بیدار ہونے کے بعد وہ کافی دیر تک بیڈ پر لیٹی رہی اس کو معلوم نہیں تھا کہ کل رات عون سے بات کرتے کرتے کب اس کی آنکھ لگ گئی،،، اب وہ رات والی ساری باتوں کو یاد کر کے افسوس کررہی تھی وہ نہ جانے عون سے اپنے ڈر کی کیفیت میں کیا کچھ کہہ چکی تھی، نہ جانے عون اس کے بارے میں کیا سوچ رہا ہوگا موبائل کی رنگ ٹون بجنے پر بیلا موبائل کی طرف متوجہ ہوئی آگے ہاتھ بڑھا کر اس نے سائیڈ ٹیبل سے اپنا موبائل اٹھایا
"کل رات کو تمہیں میری ضرورت پڑی مگر تمہیں اندازہ ہی نہیں ہوا کیسے میں تمہیں اپنی ضرورت بنا گیا۔۔۔ کل رات میں خود کو بہت تنہا محسوس کررہا تھا،، تمہاری موجودگی کے احساس نے میرے اکیلے پن کو دور کردیا۔۔۔ کل رات اگر تم میری تنہائی کی ساتھی نہیں بنتی تو نہ جانے میں اپنے ساتھ کیا کر بیٹھتا۔۔۔ بیلا میں چاہتا ہوں مجھے جب تمہاری ضرورت پڑے تم بالکل کل رات کی طرح مجھ سے جڑی رہو،، مجھ سے ڈھیروں باتیں کرو۔۔۔ کیا میں بھی تمہیں اپنی ضرورت کے وقت یاد کرسکتا ہوں"
عون کی آواز اس کو موبائل میں سنائی دی بیلا کو محسوس ہوا شاید وہ اب بھی اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے بیلا سے بات کررہا تھا مگر وہ ایسا نہیں کرسکتی وہ بھلا کیسے کسی کی ضرورت بن سکتی تھی
"نہیں تمہیں ایسا کوئی حق حاصل نہیں ہے،، آج کے بعد مجھے دوبارہ کبھی کال کرنا کی یا مجھ سے کانٹیکٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔۔ میری اور تمہاری ضرورتوں کا سفر یہی تک تھا امید ہے اب تم مجھے دوبارہ کال کرکے پریشان نہیں کرو گے"
بیلا عون سے بولتی ہوئی کال رکھ چکی تھی اس طرح باتوں کا طویل سلسلہ شروع کرکے وہ اسے آہستہ آہستہ اپنا عادی بنارہا تھا اور بیلا نہیں چاہتی کہ وہ عون کی یا پھر کسی دوسرے کی عادی بنے۔۔۔ وہ اپنے دل کے بند دروازے کسی دوسرے کے لیے نہیں کھول سکتی تھی،، نہ ہی کسی دوسرے کو اپنے اندر جھانکنے کی اجازت دے سکتی تھی وہ جس کو دل میں بسائے بیٹھی تھی،، زندگی میں اس سے دوبارہ ملنا شاید ممکن نہیں تھا،، لیکن اس نے سوچ لیا تھا وہ اب کبھی بھی عون سے بات نہیں کرے گی چاہے کچھ بھی ہوجائے۔۔۔ کل تک اس کا یونیورسٹی جانے کا ارادہ تھا لیکن اس وقت اس کی طبیعت پر عجیب بےزاری کی کیفیت طاری ہوچکی تھی وہ اپنے کمرے سے باہر نکلنے کا بھی ارادہ ملتوی کرکے بیڈ پر لیٹی رہی
***
ہفتہ بھر گزر چکا تھا اسے افراہیم کے گھر رہ کر جاب کرتے ہوئے۔۔۔ وہ افراہیم کو شکایت کا موقع دیے بغیر نازنین کا بہت اچھے طریقے سے خیال رکھ رہی تھی اس کے کھانے پینے سے لےکر نازنین کو مقرر وقت پر اس کی میڈیسن دینا،، ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق تھراپی کروانے سے لےکر اس کے کپڑے اپنے سامنے پریس کروانا۔۔۔ وہ ہر کام نازنین کے یا کسی دوسرے کے بولنے سے پہلے خود کرلیتی
نوف کو اچھی طرح اندازہ تھا کہ نازنین یا بیلا میں سے کوئی بھی اس کو پہچان نہیں سکتی کیونکہ ان دونوں نے نوف کو پہلے نہیں دیکھا تھا وہ الگ بات تھی جس نے دیکھا بھی تھا وہ اس کے ذہن میں بھی محفوظ نہیں تھی،، نوف کی بیلا سے اسی دن ملاقات ہوچکی تھی۔۔۔۔ وہ نوف کو اپنے آپ میں رہنے والی لڑکی لگی تھی نوف سے وہ اچھے طریقے سے ملی تھی۔۔۔ نہ جانے کیوں بیلا نے اس کے بھائی کو اپنا مجرم ٹھہرایا تھا وہ چاہ کر بھی بیلا سے یہ سوال نہیں پوچھ سکتی تھی اور نازنین کے اخلاق کی تعریفیں تو بچپن میں وہ رخشی اور ازلان دونوں کے منہ سے سنتی آئی تھی بلکہ اس نے جتنا کچھ سنا تھا نازنین کو اس سے بڑھ کر پایا تھا وہ نوف کو بہت اچھی اور بااخلاق خاتون لگی تھی
"یمنہ بیٹا تم بھی ہمارے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کرو ناں،، میں نے کل بھی تم سے کہا تھا"
صبح ناشتے کے وقت جب نوف کارن فلیکس سے بھرا باؤل نازنین کے سامنے رکھ رہی تھی تب روز معمول کی طرح نازنین نوف سے بولی تو میز پر موجود بیلا اور افراہیم کی نظریں نوف پر گئی
"آنٹی مجھے بہت جلدی ناشتہ کرنے کی عادت نہیں ہے آپ آرام سے ناشتہ کریں میں تھوڑی دیر بعد ناشتہ کرلوں گی "
نوف ایک نظر افراہیم پر ڈال کر نازنین کو خوبصورتی سے ٹالتی ہوئی بولی وہ اپنی حیثیت اچھی طرح جانتی تھی وہ ان لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ نہیں کر سکتی تھی۔۔۔ وہ اچھی طرح جانتی تھی نازنین کا اسے ناشتے کا کہنا، خود اس کے بیٹے کو اپنی ماں کی یہ بات بالکل پسند نہیں آئی ہوگی جبھی وہ خاموش نظروں سے نازنین کو بنا کچھ بولے صرف دیکھ رہا تھا نوف کو وہاں سے کچن کا رخ کرنا مناسب لگا
"تم مجھے ایسے کیوں گھور رہے ہو"
نوف کے جانے کے بعد نازنین افراہیم کے گھورنے پر اس کو دیکھتی ہوئی پوچھنے لگی تو بیلا بھی افراہیم کو دیکھنے لگی
"کیا ضرورت ہے آپ کو اس سے روز روز ناشتے اور کھانے پر دعوت دینے کی" افراہیم چڑ کر نازنین سے پوچھنے لگا یہ یمنہ نام کی لڑکی تو اس کو اچھی خاصی مغرور سی محسوس ہورہی تھی جو اس کے سامنے بہت لیے دیے انداز میں رہتی تھی، نہ ہی وہ افراہیم سے زیادہ بات کرتی تھی بلکہ افراہیم نے اس کو ہنستے مسکراتے بھی نہیں دیکھا تھا اور افراہیم نے یہ بھی محسوس کیا جہاں وہ موجود ہوتا یہ لڑکی وہاں سے غائب ہوجاتی۔۔۔ نازنین روز ہی اسے ناشتے اور کھانے کے وقت بلاتی تو وہ کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر منع کر دیتی۔۔۔ ہفتے بھر میں اس نے خود سے افراہیم کو صرف ایک بار مخاطب کیا تھا وہ بھی نازنین کے کسی کام سے،، جب شام میں یا رات میں افراہیم نازنین کے کمرے میں جاتا تو وہ کمرے سے باہر نکل جاتی
"ایسا کیا ہوگیا اگر میں نے اس سے کھانے کا پوچھ لیا وہ بچی میرا کتنا خیال رکھتی ہے رات کو سونے سے پہلے، اپنے کمرے میں جانے سے پہلے میری سلیپرز تک اس ڈائریکشن میں رکھتی ہے کہ اگر میں صبح اٹھو تو مجھے سلیپرز پہننے کے لیے دشواری نہ ہو"
نازنین ابھی نوف کی اور بھی خصوصیات گنواتی مگر اس سے پہلے افراہیم بول اٹھا
"مفت میں نہیں کررہی ہے وہ یہ سب سیلری دوں گا میں اس کو ان سب کاموں کی"
افراہیم کو اندازہ نہیں ہوا تھا اس کی باتیں سے کچن میں کھڑی نوف کو اپنا آپ اور زیادہ چھوٹا محسوس ہورہا تھا نوف کچن کے دوسرے دروازے سے اپنے کمرے میں چلی گئی
"بھائی میں نے بھی نوٹ کیا ہے وہ مما کا خیال رکھنے کے علاوہ ان کے بہت سے چھوٹے موٹے کام بنا کسی کے بولے کردیا کرتی ہے، دیکھا جائے تو یمنہ ایک اچھی لڑکی ہے"
بیلا نے جو محسوس کیا وہ افراہیم کو بتانے لگی
"نوٹ تو میں بھی بہت کچھ کررہا ہوں تم نے یونیورسٹی جانا کیوں بند کیا ہوا ہے ایک ہفتے سے"
افراہیم الٹا بیلا کو دیکھ کر اس سے پوچھنے لگا۔۔۔ عمیر نے نہ جانے کس وجہ سے پرپوزل کے لیے منع کردیا تھا افراہیم نہیں جانتا تھا بیلا اور عمیر کی آپس میں کیا بات ہوئی تھی یا پھر عمیر نے ایسا بیلا کے کہنے پر کیا تھا
"کل سے دوبارہ جانا اسٹارٹ کرو گی بھائی "
بیلا بےدلی سے ناشتہ کرتی ہوئی افراہیم سے بولی پورا ہفتہ گزر گیا تھا بیلا کے منع کرنے کے بعد عون نے بھی اس کو کال نہیں کی تھی جو کچھ ہوا تھا شاید اچھا ہی ہوا تھا بیلا ناشتہ کرتی ہوئی سوچنے لگی، تب افراہیم اس کو دیکھ کر بولا
"بیلا مجھے کل یونیورسٹی کا دوبارہ نہ بولنا پڑے تم کل سے یونیورسٹی جارہی ہو سمجھ آرہی ہے تمہیں میری بات"
افراہیم بیلا کے جھکے ہوئے سر کو دیکھ کر بولا وہ نہیں چاہتا تھا بیلا یونیورسٹی جانا چھوڑ دے اور دوبارہ سے اپنے کمرے میں قید ہوکر رہ جائے بیلا نے افراہیم کی بات پر اثبات میں سر ہلایا او ناشتہ کرنے لگی
"اب آپ کو کیا ہو گیا ہے جو ایسے دیکھ رہی ہیں مجھے"
اپنے اوپر نازنین کی نظریں محسوس کرکے افراہیم نازنین سے پوچھنے لگا
"ایک ہفتہ ہے تمہارے پاس،، اس ایک ہفتے میں تم مجھ سے اس لڑکی سے ملواؤ گے جس سے تم شادی کرنا چاہتے ہو۔۔۔ نہیں تو ایک ہفتے بعد میں خود اپنی پسند کی لڑکی سے تمہاری شادی کروا دوں گی"
نازنین کی بات سن کر افراہیم سمیت بیلا بھی نازنین کو دیکھنے لگی