نیند سے بوجھل آنکھیں آہستگی سی کھلیں ۔ آنکھوں میں درد کی ٹیس اور بھاری پن محسوس ہوا شائد رات سونے سے پہلے بہت دیر رونے کی وجہ سے تھا۔ کمفرٹر اب بھی چہرے پر تھا۔ روتے روتے اتنی گہری نیند میں وہ کب گئی پتا ہی نہ چلا ۔ دھیرے سے چہرے سے کمفرٹر کو ہٹایا ۔
دیوار میں نصب جہازی سائز ٹی وی سکرین کی روشنی کے باعث اندھیرے میں ڈوبا کمرہ مختلف رنگ بدل رہا تھا البتہ ٹی وی کی آواز بند تھی۔ وہ کب باہر سے کمرے میں آیا خبر نہیں ہوئی۔ بڑی احتیاط سے وہ بیڈ پر سے اٹھی۔
اٹھتے ہی نگاہ صوفے پر اُٹھی ۔
دران کشن کو بانہوں میں بھینچ کر سینے سے لگائے صوفے کی لمبائی رخ نیم دراز سور ہا تھا۔ ہاتھ بڑھا کر سائیڈ ٹیبل سے آلارم گھڑی اُٹھائی ۔ صبح کے ساڑھے چار بج رہے تھے۔
بیڈ سے اتر کر چھوٹے چھوٹے قدم اٹھا تی صوفے تک آئی۔
ٹی وی کی روشنی دران کے چہرے کے رنگ کو بھی بدل رہی تھی۔ گھنی پلکیں موندے وہ معصو میت کی انتہا کو چھو رہا تھا۔ سفید شرٹ کی آستین تھوڑی سی کلائیوں تک مری ہوئی تھیں۔ شرٹ میں جگہ جگہ شکن پڑ گئے تھے۔
پاؤں میں جرابیں موجود تھیں۔
ُ بدلتی رت جیسا وہ شخص اس وقت اس کی آنکھوں میں موجزن محبت کے سمندر سے یکسر بے خبر گہری نیند میں تھا۔ کچھ حاصل نہیں وہ سراب تھا فقط ایک حسین خواب اور ایک دن اسے اس خواب سے بیدار ہونا ہے۔
دران سے ملاقات اس کا خواب تھا۔ وہ پورا ہونے کے بعد دل نے اس کو پا لینے کا خواب دیکھا اور اللہ نے جھٹ سے وہ بھی پورا کیا لیکن ساتھ یہ بھی سمجھا دیا ہر خواب حقیقت بن جائے تو ضروری نہیں وہ جو اب ہی کا طرح حسین ہو۔ کچھ خواب حقیقت کا روپ دھار کر بھی منزل نہیں ہوا کرتے۔ یونہی دران کے وجہیہ چہرے پر نگاہیں جمائے وہ استہزئیہ اپنے دل کی حالت پر مسکرا دی۔
تھوڑا سا جھکی اور بے اختیار اس کا کندھا ہلا دیا پہلی دفعہ کندھا ہلانے سے ہی اس نے ہلکا سا کسمسا کر موندی پلکیں اٹھائیں۔ کسلمندی سے خود پر جھکی جویریہ کو دیکھا۔
"وہ بیڈ پر چلے جاتے آپ اب ۔ میری نیند پوری ہو گئی ہے۔ "
اپنی بے اختیار حرکت پر ایک لمحے کو تو وہ سٹپٹا گئی پھر فوراً اسے جگانے کی وجہ بتا ئی ۔ دران جو ذہن پر زور ڈال رہا تھا کہ وہ اس وقت اس کے کمرے میں کیا کر رہی ہے ایکدم سے سب یاد آ گیا۔ وہ تو پہلے بھی اکثر ٹی وی دیکھتے ہوئے سو جاتا تھا فرق صرف اتنا تھا تب بیڈ پر اور نائب گاؤن میں ملبوس ہوتا تھا۔ آج اس کی وجہ سے پینٹ شرٹ میں ہی سونا پڑا اور اب خود پر جھکی لڑکی پر بے پناہ غصہ آیا۔
"مجھے نیند سے اٹھانے کی کیا ضرورت تھی۔ "
چڑچڑے لہجے میں الٹا سوال داغا ۔ وہ خفت سے لبوں کو میچ کر سیدھی ہوئی۔ درانا ب ماتھے پر بل ڈالے گھور رہا تھا "اصول نمبر تین میری فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ جاؤ سو جاؤ جا کر۔ "
"مجھے اب نہیں سونا میں تو اٹھ گی ہوں نماز پڑھوں گی۔ اسی لیے جگا دیا۔ "
فوراً وضاحت دی۔
"میں نے آپ کو کہا تھا کہ اپنی شفٹ پوری کرنے کے بعد مجھے آ کر بتائے گا؟ "
ہنوز تیوری چڑھائے طنزیہ سوال کیا۔ جویرہ کا چہرہ خفت کے باعث زرد پڑا۔ کتنا بدتمیز تھا وہ ۔
"تیسرا اصول اب بتایا ہے آپ نے ۔ آئندہ خیال رکھوں گی اس بات کا۔ "
سپاٹ لہجے میں سرعت سے جواب دیتی وہ وہاں رکی نہیں تھی تیز تیز قدم واش روم کی طرف بڑھا دیے۔ دران نے جھنجلا کر کشن ایک طرف مارا اور سر کے بالوں کو دونوں ہاتھوں میں جکڑا ۔
"کیوں اتنا روڈ ہو رہا ہوں میں اس سے۔ لیکن وہ بھی تو بیوی بن رہی ہے۔ " ایک جھٹکے سے اپنی جگہ سے اٹھا۔ ٹی وی بند کیا اور بیڈ کی طرف قدم بڑھا دیے۔
***
لکڑی کے بوسیدہ بند دروازے پر دھڑا دھڑ ہاتھ مارتے ہوئے وہ پوری قوت سے چلا رہی تھی۔
"امی دروازہ کھولیں ۔ ۔ "
آنسوں سے تر چہرہ پھٹے خون اور مٹی میں اٹے کپڑے ۔ وہ لگاتار سٹور کا دروازہ بجا رہی تھی۔ ماتھے سے خون بہہ کر گردن تک آ چکا تھا۔ ایک آنکھ سوزش کے باعث تقریباً سرخ ہو رہی تھی۔ آسمانی رنگ کے جوڑے پر جا بجا رگڑ وں کے اور خون کے دھبے تھے۔
"سنایا ۔۔ ۔ جووت کھولو دروازہ ۔ میرَی تم کھولو دروازہ۔ ایک دفعہ میری بات تو سن لو تم لوگ ۔ "
دروازے کو پیٹتے ہوئے وہ مسلسل چیخ رہی تھی۔ مجال ہے کوئی سن رہا ہو۔
سب ٹھیک ہو گیا تھا ان دو ماہ میں۔ جان کی صحت اچھی ہو گئی تھی وہ سٹور میں صفائی کرنے کے لیے بھی جانے لگا تھا۔ جووت کو آمنہ کے ماموں نے اپنے اثر و رسوخ سے لڑکے کے گھر والوں کو پیسے دینے کے بعد کیس معاف کروا دیا تھا۔ سنایا کی راہبر کے ساتھ منگنی ہو گئی تھی۔
اور دو ماہ پرسکون گزرنے کے بعد جووت کو ہی کہیں سے یہ خبر ملی کہ وہ اسلام قبول کر چکی ہے۔ گھر آتے ہی اس نے واویلا مچا دیا اور جس وقت وہ ٹیوشن سے فارغ ہو کر گھر پہنچی گھر میں ایک قیامت کا سماں بر پاتھا ۔
اس کی اسلامی کتابیں جائے نماز سب سٹور سے برآمد کر لیا گیا تھا۔ وہ جیسے ہی گھر میں دا خل ہوئی جووت اس پر جھپٹ پڑا جان اور جووت نے اسے مار مار کر ادھ موا کر کے اب سٹور میں بند کر دیا تھا۔ گھر میں کسی کی موت ہو جانے جیسا سماں تھا۔ کتنی دیر دروازہ پیٹنے کے بعد تھک ہار کر وہ دروازے سے ٹیک لگاتی وہیں بیٹھ گئی۔
گھنٹوں میں چہرہ دیے ابھی یونہی بیٹھے چند منٹ ہی گزرے تھے جب باہر سے چیخ و پکار کی آوازیں آنے لگیں۔ وہ دہل کر اپنی جگہ سے اُٹھی ۔
"امی ۔۔ ۔ کیا ہو رہا ہے باہر ۔ سنایا کھولو دروازہ۔ "
گھبراہٹ کے باعث دل خوفزدہ ہو کر زور زور سے دھڑکنے لگا باہر سے سب کے رونے کی اور چیخنے کی آوازیں آ رہی تھیں۔
"جوی ابا کوئی تو سنو کھولو دروازہ ۔ "
دروازے کی کنڈی اچانک سے کھلی اور دروازہ کھلتے ہی اس کے گال پر زناٹے دار تھپڑ پڑا۔ سرخ آنسوؤں سے تر چہرہ لیے مریم اس کے سامنے کھڑی تھی۔
"آگ لگا رہا تیرا باپ خود کو منحوس جشن منا بچھا لے جائے نماز ۔ "
مریم نے گلا پھاڑ کر کہا اور تیزی سے پلٹی وہ ایک لمحے کے لیے بات سمجھنے کو ساکن ہوئی اور پھر پاگلوں کی طرح مریم کے پیچھے بھاگی ۔
"جوی ابا نے پٹرول چھڑک لیا ہے آگ لگانے جا رہے ہیں خود کو رکو ان کو ۔" سنایا کی چیختی ہوئی آواز اس کے کانوں میں پڑی اور ٹانگیں کانپ گئیں۔ سر پٹ بھاگتی وہ کمرے میں پہنچی جان ہاتھ میں ما چس لیے کھڑا تھا۔ میری ٹانگوں سے چمٹی ہوئی تھی۔ کمرے کا فرش گیلا تھا پٹرول کی تیز خوشبوپو رے گھر میں پھیلی ہوئی تھی۔ جووت شائد گھر میں نہیں تھا۔
"ابا کیا کرنے جا رہے ہیں یہ "
پھٹی آواز میں چیختی ہوئی ایک ہی حسب میں وہ جان تک پہنچی۔ جو اب ماچس کی ڈبی کو کھول چکا تھا۔
"مریم اسے میرے قریب نہ آنے دینا ۔ "
جان نے اونچی آواز میں گرج کر کہا اور ہاتھ سیدھا تانے اسے اپنے قریب آنے سے روکا ۔
"ابا۔ ا۔ ا۔ امت کریں ایسا پلیز اباا۔ ا۔ اہ۔ ہ "
آگے بڑھ کر وہ جان کے بازو سے لٹک گئی۔ کمرے کر فرش پر پٹرول کے چھینٹوں کے سا تھ ماچس سے نکلی ساری تیلیاں بکھر گئیں۔
" مجھے مرنے دو یا خود مر جاؤ ۔ ہمیں کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا تم نے ۔ "
جان نے ایک دم اس سے اپنا بازو چھڑوانے کے لیے ایک جھٹکا دیا۔ جان اب باقی بچی تیلیوں میں سے تیلی نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔
" ابا مجھے دے دیں ماچس ۔ ابا "
وہ جھٹکا کھا کر پیچھے ہوئی لیکن پھر اگلے ہی پل پھر سے جان کے بازو سے جھول گئی۔
"پیچھے ہٹ جاؤ میں تمھارا گلا دبا دوں گا۔ "
جان نے ایک دم اپنا بازو چھڑوا کر اس کے گلے کو دبوچ لیا۔ جوی نے اپنی بانہیں ڈھیلی چھوڑ دیں۔ جان کے ہاتھوں کی گرفت اس کی گردن کے گرد بڑھ رہی تھی۔ چند سکینڈ میں ہی سانس بند ہونے جیسا احساس ہونے لگا۔ اس کا چہرہ سرخ ہو رہا تھا۔ جان وحشت زدہ سرخ چہرے کے ساتھ پوری قوت لگائے ہوئے تھا۔ جوی کوئی مزاحمت نہیں کر رہی تھی۔ باہر کو اب لتی آنکھوں سے نکلتا پانی اب گال بھگو رہا تھا۔
"جان ۔ ۔ جان کیا کر رہے ہیں مر جائے گی وہ ۔ چھوڑو اسے "
بلکتی چیختی مریم جان کے کندھے جھنجوڑ رہی تھی۔ میری کے مسلسل رونے کی آوازیں گونج رہی تھیں۔
" ابا مر جائے گی چھوڑیں ۔۔ ۔ ابا چھوڑ دیں۔ " سنایا بلک رہی تھی اس کی آنکھوں کے سامنے سب دھندلا نے لگے۔
" اے اللہ میری موت کے وقت مجھے کلمہ پڑھنا نصیب ہو " اپنی مانگی دعا ذہن میں گونجی اور دل کلمہ پڑھنے لگا۔ اچانک جان کے ہاتھوں کی گرفت ڈھیلی ہوئی اور وہ ایک طرف لڑھک گیا۔ جان کے ہاتھوں کی گرفت ختم ہوتے ہی ایک گہری سانس کے ساتھ اسے شدید کھانسی کا دورہ پڑا۔ وہ کھانس رہی تھی جبکہ باقی سب اب جان پر جھکے تھے۔
"ابا ۔ ۔ ابا اٹھیں ۔۔ ۔ "
"جان جان آنکھیں کھولیں ۔ ۔ ۔ "
کانوں میں پڑتی آوازیں مدھم سے اب واضح ہو نے لگیں۔ وہ جو کھانستے کھانستے بیٹھ گئی تھی ایک جھٹکے سے اپنی جگہ سے اٹھی۔ جان آنکھیں بند کئے زمین پر حب لیٹا تھا۔
"میں میں ٹیکسی لے کر آتی ہوں۔ "
پھٹی آواز میں کہتی وہ پاگلوں کی طرح صحن کی طرف بھاگی ۔
***
کمرے کا دروازہ آہستگی سے بند کرنے کے بعد وہ باہر نکلی ۔ ہلکے زرد رنگ کے فراک پر سفید بڑے بڑے پھول بنے تھے۔ فراک لمبی میکسی کی طرح تھی۔ آستین پورے اور چوڑی دار تھے۔ گلے میں سفید سکارف کو گھمائے بالوں کی ڈھیلی سی پونی کیے وہ اب بند دروازے کے آگے کھڑی سامنے راہداری کی طرف دیکھ رہی تھی۔
دوپہر کا ایک بج رہا تھا۔ دران تو گدھے گھوڑے بیچ کر ایسا سویا کہ اٹھنے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ آج تو روز ین بھی ناشتے کا یا لنچ کا پوچھنے نہیں آئی تھی۔ تھک ہار کر وہ اب کمرے سے باہر آ گئی تھی۔ چمچاتی سفید فرش والی راہداری سے آگے لاؤنج کی طرف قدم بڑھائے وہ ارد گرد لگی پینٹنگز اور سجاوٹی چیزوں کو دیکھ رہی تھی۔ سفید رنگ کے بند جوتوں میں مقید پاؤں بنا آواز کے فرش پر آگے بڑھ رہے تھے۔
کمرے سے باہر نکلنے کا مقصد صرف روز ین کو تلاش کرنا تھا۔ ابھی وہ راہداری سے گزر کر لفٹ کے پاس لاؤنج کی سیڑھیوں تک پہنچی تھی جب عقب سے ایک مردانہ آواز نے قدم روک دیے۔
"پہلے میں سمجھتا تھا لوگ بکواس کرتے ہیں کہ دران ملک سنکی ہے۔ سر پھرا ہے۔ "
جوی چونک کر پلٹی ۔ برھان لفٹ کے دروازے کے آگے کھڑا تھا۔ سفید پینٹ گرے ٹی شرٹ اور جل زدہ بالوں کو بڑے سلیقے سے پیچھے کیے وہ زہریلی مسکراہٹ لبوں پر سجائے کھڑا تھا۔ ہاتھ میں موبائل تھامے وہ کہیں جانے کے لیے تیار تھا۔
"لیکن اب یقین ہو گیا ہے وہ سنکی ہی نہیں ایک نمبر کا بیوقوف بھی ہے۔ "
مسکراہٹ گہری ہوئی۔ وہ چند قدم چلتا ہوا جویریہ کے بالکل سامنے آ گیا تھا۔ چبھتی نگاہیں اس کے چہرے کا طواف کر رہی تھیں۔ اس کی نگاہیں عجیب طرح گھٹن کا شکار کر رہی تھیں۔ وہ سر سے پاؤں تک اسے حقارت سے جانچ رہا تھا۔ برھان سے یہ اس کا باقاعدہ پہلی دفعہ آمنا سامنا تھا۔
"ہیلو ۔۔۔۔ میں برھان ملک ۔ رشتے میں چھوٹا دیور لگتا ہوں تمھارا۔ "
تاہنوز استہزئیہ مسکراہٹ کے ساتھ ہاتھ آگے بڑھایا ۔ جویریہ نے ایک نظر مصاحقے کے لیے بر ھائے ہوئے اس کی ہاتھ پر ڈالی اور پھر بلاجواز سکارف کو گلے پر درست کرتی ایک طرف ہوئی۔ اس سے پہلے کے وہ قدم آگے بڑھاتی برھان اچک کر پھر سے اس کے سامنے آیا۔
"واؤ۔ و۔ و۔ رب نے بنا دی جوڑی ۔ شکل نہیں تو اکر تو دران جیسی ہی ہے۔ دیکھتے ہیں یہ ایک جیسی اکر والی جوڑی کا ٹائم پریڈ کتنا ہے۔ "
ایک اور طنز کا تیر تھا۔ وہ اب نگاہیں اور سر مزید جھکا چکی تھی۔ وہ بلا وجہ اس کی کسی بات کا جواب نہیں دینا چاہتی تھی۔
"وَل اب ملاقات تو ہوتی ہی رہے گی۔ نائس ٹو میٹ یو بھا۔۔۔۔ بھی۔ ۔ "
تھوڑا سا گردن کو خم دیتا وہ اس کے جھکے چہرے کو دیکھ کر ایک دم سے پلٹا اور پھر سیٹی بجا تا لاؤنج کی طرف بڑھ گیا۔ اس کے جاتے ہی ہوائیاں اڑے چہرے کے ساتھ وہ واپسی کے لیے قدم بڑھا رہی تھی۔ جب ایکدم لفٹ کھلی اور اسفند ملک اور روبی لفٹ میں سے باہر نکلے۔
بے اختیار نے اس نے دونوں کو سلام جھاڑا۔ لہجہ ابھی بھی برھان کی بے تکی باتوں کی وجہ سے اندرونی گھبراہٹ کا غمازی تھا۔ روبی نے تو ناک بھینچے چہرے کا رخ موڑ لیا البتہ اسفند ملک نے بڑی خوشگوار مسکراہٹ کے ساتھ سلام کا جواب دیا۔
"وعلیکم سلام ۔ "
وہ بھی جواباً مسکرائی اور اس سے پہلے کے پلٹتی اسفند ملک کی آواز پر پھر سے رک گئی۔
"دران دیر سے اٹھتا ہے۔ ہمارے ساتھ ناشتہ کرو۔ "
اسفند ملک کا لہجہ اب بھی محبت بھرا تھا۔ حیرت ہے وہ لوگ دوپہر کے ایک بجے ناشتہ کرنے لگے تھے۔
"دران جلدی بھی اٹھے تو کونسا ہمارے ساتھ بیٹھتا ہے۔ "
اسفند ملک کی بات پر روبی نے کٹیلے لہجے میں طنز برسایا ۔
"دران کو چھوڑو بیٹا ۔ آؤ تم چلو ہمارے ساتھ ۔ ناشتہ لگ چکا ہے۔ " اسفند ملک نے فوراً روبی کی بات کو گھیراؤ کیا۔ اور ڈائنگ ہال کی طرف اشارہ کیا۔
ان کا لہجہ اور انداز ایسا تھا کہ جوی مسکراتے ہوئے آگے بڑھی ۔ کھانے کے کمرے میں ڈائنگ میز پر ناشتے کے تمام لوازمات سج چکے تھے۔ روز ین وہیں ہاتھ باندھے کھڑی تھی۔ جوی کو دیکھ کر مسکرائی ۔ ٹوسٹ مختلف تازہ جوس جیم مام لیٹ انڈے آملیٹ اتنا ڈھیر سارا ناشتہ صرف دو بندوں کے لیے سجایا گیا تھا۔ میز پر ایک اچٹتی نگاہ ڈالتی وہ کرسی پر براجمان ہوئی۔
" دران نے ہمارا تعارف تو کروا دیا ہو گا؟ "
کرسیوں پر بیٹھتے ہوئے اسفند ملک کے جواب پر وہ ایک لمحے کے لیے متذبذب ہوئی۔ دران کا تعارف یاد آیا۔ "جی "
آہستگی سے جواب دیا۔ روز ین اب سب کے سامنے پلیٹ سجا رہی تھی۔
"ضرور کچھ برا ہی بتایا ہو گا ہمارے بارے میں۔ "
روبی کا طنز بھرے لہجے میں کہا گیا جملہ گونجا ۔ جویریہ نے چونک کر دیکھا۔ وہ ناک پھلا ئے بیٹھی تھی۔
"نہیں ایسا تو کچھ بھی نہیں کہا انہوں نے ۔ "
مدھم سی مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا۔
"روبی بتا رہی تھی آپ کراچی سے ہو۔ کراچی کے کس علاقے سے ہو؟ "
اسفند ملک کے سوال پر ٹوسٹ کو اٹھاتے ہاتھ ایک پل کو تھمے ۔ روبی بڑے نازک اندام انداز میں جوس پیتے ہوئے اسے دیکھ رہی تھی۔ پینٹ شرٹ میں جدید فیشن سے لیس وہ عورت گھر میں بھی ایسے تیار تھی جیسے وہ کسی تقریب میں جا رہی ہو۔
"ڈیفنس "
جویریہ نے زبردستی مسکراہٹ سجائے دران کا سکھایا ہوا جھوٹ بولا۔ گلا صاف کیا۔ ٹو لی سب کی چھوٹی سی بائیٹ "اوہ گڈ اور آپ کے پیرنٹس ؟ "
اسفند ملک نے سر ہلاتے ہوئے اگلا سوال پوچھا۔ روبی نے اسفند کے گلاس میں جوس انڈیلتے ہوئے تیکھی نگاہیں اس پر جمائیں جیسے اس کا جھوٹ پکڑ رہی ہو۔ وہ ٹوسٹ کو آہستگی سے چبا رہی تھی۔ دو سکینڈ کا توقف لیا۔ پیرنٹس کے سوال پر ایک دم سے دل میں ٹیس اٹھی۔ گلے میں اٹکتی پھانس کو نگلا ۔
"میرے اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے تعلق ختم کر دیا تھا مجھ سے۔ "
اس سوال کا جواب جھوٹ نہیں تھا۔ روبی نے کچھ بولنے کے لیے منہ کھولا ہی تھا کہ انل کی آواز آنے پر منہ پھر سے بند کیا۔
"ہیلو گڈ آفٹر نون ایوری ون "
وہ ٹی شرٹ اور ٹرائیوزر میں ملبوس آج یکسر مختلف لگ رہا تھا۔ اسفند ملک سے ہاتھ ملانے کے بعد جویریہ کے ساتھ مسکراہٹ کا تبادلہ کیا۔ اس سے پہلے اب تک جویریہ نے اسے ہمیشہ پینٹ کوٹ اور ٹائی میں ہی دکھا تھا۔ وہ کرسی کو پیحھلے دھکیلتے ہوئے بیٹھ رہا تھا۔ انل کے آ جانے پر اس نے سکھ کا سانس لیا اسفند ملک اب انل سے باتوں میں مشغول ہو چکے تھے۔ وہ سر جھکائے آہستگی سے ٹوسٹ چبانے لگی۔
***
دوپہر تین بجے بیرولی ہلز میں آج سورج بہت دن بعد پوری آب و تاب سے چمک رہا تھا۔ گہرے نیلے رنگ کی بوگاٹی ایٹلانٹک تار کول میں لپٹی شفاف سڑک پر منگولیا بیکری کو پیچھے چھوڑتی ہو ئی تیزی سے آگے بڑھ رہی تھی۔ دران ڈرائیونگ سیٹ سنبھالے ہوئے تھا جبکہ انل اس کے ساتھ والی سیٹ پر بر اجمان تھا۔ آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگائے سیاہ لیدر جیکٹ کے نیچے سفید ٹی شرٹ پہنے وہ چہرے پر بلا کی سختی سجائے ہو ئے تھا۔ انل کچھ دیر خاموشی سے اس کو گھورنے کے بعد اب اپنا رخ اس کی طرف موڑ چکا تھا۔
"کب تک چلے گا یہ سب ؟ "
انل کی آواز پر اس نے چونک کر ایک نگاہ اس پر ڈالی اور پھر سامنے شیشے پر جما دی۔ انل بار بار بیک مرر سے بیکری کو دیکھ رہا تھا جہاں سے کچھ دیر میں ہی لڑکی نے باہر آنے والی تھی۔
"کیا ؟ "
انتہا کو چھوتا انجان پن تھا۔ ہر مہینے کی طرح آج بھی گارڈ کو پیسے دینے کے بعد وہ فوراً وہاں سے نکلے تھے۔ دران وہ پیسے بیکری میں ملازمت کرتی جیسیکا نامی اس تئیس سالہ لڑکی کو بھجواتا تھا۔ اور یہ عمل پچھلے دو سال سے جاری تھا "یہاں آتے ہو اسے دیکھتے ہو۔ پیسے بھجواتے ہو اور چلے جاتے ہو۔ "
انل نے گاڑی کے بیک مرر میں بیکری کے باہر نکلی لڑکی کو دیکھا جو ہاتھ میں فلا فہ تھامے سڑک پر بے چینی سے دائیں بائیں نگاہیں دوڑا رہی تھی۔
"بات کرو اس سے بتاؤ اسکو سب ۔ "
لڑکی اس دفعہ پھر مایوسی سے سر جھکائے بیکری میں واپس جا رہی تھی۔ انل کی بات پر دران کے چہرے پر اب سنجیدگی بڑھ گئی تھی۔ سٹیرنگ پر ہاتھوں کی گرفت مضبوط ہوئی۔
"نہیں ابھی نہیں۔ "
سٹیرنگ موڑا۔ ٹائر چرچ رائے ۔ انل نے بمشکل خود کو سنبھالا ۔
"ابھی کچھ اور سچ جاننے باقی ہیں۔ پھر ایک دفعہ ہی سب سامنے لاؤں گا تاکہ کوئی پیچھے نہ ہٹ سکے ثبوت مٹا نہ سکے۔ "
پر اعتماد لہجہ تھا۔ انل نے دانت پیسے ۔ تیوری چڑھائی ۔
"جب اتنے سالوں سے وہ راز کو دفن کئے ہوئے ہیں تو تم کیوں ان کی ہی زبانی سب سینا چاہتے ہو۔ توڑ دو اپنی خاموشی ۔ "
گاڑی کی رفتار اس کی بات پر اور بڑھ گئی۔ انل نے تاسف سے سر کو دائیں بائیں جنبش دی۔
"بس تسکین چاہتا ہوں۔ "
سپاٹ لہجے میں جواب دیا۔ انل نے خفگی سے ایک نگاہ ڈالی اور پھر اپنے موبائل کی سکرین پر نگاہ جمائی ۔
"میکس ٹی وی والے انٹرویو کے لیے بہت تنگ کر رہے ہیں۔ کیا کہوں ؟ "
مگن سے انداز میں سر جھکائے پوچھا۔ وہ اس کی اپائنٹمنٹ لسٹ چیک کر رہا تھا۔
"منع کر دو۔ میں کسی کو کوئی انٹرویو نہیں دینا چاہتا۔ اس فلم کے بعد دیکھوں گا۔ "
سپاٹ لہجے میں اس کی طرف بنا دیکھے جواب دیا۔ انل نے لب بھینچے اور سر ہلا دیا۔ پھر کھڑ کی کے باہر نظر جما دی
***
ایک گھنٹہ بیس منٹ اور تین سکینڈ وہ وقت نوٹ کر رہی تھی۔ بت بنی وہ پاگلوں کی طرح اس وقت سے بیڈ پر بیٹھی تھی۔ سفید فراک پر سرخ گرم شال کندھوں پر ڈالے اور کمفرٹر کو گھنٹوں تک اوڑھے ۔ چہرے پر بارہ بج رہے تھے۔
دران ڈھیلے سے سیاہ سفید لائنگ ٹریوزر کے اوپر سیاہ ہڈ پہنے صوفے پر بیٹھا تھا۔ ٹی وی پر کوئی ڈاکومنٹری چل رہی تھی۔ جسے محترم بڑے انہماک سے دیکھنے میں مصروف تھے۔ بیچ میں کبھی موبائل پر بھی نگاہ ڈالتا لیکن پھر سے نگاہیں سامنے ٹی وی پر جم جاتیں ۔ ایک گھنٹے میں یہ اس کی دوسری سگریٹ تھی جسے وہ سلگا رہا تھا۔
انتہائی بوریت زدہ ڈاکومنٹری فلم تھی جس کو سمجھنے میں وہ پچھلا ایک گھنٹہ ضائع کر چکی تھی اور اب سر اور آنکھوں میں شدید تکلیف تھی۔ ٹی وی دیکھنے کا اسے شوق نہیں تھا لیکن سامنے چلتی سینما سکر ین قبول تھی اگر کچھ ڈھنگ کا لگا ہو تو ۔
" دیکھو دوسرا اصول یہ ہے کہ ہم کمرے میں آپس میں کوئی بات نہیں کریں گے۔ مجھے ایسا محسوس کرنا ہے کہ یہاں اب بھی کوئی نہیں " دران کی بازگشت ذہن میں گونجی ۔
نچلے لب کو آہستگی سے دانت میں دبائے اس کی طرف دیکھا۔ وہ راکھ ایش ٹرے میں جھاڑ رہا تھا۔
اگلے ہی لمحے وہ کمفرٹر ٹانگوں سے ہٹائی اپنی جگہ سے اٹھی۔ وہ دوسرے ہی دن اس کا دوسرا اصول توڑنے جا رہی تھی۔ فراک اور شال کو درست کیا۔ سلیپر کی طرف دیکھا لیکن ننگے پاؤں ہی آہستگی سے چلتی وہ اب صوفے کے قریب اس کے سامنے کھڑی تھی۔ ہاتھ پیچھے باندھ رکھے تھے اور نگاہیں اس پر جمی تھیں۔ پونی پیچھے شال میں چھپ گئی تھی جب کے کچھ سپرنگ کی طرح گھومتی لیٹیں چہرے کے دونوں اطراف میں ٹھو ڑی تک آ رہی تھیں ٹی وی پر نگاہیں جمائے وہ کب سے خود کو یہ سمجھا رہا تھا کہ وہاں بیڈ پر کوئی نہیں بیٹھا ۔ لیکن عجیب کشمکش تھی وہ چاہ کر بھی اس سے لاپرواہی نہیں برت پا رہا تھا۔ وہ کمرے میں موجود کوئی چیز نہیں تھیا یک جیتی جاگتی انسان تھی۔ ایسی انسان جو پچھلے ایک گھنٹے سے بار بار اسے گھور رہی تھی۔
دران نے چہرے کے بجائے صرف آنکھیں گھما کر اس کی طرف دیکھا۔ وہ فوراً چہرے کے سارے پٹھے کھینچے مسکرادی ۔
دران اب چہرہ اس کی طرف اُٹھائے سوالیہ نظروں سے دیکھ رہا تھا۔ جیسے ہی دران پوری طرح اس کی طرف متوجہ ہوا جویریہ نے فوراً پیچھے بندھے ہاتھ کھولے ۔
"وہ میں بہت بوریت محسوس کرتی ہوں۔ مجھے ٹی وی دیکھنے کا شوق نہیں اگر مجھے کچھ کتا بیں مل جائیں تو
۔۔۔ ؟ "
بنا کسی جھجک کے وہ ایک تسلسل میں اپنی بات مکمل کیے اب جواب کی منتظر تھی۔ ٹی وی سے اسے کبھی لگاؤ تھا ہی نہیں کتابیں وہ بہت شوق سے پڑھتی تھی اور اب بھی یہی خیال ذہن میں آنے پر وہ دران کے سر پر کھڑی تھی۔ چند سکینڈ کی خاموشی دونوں کی بیچ حائل ہوئی جس میں دران کی پیسا نی پر نمودار شکن اس بات کی وضاحت تھے کہ اُسے جویریہ کی یہ مداخلت ناگوار گزری ہے۔
"جو چاہیے انل سے کہہ سکتی ہیں آپ وہ لا دے گا۔ "
برجستہ سپاٹ لہجے میں جواب آیا اور نگاہیں پھر سے ٹی وی سکرین پر جما دیں۔ لبوں کو آپس میں ملائے وہ بھنویں اٹھائے اب بھی اس کی طرف دیکھ رہی تھی۔ دران نے الجھ کر چہرے کا رُخ دوبارہ اس کی طرف مو ڑا ۔ انداز ایسا تھا جیسے کہہ رہا ہو اب کیا مصیبت ہے۔
"ٹھیک ۔ "
آہستگی سے اثبات میں سر کو جنبش دی۔ اور واپسی کے لیے مری پھر اچانک رُکی ۔
"اور مجھے۔۔۔ ۔ "
انگشت ہوا میں اٹھائے یاد آ جانے والی بات کی شروعات ہی کی تھی کہ دران نے بات کاٹ دی۔
"انل سے کہیں گی جو بھی چاہیے آپکو ۔ "
قطعیت سے کہا۔ بڑا ہی روکھا لہجہ تھا۔ وہ جو بات کرنے جا رہی تھی پھیکے سے چہرے کے سا تھ ہوا میں معلق ہاتھ نیچے کیا۔
"اوکے "
لبوں کو آپس میں ملائے مؤ دب لہجے میں سر تسلیم خم کیا اور پھر قدم دوبارہ بیڈ کی طرف بڑھا دیے۔ بستر پر اسی جگہ آ کر مجسم بن کر بیٹھ گئی جبکہ وہ اب بھی اُسی فضول سے ڈاکیومنٹری کو بڑے انہماک سے دیکھنے میں ایسے محو تھا جیسے یہ ساری ریسرچ خاص اُسی کے لیے کی گئی ہو۔
کچھ دیر یونہی کبھی اسے اور کبھی ٹی وی سکرین کو دیکھتے دیکھتے وہ کبھی نیند کی وادیوں میں کھوئی علم نہ ہوا۔