔ "

دران کی آواز پر وہ پلٹتے پلٹتے تھم گئی۔ سوالیہ مگر حد درجہ بے اعتنائی سے دیکھا۔

"تم ناراض ہو؟ "

دران نے بھنویں اچکائے فکرمندی سے سوال کیا۔

"نہیں ۔ ناراض تو اپنوں سے ہوا جاتا ہے۔ "

جویریہ کے برجستہ جو اب پر اس کے چہرے کا رنگ بدلا ہی تھا کہ وہ سپاٹ لہجے میں مزید وضاحت کر گئی۔

"اور اپنے کبھی آپکو چارہ نہیں بنایا کرتے ہیں۔ "

اف اس کی باتیں ہمیشہ سے ہی دل پر لگتی تھیں۔ دران گہری سانس خارج کرتا ہوا اپنی جگہ سے اٹھا۔ اور اس کےک مقابل آ کھڑا ہوا۔ وہ نا پھلا ئے خفا کھڑی تھی۔ چہرے کے گرد شال اب بھی نماز صورت لپٹی تھی۔

"مانتا ہوں میں نے جو بھی کیا وہ سب کرنے کے بعد تمہیں مجھ سے ایسا ہی بی ہیو کرنا چاہیے لیکن یقین کرو میں مجبور تھا۔ تم سے محبت ہو جانا ایک بے اختیار عمل تھا جس کو میں ایجینسی پر ظاہر نہیں کر سکتا تھا۔ "

ندامت بھرے لہجے میں صفائی دی۔ کبھی ایک بات کو دوسری دفعہ نہ دہرانا والا آج اس عورت کو بار بار صفائی دے رہا تھا۔ وہ سچ میں دل کے ہاتھوں مجبور تھا۔

"آپ مجھے اس بارے میں آگاہ بھی تو کر سکتے تھے۔ مجھے اعتماد میں لے سکتے تھے۔ میں کبھی آپ کو انکار نہ کرتی "بتانے کی بھی اجازت نہیں تھی۔ "

"آپ ان سے چھپ کر مجھے بتا دیتے۔ "

"مطلب تم کہہ رہی ہو میں ان سے جھوٹ بولتا ۔ "

دران نے بھنویں اچکائے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ سوال کیا۔ وہ ایک دم سے اور غصے میں آئی۔

" ایسا کب کہا میں نے۔ "

"ابھی تھوڑی دیر پہلے ۔ "

"اچھا جھوٹ بولنے سے اتنا گھبراتے ہیں لیکن دھوکا دینے سے بالکل نہیں گھبراتے ۔ "

حر کر ترکی بہ ترکی جواب دیتی وہ اپنے جملوں کو بنا تولے بولے گئی۔ دران کے لبوں سے مسکراہٹ ایک دم سے غائب ہوئی۔

"گھبرایا تھا بہت گھبرایا تھا۔ "

آہستگی سے کہتا وہ بے ساختہ اس کے پرنم چہرے کو اپنے دونوں ہاتھوں میں تھامے قریب ہوا۔ جویریہ اس کی اس وارفتگی پر پھر سے مجسم کی طرح تھم گئی۔

"رویا بھی تھا۔ زندگی میں پہلی بار رویا تھا۔ "

جویریہ کی آنکھوں میں جھانکتے ہوئے نم لہجے میں کہتا وہ اپنا چہرہ اس کے چہرے کے اور قریب کر چکا تھا اتنا قریب کہ دونوں کی پیشانی ایک دوسرے سے جا ملی۔

"تمہیں کھونے کی سوچ جب بھی ذہن میں آئی تو دل کے بند ہونے جیسا احساس تھا۔ "

انگوٹھے کی پور سے اس کی دائیں گال کو محبت سے سہلاتا وہ لفظ لفظ اپنے جذبات اسے بتا رہا تھا۔

"تم بہت خاص ہو میرے لیے۔ وہ ہو جس نے میری روح کے زخموں کو بھر دیا۔ میرے اندر کی تلخی کو موم کر دیا اور میری کڑواہٹ کو مٹھاس بنا دیا۔ "

لہجے میں انتہا کی خماری عود آئی تھی۔ نگاہیں نر ما ہٹ سے اس کے چہرے کا طواف کر رہی تھیں ور ہاتھوں کیا انگلیاں اب اس کے چہرے کے ہر نقش کو چھو رہی تھیں۔

"دران آپ اللہ سے اتنے دور کیوں ہیں؟ "

خاموشی میں اچانک اس کا سوال گونجا تو دران کا انگوٹھا اس کی گال پر سرکتا وہیں رک گیا۔ چہرے پر چھائی بے خودی اور خماری پل بھر میں ہی غائب ہوئی۔ وہ بڑے حق سے سوال کئے اب جواب کے لیے منتظر کھڑی تھی۔ گہری خاموشی تھی۔

ایک۔۔ ۔ دو ۔۔۔ ۔ تین ۔۔ ۔ سکینڈ

"میں اللہ کے قریب جانے کے قابل کہاں ہوں۔ "

سرد لہجہ فضا میں گونجا ۔ جویریہ کے چہرے کو ہاتھوں کی گرفت سے آزاد کرتا وہ پیچھے ہوا اور لب بھینچے تیزی سے پلٹا اور واپس لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ گیا۔

" اللہ نے اپنے قریب آنے کے لیے کوئی اصول نہیں بنائے۔ وہ تو سب کی سینا ہے سب کو معاف کرتا ہے۔

آپ نے ایسا کیا گناہ کر دیا کہ خود کو اس قابل نہیں سمجھتے ۔ "

وہ رعب سے اگلا سوال کرتی وہیں جمی کھڑی تھی۔ دران نے ضبط سے آنکھیں بند کیں اور پھر کھولیں ۔

"میں نے گناہ نہیں کیا میں سراپا گناہ ہوں۔ "

سنجیدگی سے مگر بے دلی سے جواب دیا۔ وہ نگاہیں اب لیپ ٹاپ پر جمائے ہوئے تھا۔

"مطلب ؟ "

وہ جان چھوڑنے والوں میں سے نہیں تھی۔ دران نے پیشانی پر الجھن کی لکیریں رقم کی اور جھٹکے سے چہرہ موڑ کر اس کی طرف دیکھا۔

"مطلب جان لو گی تو یہ جو ناراضگی ہے نفرت میں بدل جائے گی اور ایک منٹ سے پہلے مجھے چھوڑ دو گی۔ " دران نے سپاٹ لہجے میں الجھا سا جواب دیا۔ وہ سرعت سے آگے بڑھی اور اس کے سامنے کھلے لیپ ٹاپ کو بند کر دیا۔ دران نے ناگواری سے اس کی طرف دیکھا تو وہ آنکھوں میں جھانکتی غصے سے گویا ہوئی۔

"آپ بار بار یہ جھوٹ کیوں بولتے ہیں کہ آپ کو مجھ سے محبت ہے۔ اگر محبت ہے تو خود کو سات پردوں میں کیوں چھپائے رکھتے ہیں۔ "

دران نے ضبط سے لب بھینچ لیے۔ برداشت جواب دے چکی تھی۔ وہ دانت پیستے ہوئے گویا ہوا۔

"میں جھوٹ نہیں بولتا ۔ میں محبت کرتا ہوں تم سے خود سے بھی زیادہ ۔ میں تمہیں کھونے سے ڈرتا ہوں اس لیے اپنی حقیقت کو چھپاتا ہوں۔ "

" کیا حقیقت ہے مجھے جاننا ہے سب دران ۔ آج ابھی اور اسی وقت "

"ٹھیک ہے تو جان لو پھر میں ایک ایسا وجود ہوں جو ناپاک رشتے سے وجود میں آتا ہے۔ "

وہ چیخا تھا۔ اس کے یوں چیخنے پر وہ ہلکا سا جھٹکا کھا گئی۔ وہ سرخ چہرے سمیت اسے کھا جانے والی نظروں سے گھور رہا تھا۔

"میں ایک الیجمیٹ چائلڈ ہوں۔ "

دانت پیستے ہوئے ایک ایک لفظ پر زور دیتا وہ اس کی آنکھوں میں جھانک رہا تھا جو اب ہونقوں کی طرح بت بنی بیٹھی تھی۔

"میں ایک ایسا بچہ تھا جو گناہ کے عمل سے وجود میں آتا ہے۔ میری ماں نے مجھے اپنے پاس رکھنے سے انکار کیا تو میرے باپ نے مجھے اپنا نام نہیں دیا۔ "

سرد بے رحم اور ناگوار لہجہ ۔ اس لمحے اسے محسوس ہوا کہ وہ خود سے کتنی نفرت کرتا ہے۔ اس کی گردن تک کی رگیں پھول گئی تھیں۔ آنکھوں میں وحشت جھلک رہی تھی۔

"میں ایسا بچہ تھا جو بچپن سے ہی ہر جگہ سے دھتکارا گیا۔ جھوٹی شناخت دے کر کسی مرے ہوئے انسان کی دولت کے لیے ایک کٹھ پتلی کے طور پر استعمال کیا گیا۔ "

وہ آج اس کے سامنے پھٹ پڑا تھا اور غصے میں بولتا ہی جا رہا تھا۔

"رشتوں کے نام پر۔ دھونس لالچ بد نیتی اور نفرت ملی۔ بچپن سے ہی یہ ذہن میں بٹھا دیا گیا کہ میں ایک یہودی عورت کا بیٹا ہوں میں ناپاک ہوں اور پاک ہونے کے لیے میرے سینے میں قرآن دفن ہونا ضروری ہے۔ سات سال کا تھا جب سب سے دور زبردستی مدرسے میں بھیج دیا گیا۔ "

دران نے بازؤ کو لمبا تانے ناک بھینچ کر نفرت آمیز لہجے میں دور کا اشارہ دیا۔ ایسے جیسے کسی تلخ یاد نے حلق تک کروا کر دیا ہو۔

"جب جب سچے دل سے اللہ کی طرف جاتا تھا۔ ایک نیا دکھ ایک نئی تکلیف اور ایک نئی سچائی سامنے آتی تھی۔ ایسی سچائی جس کی کرچیاں پرانے زخموں میں ہی دھنس جاتی تھیں۔ "

اس کی آواز کانپنے لگی تھی۔ جویریہ کے رونگٹے کھڑے ہونے لگے۔

"الجھ جاتا تھا کہ ایسا کیوں ہے۔ پھر اس کی حقیقت بھی سامنے آ گئی کہ ایسا کیوں ہے۔ میں اللہ سے نہیں بلکہ شاید اللہ مجھ سے نالاں ہے۔ وہ نہیں چاہتا میرا جیسا بچہ اس کے سامنے سجدہ رنر ہو۔ "

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.