Chapter 20: باب 20

تیز بارش اور بادلوں کی گرج چمک کے ساتھ کراچی پل بھر میں جل تھل ہو گیا تھا۔ مغرب کے بعد کے پھیلتے اندھیرے میں رکشہ سست روی سے میں سڑک سے ہوتا ہوا تنگ گلیوں میں جا رہا تھا۔ رکشے کی ہیڈ لائٹس سے سامنے سڑک پر کھڑے پانی پر روشنی پڑ رہی تھی۔

رکشے کی دونوں طرف کی بند کھڑکیوں کے باوجود تیز بارش کے تھپیڑے دونوں اطراف سے رکشے میں بارش داخل کرنے کا موجب بن رہے تھے۔ جوی سمٹ کر رکشے کی سیٹ کے درمیان میں بیٹھی تھی۔ وہ اپنی آخری ٹیوشن پڑھانے کے بعد گھر واپس آ رہی تھی۔ رکشہ ہمیشہ کی طرح ان کی تنگ گلی کےسا منے آ کر رکا تھا۔ یہاں سے اسے پیدل اپنے گھر تک جانا تھا۔

گھر کے دروازے تک پہنچتے پہنچتے وہ مکمل بھیگ چکی تھی۔ بار بار چہرے پر سے پانی صاف کرتی بمشکل سامنے کے منظر کودیکھ پا رہی تھی۔ تنگ سی گلی مکمل طور پر پانی سے بھر رہی تھی۔

بمشکل وہ گھر کے دروازے پر پہنچی۔ دروازہ بجانے کو ہاتھ اٹھایا بجلی چمکی تو روشنی کھلے دروازے سے صحن تک کو روشن کر گئی۔ دل عجیب طرز میں دھڑکا " بھلا صحن کا دروازہ کیوں کھلا ہے آج ؟ "

تیز تیز قدموں سے گھر کے اندر داخل ہوئی گھپ اندھیرے میں ڈوبا گھر اور ٹوٹی پھوٹی اینٹوں والے فرش کے صحن سے آگے موجود کمرے میں جلتی موم بتی کی ملگجی سی روشنی ظاہر ہوئی۔ جیسے جیسے صحن سے آگے بنے چھوٹے سے برآمدے تک پہنچی کمرے سے ابھرتی رونے کی آوازوں نے رونگٹے کھڑے کر دیے۔

"اوہ خدا رحم " ناجانے کیوں ذہن میں پہلا خیال جان کا آیا تھا۔ خیال آتے ہی وہ تقریباً بھاگتی ہوئی کمرے کی طرف بڑھی ۔ جان کی طبیعت کچھ دن سے بہت زیادہ ناساز رہنے لگی تھی۔

کمرے میں داخل ہوتے ہی جیسے دل دہل گیا۔ سامنے کا منظر تھا ہی کچھ ایسا ۔ جان چارپائی پر بے حال لیٹا چھت کی طرف ساکن نگاہیں اٹھائے ہوا تھا۔ مریم کرسی پر نڈھال بیٹھی آنسو بھا رہی تھی۔ سنایا ان کے کندھے کے پاس کھڑی ان سے کچھ کہہ رہی تھی۔ وہ سب کو نظر انداز کرتی برق رفتاری سے جان کی چارپائی تک پہنچی ایسا لگ رہا تھا دماغ میں طوفان کی جھکڑ چل رہے ہیں۔

" ابا "!!!!!!

جیسے ہی جان پر جھکی ان کے وجود کی جنبش سے جیسے جان میں جان آئی۔ وہ ٹھیک تھے لیکن افسردگی سے آنکھوں کی پتلیاں چھت پر جمائے ہوئے تھے۔ حیرت سے وہ کمرے میں موجود باقی نفوس کی طرف پلٹی ۔

"کیا ہوا ۔۔ ۔ ؟ "

جوی نے ناسمجھی میں باری باری سب کے چہروں پر نگاہ دوڑاتے ہوئے سوال کیا۔ غالباً سوال اس وقت مو جود تمام نفوس سے ہی تھا۔

"اماں کیا ہوا ہے کیوں رو رہی ہیں؟ "

چند قدم آگے بڑھتے ہوئے مریم کی طرف تشویش سے دیکھتے ہوئے استفار کیا۔ مریم تو جیسے اپنے حواسوں میں نہیں تھی۔ اس کی سسکیاں اور بین پورے کمرے میں گونج رہا تھا۔

"سنایا کوئی بتائے گا مجھے پاگل ہوں جو اکیلے اکیلے بندے سے پوچھے جا رہی ہوں "

جوی نے جھنجلا کر روتی سنایا کو اپنی طرف موڑا ۔ اس کی آنکھیں اور پلکیں بھیگی ہوئی تھیں۔

"جووت کو پولیس پکڑ کر لے گئی ہے " روند ھا یا لہجہ تھا۔

"کیوں ۔۔۔ ۔ کیسے؟ "

سنایا کے جواب پر اس کی آنکھیں پوری کھل گی تھیں۔ پیشانی پر تجسس کی جگہ اب پریشانی کی لکیریں تھیں۔

"چوری کی ہے دوستوں کے ساتھ مل کر ۔ "

سنایا کی آواز بمشکل حلق سے برآمد ہو رہی تھی۔ جوی اپنی جگہ ساکت رہ گئی۔ خبر ہی ایسی تھی۔ اچھا تو یہ وجہ تھی وہ آجکل رات گئے تک گھر سے باہر رہنے لگا تھا۔ وہ گھر کی ذمہ داریاں سنبھالنے میں اتنی مگن تھی کہ کبھی اس کی خبرگیری لی ہی نہیں۔ پتہ نہیں کی وہ بری صحبت کا شکار ہوا اور آج ۔ خاموشی کچھ لمحے یونہی نگل گئی۔

"اماں پریشان نہ ہوں میں کچھ کرتی ہوں "

آمنہ کا خیال آتے ہی جیسے امید کی کرن نظر آئی اس کا بھائی پولیس میں ایک اچھے عہدے پر فائر تھا۔

"کیا کرو گی معاملہ اتنا آسان نہیں ہے جو تم کچھ کر سکو گی؟ "

وہ گھوم کر اب موبائل کے سگنل پورے کر رہی تھی جب سنایا کی عقب سے آتی آواز پر اس کے نمبر ملاتے ہاتھ وہیں تھم گئے۔

"کہ۔ ۔ کیا مطلب ؟ "

وجود ایک دم گھوم گیا۔ پیشانی پر تیوری چڑھائے سوال کیا۔ سنایا نے لمحہ بھر کو نگاہیں چرائیں ۔

"دوستوں کے ساتھ مل کر جس گھر میں چوری کی ہے ان کا بیٹا گولی لگنے سے مر گیا ہے "

سنایا نے گھٹی سی آواز میں جیسے دھما کیا تھا۔ ہاتھ میں پکڑا موبائل ایک لمحے کو کایب گیا۔

"کہ ۔ ۔ کیا ۔۔ ۔ کہہ رہی ہو؟ "

کانپتی آواز میں بے یقینی تھی اور خوف تھا۔

"ہاں صیح کہہ رہی ہوں ایسا ہی ہے "

سنایا کے جواب پر دل بیٹھ گیا۔ بیٹھے دل اور کانپتے ہاتھوں سے وہ پھر بھی آمنہ کا نمبر ملا چکی تھی۔

***

"دیکھا یہ سب کیا سے کیا ہو گیا۔ "

ہاروی نے ہاتھ میں پکڑا ٹی وی ریموٹ پوری قوت سے دیوار میں مارا۔ پاس بیٹھے بروس نے ریموٹ کے دھماکے کے سنگ آنکھیں زور سے بند کیں۔

ریموٹ دو ٹکڑے ہو کر اب زمین بوس تھا۔ ٹی وی سکرین پر بار بار دران کی پریس کانفر نس کے کچھ مناظر دکھائے جا رہے تھے۔ ٹی وی سکرین کے سامنے لگے صوفوں پر ہاروی اور بروس حیرت کدہ بیٹھے تھے۔ شیشے کے میز پر سجے گلاسوں کے پین دوں میں اب بھی مے موجود تھی۔ ہارون کے غصے نے بروس کے چہرے پر خفت کے آثار بڑھا دیے۔ ایک جھٹکے سے اس نے سامنے پڑے گلاس کو اٹھایا اور گلاس میں موجود مے زہر کی طرح حلق میں انڈیلی ۔

"مجھے کیا پتا تھا یہ سب ہو گا "

ندامت بھرا لہجہ تھا وہ لب بھینچے ہوئے تھا نگاہیں سامنے ٹی وی سکرین پر ہی جمی تھیں۔

فلم کی شوٹنگ کے چین میں ہونے والے تمام مناظر تو مکمل ہو چکے تھے لیکن اب باقی شوٹنگ امریکہ میں تھی۔ "لیکن مجھے پتا تھا یہ سب ہو گا۔ درانگ بہت ذہین اور چالاک ہے۔ یہ تمہیں میں بار بار کہتا رہا ہوں۔ تم نے میری ایک بات نہیں سنی اب بھگتنا سب کو پڑے گا۔ "

"مانتا ہوں مجھ سے بڑی غلطی ہوئی۔ سیون کے معاملے الگ پھنسے ہیں لیکن اب سمجھ یہ نہیں آ رہا کہ یہ لڑکی کیا واقعی اسے جانتی تھی پہلے یا درانگ نے اب یہ ساری کہانی گھڑی ہے۔ "

بروس نے ٹھوڑی سہلاتے ہوئے آنکھیں چندھی کیں۔

" جانتی تھی یا نہیں جانتی تھی پر یہ لڑکی تمہیں ضرور پہنچا نتی ہے کہ تم نے اسے درایگ کے پاس بھیجا تھا " ہارون نے دانت پیسے ۔

"بات کرو سیون سے وہ کسی صورت ان کو یہاں سے نکلنے نہ دے۔ کیا کر رہا ہے وہ ؟ کہاں ہےاس کی پاور درانگ دندناتا پھر رہا ہے۔ "

"سیون کچھ نہیں کر سکتا پولیس بہت الرٹ ہے آجکل اور ہر جگہ چھاپے مار رہی ہے۔ وہ انڈر گراؤنڈ ہو گیا ہے ہارون کا لہجہ تلخ تھا۔

"تو پھر اب کیا "

"اب یہ کہ وہ نکل جائے گا امریکہ کے لیے۔ دیکھا نہیں کیسے سکیورٹی مانگ لی ہے اس نے "

ہاتھ کا اشارہ پھر سے سکرین کی طرف کیا جہاں دران مائک تھامے ہوئے کچھ بول رہا تھا۔

ہاروی ایک جھٹکے سے صوفے پر سے اٹھا اور کمر پر ہاتھ دھرے پریشان لہجے میں بتایا۔

"اب ہمیں درانگ کو یہ شو کروانا ہے کہ ہم اس سارے معاملے سے انجان ہیں۔ بالکل نارمل انداز میں اسے کال کرو اور کہو کہ فلم کی شوٹنگ کے لیے کب سے آ رہا ہے "

ہاروی نے گہری سانس لیتے ہوئے بروس کو اپنے اگلے لائحہ عمل کے با رے میں ہدایت دی۔ بروس نے کچھ بولنے کے لیے ہاتھ اٹھائے لب کھولے ۔

"حب ۔۔ ۔ اب کچھ بھی تمھارے مشورے پر نہیں ہو گا۔ سب میرے مشورے پر ہو گا۔ جو میں کہوں گا تم وہی کرو گے زیادہ ہوشیاری مت دیکھانا "

ہارون کے گھورنے پر وہ لب بھینچے سر ہلا گیا۔ گہری سانس لی اور بوتل کو اٹھائے آب آتشیں پھر سے گلاس میں انڈیل دیا۔

***

چڑھتی شام کی شر بتی ٹھنڈی شعاعیں بریلوی ہلز کی خوبصورتی کو دوبالا کیے ہوئی تھیں۔ مضافات میں سبز گھاس میں لیٹے چھوٹے بڑے پہاڑ اور کانچ جیسے خوبصورت گھر وہ گاڑی کی کھڑ کی کے شیشے سے پار متواتر باہر کے نظاروں کو دیکھ رہی تھی۔

سفید ڈھیلی سی شرٹ کے نیچے ہلکے مسٹرڈ رنگ کی پیروں کو چھوتی سکرٹ زیب کیے بال جو ابھی تک سیدھے تھے کندھوں سے نیچے دائیں بائیں بازؤوں کو چوم رہے تھے۔ گندمی زرد ہوتے گالوں والا چہرہ ہر طرح کے میک اپ سے عاری تھا۔ سیاہ آنکھوں کی سفید پتلیاں شفاف تھیں اور پتلیوں کے مرکز میں گزر تے ہر منظر کا عکس ابھر رہا تھا۔ امریکہ کی ٹھنڈک گرم کار میں بھی اس کے ناک کو ہلکا سا گلال کئے ہوئے تھی۔ دونوں ہاتھوں کو ایک دوسرے کے اوپر دھرے وہ اس وقت گاڑی کی پچھلی نسب پر دران کے برابر میں بیٹھی تھی۔

دران مہندی رنگ لیدر جیکٹ کے نیچے گول گلے والی گرے شرٹ پہنے ہلکے سے بکھرے بالوں سمیت سر جھکائے موبائل سکرین پر کچھ دیکھنے میں مصروف تھا۔ ایک ہاتھ میں موبائل تھام رکھا تھا جبکہ دوسرا ہاتھ دھیرے سے لبوں کے نیچے ٹھوڑی کو پر سوچ انداز میں شہلا رہا تھا۔

وہ لوگ چائنہ سے بحفاظت امریکہ پہنچ گئے تھے لیکن اب یہاں اس کو درانگ ولاس کی سکیور ٹی جوی کے مطابق سیٹ کرنی تھی۔ سیاہ رنگ کی لینڈ کروزر اب سست روی سے درانگ ولاس کے گیٹ کے اندر داخل ہو رہی تھی۔ انل اب انکے ساتھ نہیں تھا۔ وہ فلائٹ سے ایریا ہی اپنے فلیٹ کی طرف روانہ ہو چکا تھا۔

جوی کی آنکھیں پوری اوپر اٹھیں تھیں۔ جن میں اب درانگ ولاس کا عکس چمک رہا تھا۔ یہ گھر نہیں خوابوں کاچ محل تھا جو اس وقت اسے اپنی خوبصورتی کے سحر میں جکڑ رہا تھا۔ گاڑی پورمیں کھڑی ہو چکی تھی۔

گارڈز گاڑی کے دونوں اطراف کے دروازے کھول رہے تھے۔ اس کی طرف کا دروازہ کھولے گارڈ اس کے نکلنے کا منتظر تھا جبکہ وہ متحوش بیٹھی تھی۔ اس کے یوں منجمد ہو جانے میں حیرت ۔۔ ۔ جھجک ۔ ۔ ۔ بے یقینی سب شامل تھا۔

" جوی باہر کیوں نہیں نکل رہی آپ ؟ "

دران نے ہلکا سا جھک کر گاڑی میں جھانکا ۔ وہ بھنویں اوپر اٹھائے حیرت سے پوچھ رہا تھا۔ جوی خفت سے سٹپٹائی پھر آہستگی سے گاڑی کے دروازہ کا سہارا لیتے ہوئے باہر نکلی ۔

"ویلکم ہوم سر "

کتنے ہی ملازمین ایک مخصوص وردی میں ملبوس ہاتھ باندھے ایک قطار میں کھڑے تھے اور دران کے پاس سے گرزرتے ہوئے اسے ویلکم کر رہے تھے۔ وہ چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتی دران کے پیچھے چل رہی تھی۔ سر حد درجہ جھکائے عجیب سے احساس سے دوچار تھی۔

پورچ سے آگے مین دروازے میں داخل ہوتے ہی رہداری میں دائیں اور بائیں لگی پینٹنگز کو نگاہ اٹھائے دیکھتی وہ دران کے پیچھے اب لاؤنج میں داخل ہو چکی تھی۔

"ویلکم ہوم "

ملک اسفند کی آواز تھی۔ دران نے چونک کر موبائل پر سے نگاہ اٹھائی ۔ لاؤنج میں اسفند ملک صوفے کے پاس کھڑے تھے جبکہ روبی آنکھوں کی پتلیوں کو سکوڑے دران کے پیچھے کھڑی جوی کو دیکھ رہی تھی۔

اسفند ملک آگے ہو کر بڑے پرجوش انداز میں دران سے بغل گیر ہوئے۔

"کیسے ہیں آپ ؟ "

ان کی گرم جوشی کے بلکل برعکس پھیکا سا لہجہ تھا۔ بے تاثر چہرہ ۔ اسفند ملک اسے کندھوں سے تھامے ہوئے پیچھے ہوئے۔

"میں ٹھیک ہوں تم سناؤ کیسے ہو؟ "

کن اکھیوں سے جوی کی طرف دیکھتے ہوئے سوال کیا۔ لہجہ اب بھی خوشگوار تھا۔ دران کی مسلسل توجہ موبائل کی طرف مبذول تھی۔

"ویلکم ہوم سر "

روز ین پیشہ ورانہ مسکراہٹ سجائے لاؤنج میں داخل ہوئی۔ دران نے روز ین کے آتے ہی موبائل پر سے توجہ ختم کی۔ سر اوپر اٹھایا۔ موبائل کو جیب میں رکھتے ہوئے ہاتھ سے اشارہ جوی کی طرف کیا۔

"میم کو ان کے کمرے میں لے جائیں۔ "

بڑے متوازن لہجے میں حکم صادر کیا۔ وہ بنا جوی کی طرف دیکھے تیز تیز قدم اپنے کمرے کی طرف بڑھا چکا تھا۔ "میم کم "

روز ین نے محبت بھری مسکان کے ساتھ میٹھے لہجے میں اسے اپنے سنگ چلنے کا کہا جو دران کی پشت کو دیکھ رہی تھی۔ روز ین کے پکارنے پر وہ ہلکا سا چونکی اور پھر اس کی تقلید میں قدم آگے بڑھائے ۔

"رکو لڑکی "

روبی کی تیکھی آواز میں تلخی کا عنصر واضح محسوس کیا جاسکتا تھا۔ جوی کے بڑھتے قدم تھمے ساتھ ہی روبی کی طرف نگاہ اٹھی۔ وہ صوفے کے دونوں بازؤں پر وزن ڈالتے ہوئے بڑے انداز میں اٹھی تھی۔

ہلکے گلابی رنگ کے ڈھیلے سے گھٹنے تک آتے کرتے کے نیچے وہ جینز پہنے ہو ئی تھی۔ میک اپ سے ایا مغرور چہرہ ہلکے سنہری رنگ زدہ بال دودھ جیسی چمکتی رنگت وہ جدید طرز کے ہر فیشن سے لیس خوبصورت عورت تھی۔ "کیا نام ہے تمھارا ؟ "

تیکھی سی نگاہوں سے گھورتی وہ جوی کا مکمل جائزہ لینے میں مصروف تھی۔ انداز میں حقارت جیسا احساس بھی تھا۔ "جوی "

آہستگی سے جواب دیا۔ ملک اسفند ہنوز وہیں کھڑے تھے ہاں پوری توجہ اب جوی اور روبی کی طرف تھی۔

"یہ کیسا نام ہوا عجیب سا خیر تم سے بہت میچ کرتا ہے۔ پاکستان سے ہو؟ "

خرا نٹ لہجہ اور چہرے کا کھچاؤ اس کی نفرت کا غماز تھا۔ اس کی چبھتی نگاہیں جوی باخوبی محسوس کر رہی تھی۔

"کراچی "

گھٹی سی آواز میں مختصر جواب دیا۔ روز ین جو ہاتھ باندھے کھڑی تھی چور سی نگاہیں اٹھائے روبی کے انداز کو جانچ رہی تھی۔ اردو سمجھنے سے تو قاصر تھی ہاں البتہ اتنا ضرور سمجھ میں آ رہا تھا کہ وہ جوی کو پریشان کر رہی ہے۔

"ہوں ۔۔ ۔ "

جوی کے جواب پر روبی کا پر سوچ ہنکارا ابھرا ۔

"میم سوری ٹو سے ۔۔ ۔ دران سر نے ان کو روم میں لے جانے کا کہا ہے اس کے بعد مجھے ڈنر سرو کروانا ہے۔

کائنڈلی آپ لنچ پر بات چیت کر لیجیے گا "

روز ین جوی کی ہچکچاہٹ اور روبی کی تلخی باخوبی سمجھ چکی تھی۔ بڑے تحمل مزاج انداز میں اس نے روبی سے اس کی جان چھڑوائی ۔ روبی بدمزہ سی صورت کے ساتھ لب بھینچے سر ہلا کر رہ گئی۔

"میم چلیے پلیز ۔ اوپر ہے آپکا کمرہ "

روز ین نے مسکراتے ہوئے اسے چلنے کا کہا۔ روبی کی چبھتی نگاہوں سے گڑ بڑا تے ہوئے اس نے جلدی سے روز ین کے پیچھے قدم بڑھا دیے۔

لاؤنج کے وسط سے چڑھتے زینے کے پاس لگی لفٹ کے پاس جا کر روز ین رکی اور پھر مسکراتے ہوئے مری ۔ "میم چلیے "

شیشے کی دیواروں والی لفٹ کا دروازہ کھل چکا تھا۔ اس کے اندر داخل ہونے کے بعد روز ین نے لفٹ میں قدم رکھے اور لفٹ نرم روی سے اوپر چڑھنے لگی۔ ایک سکینڈ سے بھی کم وقت میں لفٹ رکی تھی اور دروازہ نر ما ہٹ سے دوبارہ کھل گیا۔

شیشے کی طرح چمچماتا سفید فرش اور لاؤنج سے آگے چھوٹی سی راہداری میں کمروں کے گہرے بھو رے رنگ کے دروازے تھے۔ روبی اب ایک دروازے کے آگے رک کر اس کے ہتھے پر ہاتھ رکھے اس کے وہاں تک پہنچنے کی منتظر تھی۔

جوی کے پہنچتے ہی اس نے مسکراتے ہوئے دروازے کو کھولا ۔ سفید اور ہلکے میر ون رنگ کے امتزاج لیے کمرہ رنیویشن کرنے والے کے اعلی ذوق کی عکاسی کر رہا تھا۔

"میم سر کے کہنے کے مطابق کمرے میں آپکی ضرورت کی ہر چیز موجود ہے۔ اگر پھر بھی آپ کو کسی بھی چیز کی ضرورت ہو آپ روم انٹرکام یوز کر سکتی ہیں یہ میرے آفس سے ملحقہ ہے۔ "

روز ین ہاتھ باندھے بڑے مؤ دب لہجے میں اسے تمام معلومات دے رہی تھی۔ جوی نے آہستگی سے مسکراتے ہوئے سر کو اثبات میں جنبش دینے پر اکتفا کیا۔

"میم کچھ دیر میں ڈنر ریڈی ہو جائے گا آپ فریش ہو جائے "

روز ین مرتے ہوئے رک کر اسے پھر سے لنچ کے بارے میں آگاہ کرنے کے بعد اب بیر ونی دروازے کی طرف قدم بڑھا چکی تھی۔ جوی نے تحیر زدہ آنکھوں کو کمرے کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک دوڑایا تھا۔

سفید چادر میرون کشن والا وسیع گداز بیڈ ایک دیوار میں نصب شیشے کی کھڑکی اور دوسری دیوار میں شاید

سلائیڈنگ ڈور بالکنی کا تھا۔ بے اختیار قدم بالکنی کی طرف بڑھے تھے۔

شیشے کے بنے سلائیڈنگ دروازے پر ہاتھ رکھے نر ما ہٹ سے اس نے دروازے کو بائیں طرف سرکا یا ۔ یخ بستہ ہوا کے جھونکے نے ایسا خیر مقدم کیا کہ کندھوں سے آگے بال پیچھے کے رُخ اڑنے لگے۔

بالکنی دلکش کمرے کا حسین حصہ ثابت ہوئی تھی اور سامنے کا نظارہ دیکھ کر وہ ٹھیک گئی۔

"ارے پگلی پل بھر کو یہ سوچ کہ یہ ہمارے چھوٹے سے فلیٹ کی گندی سی بالکنی نہیں ہے یہ تو ایک بہت ہی بڑے بنگلے کا حسین ٹیرس ہے ایک طرف جھولا لٹک رہا ہے اور ایک طرف میز پرمشر وب سجے ہیں ماربل کا کانچ جیسا سفید فرش ہے اور سامنے یہ گندا سا میدان نہیں ایک سمندر ہے اور نیچے یہ میلی کچلی پان کی دوکانیں نہیں بلکہ سوئمنگپول ہے "

اپنے ہی کہے ہوئے الفاظ ذہن میں گونج رہے تھے اور وہ ساکن اس حسین منظر کو تاک رہی تھی جو اس کے خواب کی حقیقت تھا۔

اچانک نیچے موجود سوئمنگپول سے آتی چھپاک کی آواز پر چونک کر نگاہ جھکائی ۔ دران نیلے شفاف پانی میں تیراکی کر رہا تھا۔

"اف اتنی ٹھنڈ میں ۔۔۔ ۔ " حیرت سے منہ کھل گیا۔

***

سوئمنگپول کے نیلے شفاف تالاب کے کو نوں سے ٹھنڈی بھاپ اڑاتے پانی میں وہ بڑی مہارت سے تیراکی کرنے میں مصروف تھا۔

پول کے قریب وردی میں ملبوس ملازم ہاتھ میں سفید رنگ کا ٹاول گاؤن تھامے سر جھکائے کھڑا تھا۔ پول کے پاس سفید رنگ کے بنچ لگے تھے۔ وہ یونہی ٹکٹکی باندھے اسے شفاف پانی میں الٹا تیرتے ہو جب ئے دیکھ رہی تھی وہ بازؤ پانی میں چوپ کی طرح چلاتا اچانک سیدھا ہوا۔

دران کی نظر یک لخت ٹیرس کی ریلنگ تھامے کھڑی جوی پر پڑی ایک سکینڈ کے بارہویں حصے میں وہ سٹپٹا کر پیچھے ہوئی۔

" اف ۔۔۔ اف۔۔ ۔ اس نے دیکھ لیا کیا " دل تیزی سے ہچکولے کھانے لگا۔ خفت کے مارے تیز تیز قدم اٹھاتی کمرے میں آئی اور سلائیڈنگ دروازہ سرکا کر فوراً بند کیا۔ کمرے کی حدت نے جسم کو راحت بخشی ۔

"میں کیوں یہی محسوس کر رہی ہوں کہ میں اس کے احسان تلے دبی ہوں۔ وہ بھی تو مجھے اپنے کسی مقصد کے لیے استعمال کر ہی رہا ہے۔ " ذہن دل کی خفت کو کم کر رہا تھا۔

چھوٹے چھوٹے قدم اُٹھاتی کمرے سے ملحقہ ڈریسنگ روم تک آئی جہاں واش روم کے دروازے کے سا منے پوری دیوار میں سفید چکمتے دروازے والی الماری نصب تھی۔ آہستگی سے الماری کہ دروازہ سرک ایا تو آنکھیں اور قدم ایک ساتھ تھم گئے۔ یہ الماری نہیں الماری نما پورا کمرہ تھا۔ کمرے میں ایک قطار میں لگے ہینگنگ سٹینڈ پر انگنت بیش قیمت جوڑے لٹک رہے تھے۔ جوتے کے رینکس میں چند جوتے بڑے سلیقے سے رکھے گئے تھے۔ لمحہ بھر کے لیے ایسا لگا وہ کسی دوکان میں کھڑی ہے۔ اچانک ذہن میں وہ لمحہ کوند گیا جب دران نے چین میں شاپنگ کے دوران اس کے جوتے اور کپڑے کا سائز پوچھ کر کسی کو بتایا تھا۔

یونہی سراسیمگی کی حالت میں قدم اٹھاتی کپڑوں کے ہینگنگ سٹینڈز کے قریب آئی قیمتی جدید طرز کی پینٹ شرٹس جیکٹس سکر ٹس گرم کوٹ جن کے گریبان پر لگے ٹیگ تک نہیں اتارے گئے تھے۔ وہ ہاتھوں کی مدد سے ان کو ایک طرف سرکاتے ہوئے دیکھ رہی تھی۔

کپڑوں کے ہینگر کے سرکنے کی آواز کے ساتھ کسی فون رنگ ٹون جیسی آواز تھی جو کمرے سے ابھری تو وہ چونکی ۔ ڈریسنگ روم سے باہر آئی تو بیڈ کے اطراف میں لگے میز پر پڑا انٹرکام بج رہا تھا۔

ہلکی سی جھجک کے ساتھ ریسیور اٹھا کر کان کو لگایا۔

"ہیلو میم آپ ریڈی ہیں۔ دران سر نے کہا ہے ڈنر آپکو آپکے کمرے میں پیش کر دیا جائے۔ "

روز ین کی آواز فون بوتھ سے ابھری ۔

"میں فریش ہونے کے بعد آپکو بتاتی ہوں۔ "

"ٹھیک ہے میں انتظار کر رہی ہوں "

انٹرکام کا ریسور رکھنے کے بعد تذبذب کی حالت میں وہ دوبارہ ڈریسنگ روم میں موجود تھی پھر لانگ گرے رنگ کی ٹی شرٹ اور سیاہ نیب کا انتخاب کرنے کے بعد واش روم کی طرف قدم بڑھا دیے۔

***

تیز بارش بجلی کی گرج چمک پورے کراچی کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے تھی۔ آنسو برساتے آسمان والی یہ گہری شام ملک ہاؤس پر غم کا پہاڑ توڑے ہوئے تھی۔ لاؤنج سے اُٹھتی چیخ و پکار دل دہلا دینے والی تھی۔ ایک ساتھ کتنے ہی دل تھے جو پھٹنے کی حد کو پہنچے آہ بکا کر رہے تھے۔ بین کر رہے تھے۔ تڑپ رہے تھے۔

لاؤنج کے وسط میں یاور کفن میں لپٹا ان سب کی چیخ و پکار سے بے بہرہ ۔۔ ۔ پرسکون ۔ ۔ ۔ پرنور ۔۔۔ ۔ سفید ۔۔ ۔ چہرے کے ساتھ آنکھیں موندے لیٹا تھا۔

سونیا اور دکھ سے نڈھال ہوتی سبرینا پلنگ کی پائینتی تھامیں دھاڑیں مار رہیں تھیں۔ دستگیر بیگم نڈھال تھیں ان کا سکتہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا۔ وہ یک یک زرد ۔۔ ۔ ساکن ۔۔ ۔ چھری دار آنکھیں غیر مر ئی نقطے پر جمائے بیٹھی تھیں۔ طلعت اور عصمت کے اونچے اونچے بین دیواروں سے ٹکر کر دم توڑ رہے تھے۔

ان سب میں وہ موجود نہیں تھا جو یاور کی آخری چلتی سانسوں کے وقت تک اس کے ساتھ تھا۔ غم میں چور ملک ہاؤس میں کسی کو کیا خبر وہ تو دور لائینز ایریا کے سامنے موجود پارک میں بنچ پر سر جھکا ئے بے آواز آنسوبہا رہا ہے۔ وہ زندگی میں پہلی مرتبہ رو رہا تھا۔ آنکھوں سے نکلتا نمکین سیال تیز بارش میں ایک پل کے لیے بھی چہرے پر نہیں ٹھہر رہا تھا۔

تیز بارش کے تھپیڑے متواتر اس پر برس رہے تھے مگر ذہن میں یاور ملک کی کہی ہوئی آخر باتوں کے جھکڑ چلی رہے تھے۔ وہ پچھلے ایک گھنٹے سے یہاں بیٹھا ذہن میں وہ آخری منظر ہزراوں بار دہرا چکا تھا۔

وہ اس لمحے کو تھام لینا چاہتا تھا۔ اسے پلٹ دینا چا بس ہتا تھا۔ کتنا بے تھا وہ اس وقت کچھ۔۔ ۔ کچھ بھی نہیں کر سکا اور اس کا ہر دل عزیز باپ جیسا چچا اس کے ہاتھوں میں جان دے گیا۔

سفید چادر میں لیٹے بستر مرگ پر لیٹے یاور ملک نے کانپتے ہاتھوں سے اس کا ہاتھ تھا ما تھا۔ انگنت نالیوں میں جکڑا ناتواں چہرہ۔ آنکھوں کے گرد گہرے حلقے۔ وہ تو ایک مہینے میں برسوں کے بیمار لگ رہا تھا۔ دل کے ایک جھٹکے نے نچوڑ کر رکھ دیا تھا۔ انیس سالہ دران اس کے بیڈ کے قریب کھڑا محبت سے اس کے چہرے کو دیکھ رہا تھا۔

"دران ۔ ن۔ ن۔ ن۔۔ ہ۔ ہ۔۔۔ مجھے۔۔ ۔ لگ رہا ہے میں۔۔ ۔ اب زیادہ دیر۔۔۔ ۔ نہیں ہوں یہاں ۔ میرا ۔۔۔۔۔ وقت بہت قریب ہے "

نقاہت سے کہتے ہوئے وہ نگاہیں دران کے چہرے پر ٹکا ئے ہوئے تھا۔ آنکھوں کی پتلیوں میں چمک نہیں تھی۔ "چاچو ایسی باتیں مت کریں۔ کچھ نہیں ہو گا آپکو ۔ "

دران کی بات پر یاور کے پژمردہ چہرے پر پھیکی سی مسکراہٹ پھیلی ۔ پیلا ہٹ زدہ گال جو اب ہڈیوں کا ڈھانچہ بن گئے تھے مسکراہٹ کے سبب اوپر کو اٹھے ۔

آہ۔۔ ۔ یہ مسکراہٹ ۔۔ ۔ ایک مہینے پہلے تک یہ جاندار مسکراہٹ اس کے سرخ چہرے کے پٹھے کھینچتی تھی تو خوبصورت چمکتی آنکھیں اور چمکنے لگتی تھیں۔

"دران میں جاتے ہوئے۔۔۔ ۔ تمہیں ۔۔۔۔ ایک سچ بتانا چاہتا ہوں۔ ایک ایسا سچ ۔۔۔ ۔ جو تمہا ری زندگی سے جڑا ہے۔ اگر میں نے تمہیں یا نہ بتایا تو بہت زیاتی کر جاؤں گا۔۔۔۔ ۔ تمھارے ساتھ ۔۔ ۔ شازیہ با جی کے ساتھ ۔۔۔ ۔ "

وہ ایک پل کے لیے نگاہیں جھکا گیا۔ دران اس کے ہاتھ کی کپکپاہٹ اپنے ہاتھ پر باخو بی محسوس کر رہا تھا۔ بولنے کے باعث اس کی سانس اکھڑنے لگی تھیں۔

"چاچو بعد میں بتا دیجیے گا۔ ابھی مت بولیں ڈاکٹر نے منع کیا ہے زیادہ بولنے سے "

دران نے اس کے ہاتھ پر دباؤ ڈالتے ہوئے محبت سے منع کیا۔ جبکہ ذہن ان کی کسی انہونی سوچ پر ٹھیک گیا تھا۔ وہ کوئی بہت ہی گہرا راز بتانے جا رہے تھے۔ ایسا راز جو اس کی کایا پلٹ کرنے والا تھا۔

"نہ۔۔ نہیں ۔۔ ۔ میرے پاس وقت بہت کم ہے اور یہ بات بتانا بہت ضروری ہے۔ تم۔۔۔ ۔ دران تم نوین بھائی کے۔۔ ۔ بیٹے نہیں ہو۔ "

وہ نظریں چرا کر کانپتے لہجے میں اس پر یہ حیران کن انکشاف کر گئے جس کے لیے وہ ذہن کو تیار کر ہی رہا تھا۔ دران نے حیرت سے بھنویں اکٹھی کیں۔ چہرے پر ایک سایہ لہرا گیا۔ ایسا انکشاف ۔۔ ۔

"تمھاری ۔۔۔ ۔ ماں ایک امریکن یہودی عورت تھی۔ لیکن وہ نوین بھائی کی بیوی نہیں تھی۔ مطلب ۔۔۔۔ ۔ تم۔ م۔ م نوین بھائی کے بیٹے نہیں ہو۔۔۔ ۔ تمھارا باپ کوئی اور ہے۔ "

یاور نے نگاہیں اٹھائیں جن میں شرمندگی کی گہری چھاپ تھی۔ سانس کے اکھڑنے میں اضافہ ہو چکا تھا مگر دران اب متحوش کھڑا تھا۔

"پھر میں کس کا بیٹا ہوں ؟ "

حیرت میں ڈوبی دور کنویں سے آتی آواز ۔ وہ ہنوز بھنویں سکیڑے حیرت زدہ کھڑا تھا۔

"پتا نہیں۔ ں۔ ں۔۔۔۔۔ ۔ لیکن۔ ن۔ ن۔ اتنا پتا ہے ۔۔۔۔۔ کہ تم نوین بھائی کے بیٹے نہیں ہو۔

تمہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ یہاں صرف نوین بھائی کا ۔۔۔۔۔۔۔۔ بیٹا بنا کر لایا گیا ہے۔ "

یاور ملک نے نگاہوں کا زاویہ پھر سے بدلا ۔ سانس کا اکھڑنا اب ہلکی سی کھانسی میں بدلنے لگا۔

" تم۔۔ ۔ تمھارا۔۔۔۔ ۔ اصل باپ۔۔۔۔۔۔ ۔ کون ہے۔۔۔۔۔ ۔ یہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ صرف اسفی بھائی جانتے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مجھے یہ حقیقت بہت دیر سے پتا چلی اور اس سے پہلے کہ ۔۔۔۔۔ ۔ میں ۔۔۔۔ ۔ میں کچھ کرتا یا۔۔۔ ۔ ان کا گریبان پکڑتا۔ ا۔ ا۔ ا ۔۔ ۔ زندگی نے ۔۔۔۔۔۔ میری معیاد کم کر دی۔۔۔ ۔ "

کھانسی کے باعث یاور کی آواز اکھڑنے لگی تھی۔ ہلکی ہلکی کھانسی اب شدت اختیار کرنے لگی۔ پتلیوں میں پانی چمکنے لگا۔ دران تو ایسے کھڑا تھا مانو کاٹو تو لہو نہیں۔

"دیکھو ۔۔ ۔ اسفی بھائی۔ ی۔ ی۔ ی ۔۔ ۔ نہ ۔۔۔۔۔ صرف میرے بڑے بھائی ہیں۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بلکہ میرے۔۔۔۔۔۔۔ ۔ باپ جیسے ہیں۔ نہیں۔۔۔۔۔۔۔ ۔ نہ۔۔ ۔ نہیں جانتا انہوں۔۔ ۔ نے۔۔۔۔ ۔ یہ گناہ کیوں کیا۔ لی۔ لیکن۔۔ ۔ تمہیں سچ۔ چ۔۔۔۔ ۔ بتانا میرا فرض تھا۔ "

کھانسی اب بہت زیادہ تیز ہو چکی تھی۔ ہر لفظ کے بعد بے تحاشہ کھانستے ہوئے یاور نے بمشکل جملہ مکمل کیا۔

"۔ چا۔۔۔ چاچو میں ۔۔ ۔ میں ڈاکٹر کو بلا کر لاتا ہوں "

دران نے حواس باختہ ان سے اپنا ہاتھ چھڑوایا اور دروازے کی طرف تقریباً بھاگا تھا۔

بارش کے تھپڑ اس کی پیٹھ پر اور گالوں پر لگاتار پڑ رہے تھے۔ یاور کی موت اس سے محبت کرنے والے ایک رشتے کے ساتھ دوسرے رشتے کو بھی نکل گئی۔ آج تک وہ یاور کے بعد اسفند ملک کو دل میں ایک مقام دیتا تھا۔ یاور نے جاتے جاتے اسفند ملک کے اس مقام کو بھی ختم کر دیا تھا۔

وہ ملک خاندان کا خون نہیں تھا۔ وہ نوین ملک کا بیٹا نہیں تھا۔ پھر وہ کون تھا۔ اسفند ملک اسے صرف دولت حاصل کرنے کے لیے لائے تھے۔ آخر کیوں؟ ۔۔ ۔ یاور چاچو کو یہ بات کی اور کیسے پتا چلی ؟

وہ آج ایک انسان سے ایک مہرہ بن گیا تھا۔ جسے اس کی ماں نے شائد بیچ دیا تھا اور اسفند ملک جیسے سفاک انسان نے اسے خرید کر ایک مہرے کے طور پر استعمال کیا تھا۔ کل تک وہ ملک ہاؤس میں قدم رکھتے ہوئے یہ محسوس کرتا تھا کہ اس کا بھی کچھ حق ہے اس گھر پر لیکن آج پتا چلا اس کا کوئی حق نہیں ہے۔ وہ تو کٹھ پتلی تھا۔ جس کی ڈور اسفند ملک کے ہاتھوں میں تھی۔ وہ نچا رہا تھا اور وہ ناچ رہا تھا۔ دھڑام سے کوئی آسمان سے زمین پر آ گرا تھا۔

Novelzy · online novels

Stories you won’t put down

Romance, dark romance, mafia, werewolf, billionaire and more, released chapter by chapter. Start with free chapters on any device, unlock premium chapters with coins, and earn rewards as you read.