"کیسی طلاق ۔۔ ۔ یہ کیا طلاق دے گا مجھے میری شادی اس سے ہوئی ہی نہیں۔ اس نے چرچ میں بائبل کے سامنے جتنے بھی دعوی کئے سب جھوٹے تھے تو یہ کونسی شادی تھی۔ " جوی کی آواز پھٹ رہی تھی۔
آج وہ کمزور نہیں تھی۔ یا کچھ عزم کر چکی تھی جس کی طاقت اس کی ہر ہر ادا سے جھلک رہی تھی۔ چہرے کی رنگت گلے میں لیٹے اسکارف جیسی ہو رہی تھی۔
"دران اب کیا کرنا ہے اس کا ؟ "
انل نے رخ موڑے دران سے سوال کیا۔ جو اب ہاتھ سینے پر باندھے پر سوچ نگاہوں سے جوی کو بغور دیکھ رہا تھا۔ انل کے پکارنے پر اس کی طرف متوجہ ہوا۔
"کچھ نہیں کرنا بس اس سے پاسپورٹ لینا تھا۔ اب نکلتے ہیں " دران نے سینے پر بندھے ہاتھ کھولتے ہوئے متوازن لہجے میں جواب دیا
"کیا مطلب ایسے کیسے بھی اسے پولیس کے پاس لے کر جاتے ہیں جوی کے بیان دلواتے ہیں "
انل نے حیرت سے بھنویں اکھٹی کئے اس کے قریب آ کر کہا۔
"جوی چلیں نکلنا ہے ہمیں ۔ " دران نے انل کی بات کا جواب دینے کے بجائے جوی کی طرف دیکھ کر حکم صادر کیا۔
انل نے صرف دیکھنے پر اکتفا کیا کیونکہ اب اس کے دماغ میں کیا چل رہا تھا۔ نہیں جانتا تھا۔ سوچ وہ بھانپ لیتا تھا انل نہیں۔ انل نے کندھے اچکا کر اس کی تقلید کی۔
۔ شام کے سایے گہرے ہو رہے تھے جب وہ لوگ وہاں سے باہر نکلے۔ لی تاؤ زمین پر رینگتا ہوا اب اٹھنے کی کوشش کر رہا تھا۔
***
ستاروں سے جھلماتے آسمان کے نیچے یہ خوبصورت ریزورٹ تھا۔ یہ لاویا سے آگے راستے میں آنے والا ایک مشہور ریزروٹ تھا جہاں انہوں نے ایک لیگژری اپارٹمنٹ بک کیا تھا۔
چھوٹے سے لاؤنج سے ملحقہ ایک عدد بیڈ روم فرنشڈ کچن اور ایک عدد ٹیرس پر مشتمل یہ ریزورٹ بہت پرسکون تھا۔ اپارئٹمنٹ کے لاؤنج میں موجود آتشدان میں آگ اپنے جوبن پر تھی۔ لکڑیاں سلگ رہی تھیں اور پورے کمرے کو حدت بخش رہی تھیں۔
دران آتشدان کے قریب سنگل صوفے کی پشت سے ٹیک لگائے بیٹھا تھا۔ جبکہ انل آتشدان کے قریب کمر پر ہاتھ دھرے اکڑ و کھڑا تھا۔
جوی کو جیسے ہفتوں بعد یوں بے فکری کی نیند آئی تھی وہ آتے ہی سو چکی تھی۔ ان کو یہاں آئے آدھا گھنٹہ ہوا تھا۔ دران کے مطابق وہ ابھی شھنگائی نہیں جا سکتے تھے کیونکہ لی تاؤ نے فوراً اس آدمی سے رابطہ کیا ہو گا جس کو اس نے جوی بیچی تھی۔
وہ اور اس کے لوگ ان کا شھنگائی کے داخلے پر انتظار کر رہے ہوں گے۔ اس لیے وہ لوگ واپس جا نے کے بجائے لاویا سے آگے آ گئے تھے۔ جبکہ یہاں بھی انل کا اس سے اختلاف تھا کہ وہ یہاں رک کر زیادہ خطرہ مول رہے ہیں۔ انل اب بھی اسی بات پر پچھلے دس منٹ سے اس کے ساتھ بحث کر رہا تھا۔
"یہ کیا سب کچھ الٹ پلٹ کر رہے ہو؟ سیدھا سیدھا جوی کو پولیس سٹیشن لے جاتے۔ لی تا ؤ کے بیان دلواتے اسے وہاں سے پاکستان لے جاتے۔ سمپل "
انل نے غصے سے اسے سیدھے راستے بتائے ۔ دران نے تھکی سی ادھ کھلی نگاہ آتشدان سے موڑی اور اس کی طرف دیکھا۔ کل رات سے وہ جاگ رہا تھا اور اب آنکھیں بمشکل کھل رہی تھیں۔ چہرے پر تھکاوٹ کے آثار تھے۔
"پاکستان سارا میڈیا اکٹھا ہوتا۔ پوری دنیا کو پتا چل جاتا کہ وہ کہاں سے کن حالات سے واپس لوٹی ہے۔ لوگ چار دن اس پر افسوس کریں گے پھر اس کے بعد کیا ہو گا جانتے ہو؟ ایسی لڑکی کا کیا حال ہوتا ہے معاشرے میں۔
تھکی سی اور نیند کے خمار سے بھاری ہوتی آواز میں وہ آج کتنے عرصے بعد یوں کسی کے لیے فکرمند ہوتا انل کو حیرت میں ڈال گیا۔
" میں نے سوچ لیا ہے یہ سب کھلے گالیکن جوی کے ذریعے نہیں جوی کی اس دوست کے ذریعے جو اس سے پہلے یہاں پھنسی ہوئی ہے "
"کون کونسی دوست ؟ " انل نے بھنویں اچکائیں
"حنا ہے اس کی دوست کا نام اس کی شادی بھی اسی گروہ کے تھرو ہوئی تھی۔ وہ اپنے شوہر کی قید میں ہے۔ وہ اس سے جسم فروشی کروا رہا ہے اپنے گھر میں قید کر رکھا ہے۔ حنا نے پاکستان میں ہی اسے انفارم کر دیا تھا۔ اس نے نکلنے کی کوشش کی مگر ناکام رہی۔ حنا کو وہاں سے نکالنا ہے۔ جوی کو اس سب سے پوشیدہ رکھنا ہے "
وہ ایل لہجے میں اسے اپنی سوچ سے آگاہی دے رہا تھا۔
"مگر جوی کیوں نہیں؟ "
انل نے ٹھہرے سے لہجے میں اور شاکی نگاہوں سے سوال کیا۔ دران نے چونک کر دیکھا۔ انل کی سوچ پر بے ساختہ قہقہ امڈ آیا۔ نفی میں سر ہلاتے ہوئے بمشکل ہنسی پر قابو پایا۔
"جوی پر میں کوئی مر نہیں مٹا ۔ بس اس کو میں اپنے معاملے میں بھی گھسیٹ چکا ہوں تو اسے یونہی لٹکتا نہیں چھوڑ سکتا۔ مجھے ہاروی اور بروس کی چال کو بھی ساری انڈسٹری کے سامنے لانا ہے۔ "
دران نے کرسی کی پشت سے سر ٹکا وضاحت دیئے۔
"جوی کو پھرکب پاکستان بھجیں گے ۔۔ ؟ "
انل نے برجستہ اگلا سوال کیا
"جائے گی لیکن تب جب سب اس کے لیے سکیور ہو جائے گا ابھی نہیں۔ ابھی پا کستان بھی اس کے لیے خطرہ ہے۔ " دران نے گہری سانس لی اور ایک جھٹکے سے صوفے پر سے اٹھا۔
"میں سونے جا رہا ہوں "
نیند سے بوجھل آواز میں کہا پھر رکا ۔ ایک بیڈروم والا اپارئٹمنٹ ۔ بیڈ روم میں جوی سو رہی تھی۔
چھوٹے سے لاؤنج میں ایک عدد بڑا صوفہ تھا۔ دران نے رخ موڑا ۔
"اب سونا کیسے ہے؟ "
"تم صوفے پر سو جاؤ ۔ میں جاگ رہا ہوں آج رات تم دونوں تو کل بھی نہیں سوئے "
انل نے مسکراتے ہوئے حل پیش کیا اور آتشدان کے پاس موجود سنگل صوفے پر براجمان ہوا۔ دو سکینڈ کے توقف سے گردن موڑا کر دیکھا تو دران جوتوں سمیت صوفے پر بے خبر سو رہا تھا۔
گہری سانس لے کر اٹھا۔ کبھی نہیں سدھرے گا کم از کم جوتے تو اتار لے انسان ۔ دران کے جو تے اتارنے کے بعد وہ واپس آتشدان کے پاس آ چکا تھا۔
***
رات کے دو بجے جہاں سنسان گلیوں میں بس کتے بھونک رہے تھے وہاں ملک ہائوس کے چھو ٹے سے لان میں جیسے ایک بھونچال کا سماں تھا۔ فائقہ کی نسبت کی تقریب کے بعد مسوائے شازیہ اور طلعت کے کنبے کہ تمام مہمان اپنے اپنے گھروں کو رخصت ہو چکے تھے۔
اب تو لان میں سارے گھر والے قطار در قطار لگی کرسیوں کو آڑا تر چھا کئے بیٹھے تھے۔ شا زیہ نے تقریب کے فوراً بعد ہی دران کو اپنے ساتھ لے جانے کی بات سب کے سامنے رکھ دی تھی۔
سب لوگ تقریب کے ہی جوڑوں میں ملبوس لان میں چائے کے انتظار میں بیٹھے تھے جب سا زیہ نے سب کو اپنی طرف متوجہ کیا اور دران کو اپنے ساتھ لے جانے اور اپنے بھائی کے حصے کے بٹوارے کا علان کر دیا۔
دستگیر بیگم ساڑھی لگائے بڑے ٹھاٹھ سے سٹیج پر تکیے کے سہارے بیٹھی تھیں۔ تیرہ سالہ سبرینا ان کی ٹانگیں دبا رہی تھی۔ باقی تمام نفوس سامنے کرسیوں پر براجمان تھے۔
ان سب میں وہ بھی بیٹھا تھا جس کو لے کر یہ ساری بحث ہو رہی تھی۔ سیاہ پینٹ اور سفید شرٹ میں ملبوس ۔
بکھرے بال بیزار صورت کھچے اعصاب شرٹ کی آستین موڑے اور جبڑے سختی سے بھینچے وہ بے دلی سی اس ساری بحث کا حصہ بنے بیٹھا تھا۔
کچھ دیر پہلے تقریب سے آنکھ بچا کر وہ چھت میں دیے گئے اپنے کمرے میں بیٹھا پڑھ رہا تھا جب اختر اور شازیہ کمرے میں آ دھمکے اور اسے زبردستی یہاں سب کے بیچ لان میں لا کر بیٹھا دیا۔
" ٹھیک ہے اگر میری بات پر یقین نہیں تو پوچھ لیں نہ آپ لوگ دران سے وہ بھی میرے ساتھ جانا چاہتا ہے۔ شازیہ نے سر جھکائے بیٹھے دران کی طرف بڑے مان سے اشارہ کیا۔ اب سب کی نگاہیں اس کی طرف اٹھی ہوئی تھیں جو کسی کی طرف نگاہ تک اٹھانے کا روادار نہیں تھا۔ دستگیر بیگم نے ایک خونخوار نگاہ شازیہ پر ڈالی اور پھر تنک کر ساڑھی کے پلو سے بوڑھا چھری زدہ ہاتھ باہر نکالا۔
"اپنی ماں کی طرح چالاک مت بن شازیہ ۔ بچپن میں اسے پالیں پوسیں ہم ۔ پڑھائیں لکھا جب ئیں اور اب جوان ہو گیا اور کمانے جو گا ہو گیا تو آ گئی تو حق جتانے۔ واہ بھی واہ "
دستگیر بیگم کے غصیلے لہجے میں طنز کا عنصر خوب شامل تھا جو شازیہ کا تن من جلا گیا۔ اسفند نے گھٹی سی سانس خارج کی۔ شازیہ نے برہم نگاہ اسفند پر ڈالی۔
"پوچھیں ان سے کھڑے ہیں سامنے میں نے کہا تھا میرا بھتیجا ہے دے دیں مجھے ۔ تب بھی یہ اسفی بھائی کا ہی فیصلہ تھا۔ میں حب ہو گئی لیکن اب نہیں ہر سال ایک ہی بحث کو ان تک محدود کر کے چلی جاتی ہوں میں لیکن اس دفعہ خالی ہاتھ نہیں جاؤں گی "
شازیہ کہاں پیچھے ہٹنے والوں میں سے تھی۔ سب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالے ایک ایک لفظ چبا چبا کر ادا کر رہی تھی۔ اختر بس چور نگاہوں سے ہلکی سی لکیریں پیشانی پر ڈالے سب کے چہروں کو جانچ رہا تھا۔
"ارے بس کر آئی بڑی تب بھی اسفی بھائی کا ہی فیصلہ تھا۔ سو جتن ہوتے ہیں چھوٹے بچے کہ جو ہم سب نے کئے۔ اپنے بچوں کے حق مار مار کر اسے پالا ہے۔ "
عصمت جو فائقہ کے گود میں رکھے سر کو دبا رہی تھی تیوری چڑھائے بحث میں اپنا حصہ ڈالا۔ دران ان کے دلوں میں نہیں رہتا تھا مگر دران کے بنا اب ان کا جتنا بھی سوہان روح تھا۔ گھر کے اپنے کام وہ دران سے بنا اجرت کے لیتے تھے اگر کوئی ملازم ہوتا تو وہ بھی بڑی سی بڑی اجرت پر لات مار جاتا۔
اسفند اور یاور صرف اختر ہی نہیں طلعت کے شوہر عدنان کی وجہ سے بھی خاموش تھے۔ شازیہ تو نہ آج گھر میں موجود داماد کو دیکھ رہی تھی اور نہ ہی اسفند کی گھوری اور غصے کو ۔
" اچھا چچی میں اس سب بحث میں پڑنا ہی نہیں چاہتی۔ آپ دران سے پوچھ لیں وہ کیا چاہتا ہے۔ بات نہیں پر ختم ہو۔ وہ بڑا ہو گیا ہے۔ اپنا فیصلہ خود لے سکتا ہے اب " شازیہ نے عصمت کی بات پر منہ بسورے نگاہیں پھر سے دستگیر بیگم کی طرف گھمائیں ۔
"دران کیا چاہے گا۔ ابھی سولہ کا ہوا ہے۔ ویسے بھی اس کی شادی ہم سبرینا سے کریں گے۔ اوپر والا پورشن آباد کرے گا۔ یاور پڑھا رہا ہے۔ لکھا رہا ہے۔ اس کا حق زیادہ ہے اس پر داماد بھی تو بیٹے جیسا ہوتا ہے۔ " دستگیر بیگم نےک ہاتھ نچا کر فوراً اگلا فیصلہ سنا دیا۔ سبرینا کے ہاتھ دستگیر بیگم کی ٹانگوں پر ہیر گئے۔
مسوائے روبی اور سونی کے سب کی آنکھوں کے حجم بڑھ چکے تھے۔ ہونقوں کی طرح سب دستگیر بیگم کی طرف دیکھ رہے تھے۔ سبرینا نہ سمجھی سے اردگرد دیکھ رہی تھی۔ دران نے ضبط سے مٹھیاں بھینچ لیں مگر نظر نہیں اٹھائی ۔ شائد وہ ان کے احسانوں کا قرض چکاتے چکاتے ایک کٹھ پتلی بن کر رہ گیا تھا۔ بچپن میں تو وہ اتنا نہیں جانتا تھا کہ آخر وہ سب اس کی کھنچا تانی میں کیوں لگے رہتے ہیں۔ لیکن اب پتہ چلا تھا نوین نے بارہ سال باہر رہ کر پاکستان میں اچھی خاصی جائیداد بنا رکھی تھی جو قانونی طور پر اس کے جوان ہونے کی منتظر تھی اور ملک ہاؤس میں بھی وہ نوین کی اکلوتی اولاد ہونے کی وجہ سا آدھا حصے دار تھا۔
" چچی!!!!!! ایسے کیسے آپ رشتہ طے کر رہی ہیں دران کا؟ "
شازیہ تو تلملا اٹھی۔ اس کے آگے کے منصوبے بھی چکنا چور ہوتے نظر رہے تھے۔ اس نے اور اختر نے تو سوچا تھا کہ وہ اپنی بیٹی رانیہ کی شادی دران سے کر دیں گے مگر یہاں تو اور ہی کہانی تھی۔
"کیوں کیا برائی ہے ہماری سبرینا میں ؟ "
روبی نے ناک پھلا ئے سوال کیا وہ چائے کی ٹرے تھامے کچھ دیر پہلے ہی لان میں داخل ہوئی تھی۔ دستگیر بیگم کے ذہن میں سبرینا اور دران کے رشتے کا خیال ڈالنے والی بھی تو وہی تھی۔
" میں برائی کی بات نہیں کر رہی ہوں۔ مانتی ہوں چچی اب اس گھر کی سربراہ ہیں لیکن کیا ایسے بچوں سے بنا پوچھے ان کے رشتے طے کر دیے جاتے ہیں۔ اپنے چھوٹے ہیں دونوں ۔ "
شازیہ نے نفرت آمیز لہجے میں فیصلے کی تردید کی۔ وہ اپنے حصے کا بٹوارا اپنی شادی کے کچھ عرصے بعد اپنے والد کی زندگی میں ہی لے چکی تھی اب تو جتنا کچھ تھا وہ نوین کے بعد دران کو جاتا تھا۔
"ارے بی بی ہمارے بچوں کو ایسی پٹیاں مت پڑھا ۔ دران کی تربیت ہم نے اپنے انداز میں کی ہے وہ جانتا ہے ملک ہاؤس کا پتا پتا میری مرضی پر ہلتا ہے اور شادی نہیں کر رہے ہیں اس کی ابھی ہم ۔ رشتہ طے کیا بس ہے۔ مجھے پتہ ہے تجھے کس بات کی آگ لگ رہی ہے۔ "
دستگیر بیگم نے گردن اور آنکھیں ایک ساتھ گھمائیں اور پھر نخوت سے کچھ دور کھڑی شازیہ کی بیٹی رانیہ کی طرف دیکھتے ہوئے دوپٹہ درست کیا۔ شازیہ ایک جھٹکے سے اپنی جگہ سے اٹھی اور ایک حسب میں وہ دران کے سر پر کھڑی تھی۔
"دران تم بولو کہاں رہنا ہے تمہیں؟ بتاؤ ان سب کو "
دران تاہنوز سر جھکائے ضبط کے آخری دہانے پر تھا۔ یاور نے دران کے جھکے سر کو بغور دیکھا اور حب کا روزہ توڑے اپنی جگہ سے اٹھ کھڑا ہوا۔ سفید قمیض شلوار میں ملبوس یاور ملک کی اٹھان آج بھی قائم تھی۔
"بس کریں آپ سب ۔ کیا تماشہ بنا کر رکھ دیا ہے بچے کی زندگی کو ۔ دران کی شادی چاہے بسر ینا سے ہو یا نہ ہو وہ میرا بیٹا ہے اور رہے گا۔ سوری شازیہ باجی پہلے میں بھی یہی سوچا کرتا تھا۔ دران کو آپ کے پاس ہونا چاہیے لیکن اب نہیں۔ مجھے یہ جان کر نہایت افسوس ہوا کہ آپ کی محبت بھی نوین بھائی کی جائیداد تک ہی محدود ہے۔ " یاور کے اعصاب تنے تھے۔ مگر وہ اپنے لہجے کو حد درجے دھیما رکھے ہوئے تھا۔ شازیہ اس سے بڑی تھی اور اس کا احترام اپنی جگہ تھا۔ یاور نے چند قدم آگے بڑھائے اور دران کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے جھکا ۔
"دران بیٹا میری طرف دیکھو ۔ کوئی پریشر نہیں اور کوئی زور زبردستی نہیں۔ یہ صرف تمھاری زند گی ہے اور مرضی بھی تمھاری ہی ہو گی۔ بولو شازیہ باجی کے ساتھ جانا ہے کیا تمہیں ؟ "
یاور نے اپنائیت سے سوال کیا۔ چاروں طرف خاموشی چھا گئی۔ یاور ملک پہلی وہ شخصیت تھی جس نے اسے سینے سے لگایا تھا۔ وہ نہ صرف اسے اپنا چچا سمجھتا تھا بلکہ دران کی شخصیت میں موجود ٹھہراؤ اور احترام یاور کی ہی مرہون منت تھا۔
"اگر تم جانا چاہتے ہو تو کوئی تمہیں نہیں روکے گا۔ لیکن نوین بھائی کی جائیداد کسی اور کے نہیں صرف تمھارے نام ہو گی۔ "
یاور نے اس کے کندھے پر دباؤ بڑھایا تھا۔ دران نے نگاہ اٹھائی ۔ سب کے ذہنوں کی بازگشت ایک ساتھ اس کا دماغ گھما رہی تھی۔ مخلص نہ یہ سب چہرے تھے اور نہ وہ جو آج اس کی سگی پھپھو بنے اپنے مفاد کی خاطر اپنے ساتھ لے جانا چاہتی تھی۔ سب کو اس کے مرحوم باپ کی دولت سے غرض تھی۔
"بولو دران ؟ " شازیہ نے عجلت بھرے لہجے میں استفسار کیا۔
"مجھے نہیں رہنا ہے۔ " بہت آہستگی سے جواب دیا۔ لہجہ ضبط کا غمازی تھا۔
سرعت سے اپنی جگہ سے اٹھا اور پھر وہ وہاں رکا نہیں تھا۔ تیز تیز قدم اٹھاتا وہاں سے نکل گیا۔ شازیہ کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا اور ہاتھ ہوا میں معلق رہ گیا۔ دران عین وقت پر بازی پلٹ گیا تھا۔
" لے بس ۔ س۔ س۔ سن لیا۔ اس کے منہ سے۔ پڑ گئی کلیجے میں ٹھنڈک ۔ اختر میاں برا مت منائیو پر لالچ اچھی بات نہیں ہے "
دستگیر بیگم نے سینہ چوڑا کیئے اپنی جیت کا جشن منایا ۔ دستگیر بیگم نے بھی سید ھی شازیہ کے بجائے اختر پر بات کی جو تب سے اپنی بیوی کے کندھے پر بندوق رکھے چلا رہا تھا۔ شازیہ سب کی طرف ایک غصیلی نگاہ ڈالتی تیزی سے پورچ کی طرف بڑھی ۔ کچھ دیر میں ہی اختر اور اس کے بچے بھی لان سے کمروں کی طرف بڑھ گئے۔
"سبرینا فائقہ راہب برھان تم لوگ بھی چلو کمروں میں "
یاور جو ابھی تک دران کی کرسی کے قریب کھڑا تھا۔ غصے سے باقی بچوں کو کمرے میں جانے کا اشارہ کیا۔ تھکی سی فائقہ ہونق سی سبرینا نیند سے بھاری ہو تی آنکھوں والا راہب اور تیوری چڑھائے بر ھان اپنی اپنی جگہ سے اٹھ کر باری باری لان سے جا چکے تھے۔ بچوں کے جاتے ہی یاور نے اپنا رخ پوری طرح دستگیر بیگم کی طرف موڑا جو چائے کے کپ کو ختم کئے اب پاس بیٹھی روبی کو پکڑا رہی تھیں۔
"اماں یہ سبرینا اور دران کے رشتے والی بات کیا ہے یہ سب ؟ " یاور کے لہجے میں رعب اور دبدبا تھا۔
"تو کیا باہر کی لے آئیں عیش کرنے کو ۔ کوئی اور آئی نہ دران کی دلہن بن کر تو دیکھ لینا کیسے آنکھیں پھیر لے گا۔ ارے بھی سبرینا سے بیاہ دیں گے تو کیا برائی ہے نوین کے بعد سب اس کا ہے۔ گھر میں رہ جائے سب "
دستگیر بیگم نے ہاتھ اٹھائے نخوت سے وضاحت دی۔
"نہیں کوئی ضرورت نہیں ہے میری بیٹی کو ان لالچ کے جھمیلوں میں ڈالنے کی۔ دران سے کو ئی زبردستی نہیں کرے گا " یاور نے ہاتھ تانے تنبہیہ کیا۔
"نہیں کوئی اس سے زبردستی نہیں کرے گا۔ ہاں لیکن اگر وہ مان جائے تو کیا برائی ہے اس میں "
روبی نے کندھے اچکاتے ہوئے اپنی بات کہی اور تائیدی نگاہ اسفند پر ڈالی۔
"میں یاور کے ساتھ متفق ہوں۔ دران کی شادی کا فیصلہ ہم نہیں لیں گے وہ خود لے گا۔ " اسفندک نے دو ٹو لہجے میں بات ختم کی اور خاموشی سے اپنی جگہ سے اٹھ کر قدم پورچ کی طرف بڑھا دیے۔
"اس کو کاہے کی حب لگی ہوئی ہے؟ آج شازیہ کو بھی پلٹ کر کوئی جواب نہیں دیا ۔" دستگیر بیگم نے ٹھوڑی پر ہاتھ دھرے روبی کی طرف دیکھتے ہوئے اسفند کی خاموشی کے بار میں تجسس ظاہر کیا۔
روبی نے کندھے اچکائے اور الجھی سی اپنی جگہ سے اٹھی۔ اسفند ملک کے پیچھے قدم پورچ کی طرف بڑھا دیے۔ سب لوگ آہستہ آہستہ لان کو سنسان چھوڑ کر جا چکے تھے۔ گھپ اندھیرے میں ڈوبے لان میں لی کرسیاں اب خا پڑی تھیں۔
***
سفید رنگ کی چادر میں لیٹے اس تکیے پر وہ سر رکھے ہوئے تھی۔ گھنی سیاہ پلکیں گالوں کی اوپری ہڈی پر دھیرے سے لرزیں ۔ کسلمندی سے بائیں کروٹ سے سیدھی ہوئی تو کتنی ہی گھنگرالی لٹیں گال سے الگ ہوتی گردن پر جا گریں ۔
دھیرے سے کسمسائی اور پھر ایک جھٹکے سے آنکھیں کھولیں ۔ خوف سے پھٹی آنکھیں ۔ وحشت زدہ سی ۔ کہاں تھی وہ؟؟ ؟ دل ڈوب کر ابھرا ۔
ملگجا سا اندھیرا اور اوپر نفیس لکڑی کےکام والی چھت ۔ نگاہ چھت کے نقش و نگار سے ٹکر کر پلٹی وہ سینے تک گرما ملائم کمبل اوڑھے ہوئے تھی۔
اف شکر ۔۔۔۔۔۔ ۔ دل کی دھڑکن تیز رفتاری سے متوازن ہوئی۔ ہاں وہ ریزروٹ کے بیڈروم میں تھی۔ جہاں شام کو وہ لاویا سے یہاں پہنچے تھے۔ خوف کی کپکپی جو کچھ دیر پہلے پورے وجود کو گھیرے ہوئی تھی پرسکون ہوئی۔ آہستگی سے ہلکا پھلکا ہوتا سر اس نے دائیں طرف موڑا ۔
پوری دیوار میں نصب شیشے کی بند کھڑکی باہر کے منظر کو واضح کرر ہی تھی۔ سفید پردے کھڑکی کے دائیں بائیں سمیٹ کر باندھے ہوئے تھے۔ سامنے ریزروٹ کے جلتے بڑے بڑے بلب کی روشنیوں میں واضح ہوتے منظر میں سمندر کی لہریں پتھروں سے ٹکراتے ہوئے اٹھکیلیاں کر رہی تھیں۔ پتھروں سے ٹکر اتیں ان کو بھگو تیں اور پھر چنچل حسینہ کی طرح شرارت سے پیچھے ہٹ جاتیں ۔ ایسی چنچل حسینہ جو محبوب کے کان میں مدبھری سرگوشی کرے اور پھر اس کی قریب سے پہلے پیچھے ہٹ جائے۔
بوسہ مبہوت ہوئی۔ اس حسین منظر کو دیکھ کر چند لمحے احساس نہیں ہوا کہ وہ ٹکٹکی باندھے باہر دیکھے جا رہی ہے۔ پھر اچایکدران اور انل کا خیال آتے ہی دونوں ہاتھوں کا سہارا لیے اٹھ بیٹھی ۔ بیڈ اتنا نرم تھا کہ پورا وجود اندر دھنستا ہوا محسوس ہو رہا تھا۔
گرم کوٹ جو سونے سے پہلے اس نے اپنے اوپر سے اتارا تھا کچھ دور کاؤچ پر پڑا تھا۔ خود وہ ہلکے سبز رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز میں ملبوس تھی۔ کمبل کو خود پر سے ہٹائی بیڈ سے نیچے اتری ۔ گرم ور نرم کمبل سے نکلتے ہی باہر کیا خنکی نے جھنجوڑ دیا۔
درمیانے سائز کا کمرہ تھا جس میں ایک بیڈ ایک کاؤچ اور دیوار میں نصب سلائڈنگ ڈور الماری تھی۔ وہ کوٹ پہن رہی تھی۔ کیونکہ بستر سے نکلنے کے بعد احساس ہوا سردی جسم کے اندر گھس رہی ہے۔ نیند پوری ہونے کے بعد اعصاب تو ہلکے پھلکے ہو چکے تھے مگر بھوک کی شدت بے انتہا بڑھ چکی تھی۔
کوٹ اور جوتے پہننے کے بعد اسکارف کو گلے کے گرد گھماتی وہ کمرے کے دروازے تک پہنچی۔ ایک سکینڈ کے توقف کے بعد وہ دروازہ کھول چکی تھی۔
اندھیرے کمرے میں سے اچانک روشن لاؤنج میں آنے پر لمحہ بھر کو آنکھیں چندھیا گئیں۔ ایک لمحے کے لیے آنکھوں کو میچ کر کھولنے کے بعد وہ اب سامنے کا منظر دیکھ رہی تھی۔ سنگل صوفے پرا یک طرف گردن ڈھلکائے انل سو رہا تھا اور صوفے پر دران کروٹ لیے کشن کو دونوں بازؤں میں بھینچے گہری نیند میں تھا۔ آتشدان میں جلتی آگ کی حدت کی وجہ سے لاؤنج کمرے کی نسبت کافی گرم تھا۔
دران کے پاس سے گزرتی ہوئی وہ اس صوفے کے پاس آئی تھی جہاں انل بے آرامی میں سو رہا تھا۔ دائیں طرف گردن کو صوفے کے ہتھے پر رکھے کشن پر ٹکا ئے وہ اس پر سر رکھے سو رہا تھا۔
"سنیں "
آہستگی سے پکارتی ہوئی وہ تھوڑا سا جھکی۔ مدھر سی آواز نے آتشدان میں بھڑکتے شعلوں کا ساتھ دیا۔
"سنیں ۔۔ ۔ "
ایک دفعہ اور اس نے آواز کا درجہ بڑھا کر پکارا ۔
"ہوں ۔۔ ۔ کیا ہوا؟ "
انل نے کسلمندی سے بوجھل آنکھیں کھولیں ۔ پھر حواس میں آتے ہی جلدی سے چوکنا ہوا۔ ایک نظر سر پر کھڑی جوی پر ڈالی اور پھر دران پر۔
"کچھ نہیں ہوا۔ وہ آپ یوں صوفے پر سو رہے ہیں روم میں جا کر سو جائیں "
"نہیں میں ٹھیک ہوں یہاں۔ آپ جائیں آرام کریں "
انل نے کشن اٹھا کر گود میں رکھا اور شائستگی سے انکار کیا۔
"میں آرام کر چکی ہوں۔ آپ سو جائیں اب ۔ یہاں تو آپ کمقڑبییل نہیں "
وہ واقعی اب چہرے اور انداز سے کافی پرسکون لگ رہی تھی۔ انل نے آبرؤ اچکائے ۔ گہری سانس خارج کی۔ "اچھا بہت شکریہ " مشکور لہجے میں کہا۔ نیند نے تو ویسے بھی بے حال کر رکھا تھا۔
کشن گود سے اٹھایا اور ایک نگاہ گھڑی پر ڈالی رات کے تین بج رہے تھے۔ انل اب بوجھل قدموں سے کمرے کی جانب بڑھ گیا۔
انل کے جانے کے بعد وہ یونہی کمرے کا جائزہ لیتی ہوئی آگے بڑھی ۔ قدم اس کے صوفے تک آئے اور پھر آگے ڈگ نہ بھر سکے۔
گہری نیند میں سویا وہ کسی بچے کی مانند معصوم لگ رہا تھا۔ ماتھے پر بکھرے سیدھے بال بڑھی ہوئی شیو کشن کو دونوں بازؤں کی مدد سے سینے سے لگائے ہوئے۔
نگاہیں اس کے نقش نقش کو عقیدت سے چھو رہی تھیں جو اس کے دل میں چھپی بے پناہ محبت سے بے خبر سو رہا تھا دل اس کو چاہ سکتا تھا صرف پانے کا تصور بھی کرنا خود کا مزاق اڑانے جیسا تھا۔ اس کے مقا بلے میں وہ کچھ بھی تو نہ تھی۔ یونہی اپنی سوچوں میں مگن وہ اس پر نگاہیں ٹکا ئے کھڑی تھی جب وہ دھیرے سے کسمسایا اور بھنویں سکیڑے آنکھیں کھول دیں۔
اس کے یوں اچانک جاگ جانے پر وہ گڑ بڑا گئی کیونکہ وہ اسے یوں سر پر کھڑے اور مبہوت ہو کر تکتے دیکھ چکا تھا۔ دران کے چہرے پر حیرت کی ہلکی سی رمق ابھری اور معدوم ہوئی۔
"وہ ۔ ۔ ۔ انل صوفے پر سو رہے تھے۔ تو میں نے ان کو روم میں بھیج دیا۔ میری۔ ۔ نیند پوری ہو گئی تھی۔ " وہ اسے یوں اپنی صفائیاں پیش کر رہی تھی جیسے چوری پکڑی گئی ہو۔ ویسے شائد پکڑی ہی گئی تھی۔ کیونکہ اس کی نگاہیں عجیب طرح جوی کو دیکھ رہی تھیں۔
"ہوں ۔۔ ۔ آپ کب اُٹھیں ؟ "
کشن کو ایک ہاتھ سے سینے پر سے ہٹایا وہ اب اٹھ بیٹھا تھا۔ ایک ہاتھ سے پیشانی پر آئے بال درست کئے اور گھڑی پر نظر ڈالی۔
"تین بجے ۔ ۔ ابھی ک۔۔ کچھ دیر پہلے " بلاوجہ گلے میں ڈالے سکارف کو درست کرتے ہوئے جواب دیا۔ مضطرب کیفیت میں کچھ نہ سمجھ آنے پر رخ موڑے کچھ قدم کے فاصلے پر موجود صوفے پر بیٹھ گئی۔ دران اب بلاجواز ارد گرد دیکھ رہا تھا۔
کیا ہے عجیب سی خاموشی تھی۔ جوی نے نگاہ پھر سے اس کی طرف اٹھائی وہ اب آتشدان کے شعلو ں پر نگاہ جمائے بیٹھا تھا۔ سفید پاؤں میرون رنگ کے رگ پر دھرے تھے اور اس کے جوگرز قریب پڑے تھے۔ وہ اب اس کے پیروں پر نگاہ ٹکا ئے ہوئے تھی جب دران کی آواز ابھری ۔
"آپکی دوست حنا یہی نام بتایا تھا؟ "
جوی نے چونک کر اوپر دیکھا وہ اسی کی طرف ہی دیکھ رہا تھا۔ صوفے کی پشت چھوڑے تھوڑا آگے جھکا ہوا۔
"ان کا کوئی ایڈریس وغیرہ معلوم ہے کیا؟ "
"نہیں ایڈریس تو نہیں فون نمبر اس کے شوہر کا تھا۔ میرے موبائل میں پر۔۔ ۔ "
جوی نے رک کر مایوسی سے کندھے گرائے ۔ موبائل تو چین آنے سے پہلے ہی اس سے چھین لیا گیا تھا۔ دران نے اس کی ادھوری بات سمجھتے ہوئے پر سوچ انداز میں سر ہلایا ۔ جوی نے سر جھکایا پھر جھٹکے سے اٹھایا۔
"ہاں ۔۔ ۔ پاکستان میں اس کے گھر والوں سے اس کے شو ہر کا نمبر لے سکتے ہیں۔ وہ اپنی نگرانی میں حنا سے بات کرواتا ہے ان کی۔ مجھے وہ نمبر یاد ہے۔ " پرجوش لہجہ تھا۔ آنکھیں کسی امید سے چمکیں ۔
"گڈ ۔۔ ۔ "
دران نے پر سوچ انداز میں سر ہلایا ۔ صوفے کی پشت سے سر ٹکا ئے بازو کو اوپر کیا۔
" حنا بچ جائے گی نہ؟ "
سہمے سے لہجہ میں پوچھا۔ دران نے نگاہ اس کے چہرے پر گاڑی ۔ فکر مندی چہرے پر صاف واضح تھی۔
"وقت سے پہلے کیا کہہ سکتے ہیں "
دو ٹوک روکھے سے لہجے میں جواب آیا۔ جوی کو روکھا پن محسوس ہوا۔ ایسا کیوں تھا وہ ؟ ایک پل میں بہت احساس کرنے والا اور ایک یل ایسے جیسے اس سے زیادہ کوئی اجنبی نہ ہو۔
"جی "
وہ سر جھکا گئی۔ بوجھ ہوں میں اس پر۔ دل پر بھاری پن بڑھنے لگا۔ آنکھیں نمکین پانی سے بھرنے لگیں۔
"آپ حنا کے ساتھ پاکستان نہیں جا سکیں گی۔ "
دران کی آواز پر حیرت زدہ سر اوپر اٹھایا۔ نگاہیں اس کی گہری نگاہوں سے جا ٹکر ائیں ۔ آنسوؤں سے بھری بڑی بڑی آنکھوں کی پتلیاں ۔ ایک پل کو لگا ابھی چھلک جائیں گی۔
"دیکھیں حنا اور آپ کی سچویشن میں بہت فرق ہے۔ آپ کو ابھی پاکستان میں بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ یہ لوگ بہت بہت مضبوط ہوتے ہیں اور آپ کو پاکستان میں اتنی سکیورٹی نہیں ملے گی "
"پھ۔۔ پھر میں کب جا سکوں گی؟ " زکام زدہ لہجہ
"ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا "
دران نے کندھے آہستگی سے اچکائے ۔ جوی کے چہرے پر خوف ایکدم سے بڑھ گیا۔ گلے میں بھی نمکین سے پانی کا احساس بڑھنے لگا۔
جوی کی آنکھوں کی پتلیوں میں چمکتا پانی اس سے مخفی نہیں تھا۔ وہ سوچ رہی تھی شاید وہ بوجھ ہے اس پر۔ وہ معصوم لگ رہی تھی اس وقت شام والی جوی سے مختلف جس سے وہ متاثر ہوا تھا۔ اب ترس آ رہا تھا۔ قابل رحم لوگوں سے نفرت تھی اسے مگر نا جانے کیوں اس وقت سامنے بیٹھی لڑکی سے انسیت محسوس ہوئی۔
"ڈونٹ وری ۔ ابھی آپ میرے ساتھ جائیں گی " آہستگی سے کہا اس دفعہ لہجے میں بے رخی نہیں تھی۔
"کہاں ؟ "
روند ھا آواز ۔۔ ۔ کانپتی سی ۔۔ ۔ جیسے بمشکل گلے سے برآمد ہوئی۔
"امریکہ میرے گھر "
دران کے جواب پر حیرت سے زیادہ وہ الجھ کر اس کی طرف دیکھنے لگی۔ آہ ۔ ہ۔ ہ۔ ہ۔ ۔ آنکھ چھلک پڑی۔ جلدی سے انگلی کی پور سے آنکھ کے کونے کو دبایا ۔
مگر آنسو تھے کے تھمے نہیں گال ایک سکینڈ میں بھیگ گئے۔
"پریشان مت ہوں۔ دراصل میں آپ کی اجازت کے بنا آپ کو اپنے مقصد کے لیے بھی استعمال کر چکا ہوں۔ یا یوں بھی کہہ سکتے ہیں کہ آپ کو بچانے اور مجھے میرے مخالفین کو سبق سکھانے کے لیے میں نے صرف ایک تیر کا استعمال کر لیا۔ "
دران اب حد درجہ اپنائیت سے اسے وضاحت دے رہا تھا۔ اس کا روتا چہرہ ۔۔ ۔ وہ کیوں اس پر ترس کھا رہا تھا۔ "اب آپکو میرے اور مجھے آپ کے ساتھ کی ضرورت ہے۔ کیا آپ دیں گی؟ ۔ "
وہ ابھی اس کی پہلی بات کو مکمل طور پر سمجھ نہیں پائی تھی کہ اس کی مدد کے لیے کہنے پر اور پرتجسس ہوئی۔ گالوں کے صاف کرتے ہاتھ وہیں تھم گئے۔
ایک ۔۔ ۔ دو ۔۔۔ ۔ تین۔۔ ۔ سکینڈ ۔ ۔
"میں سمجھی نہیں کہ۔۔ کیسا ساتھ ؟ "
الجھن سے پیشانی پر شکن ڈالے سوال کیا۔ ہاتھ اسکارف کے کونے پر گرفت مضبوط کر رہے تھے۔ پلکیں آنسوؤں سے تر تھیں۔ پتلیوں کی سفیدی میں ہلکی سی لالی ۔